کھیل

بھارت تیسری مرتبہ ICC چیمپئنز ٹرافی کا فاتح بن گیا

چیمپئنز ٹرافی کا فائنل دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا گیا

Web Desk

بھارت تیسری مرتبہ ICC چیمپئنز ٹرافی کا فاتح بن گیا

چیمپئنز ٹرافی کا فائنل دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا گیا

(فوٹو: کرک انفو)
(فوٹو: کرک انفو)

آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے فائنل میں بھارت نے نیوزی لینڈ کو 4 وکٹوں کے شکست دے کر تیسری بار ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔

چیمپئنز ٹرافی کا فائنل میچ آج بھارت اور نیوزی لینڈ کی ٹیموں کے درمیان دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا گیا۔

نیوزی لینڈ کے کپتان مچل سینٹنر نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا، پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے نیوزی لینڈ  نے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 251 رنز اسکور کیے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے 252 رنز کا ہدف 6  وکٹوں کے نقصان پر 49ویں اوور میں حاصل کرکے بھارت تیسری مرتبہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا فاتح بن گیا۔

نیوزی لینڈ کی بیٹنگ

پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے کیوی اوپنرز نے ٹیم کو 57 رنز کا آغاز فراہم کیا جس کے بعد اوپنر ول ینگ 23 گیندوں پر 15 رنز بنانے کے بعد ورون چکرورتی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔

69 کے مجموعی اسکور پر رچن روندرا 29 گیندوں پر 37 رنز بنانے کے بعد کلدیپ یادو کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے۔

75 کے مجموعی اسکور پر کین ولیمسن صرف 11 رنز بنانے کے بعد کلدیپ یادو کو انہی کی گیند پر کیچ تھما بیٹھے۔

نیوزی لینڈ کی چوتھی وکٹ بھارتی اسپنر روندرا جدیجہ کے حصے میں آئی جنہوں نے 108 کے مجموعی اسکور پر ٹام لیتھم کو ایل بی ڈبلیو کردیا انہوں نے 30 گیندوں پر 14 رنز بنائے۔

بھارت کے خلاف نیوزی لینڈ کی پانچویں وکٹ 165 رنز پر گری جب گلین فلپس 34 رنزپر ورون چکراورتھی کی گیند پر آؤٹ ہوئے ۔

نیوزی لینڈ کی چھٹی وکٹ 211 رنز پر گری جب ڈیرل مچل 63 رنز کی اننگ کھیل کر محمد شامی کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔

بھارت کے خلاف نیوزی لینڈ کی ساتویں وکٹ 239 رنز پر گری جب کپتان مچل سینٹنر 8 رنزبناکر رن آؤٹ ہوئے۔

بھارت کی بیٹنگ

یوزی لینڈ کے 251 رنز کے تعاقب میں بھارت کے کپتان روہت شرما نے اپنے روایتی انداز میں بیٹنگ کی اور تیز کھیلتےہوئے نصف سنچری مکمل کی۔

بھارت کی پہلی وکٹ اُس وقت گری جب شبمن گل کا ایک خطرناک کیچ گلین فلپس نے لیا، جنہوں نے 50 گیندوں پر 31 رنز بنائے تھے۔

انکے بعد ویرات کوہلی میدان میں آئے جو اہم ترین میچ میں نیوزی لینڈ کے خلاف مکمل طور پر ناکام ہوئے اور محض 2 گیندوں پر ایک رن بنا کر بریسویل کو وکٹ دے بیٹھے۔

روہت شرما 122 کے اسکور پر آؤٹ ہوئے اور یوں بھارت کی تیسری وکٹ گرگئی، روہت شرما نے 7 چوکے اور 3 چھکوں کی مدد سے 76 رنز بنائے اور رویندرا کی گیند پر وکٹ کیپر ٹام لیتھام نے انہیں اسٹمپ کر دیا۔

شریاس آئر نے تجربہ کار بلے بازوں کے آؤٹ ہونے کے بعد ذمہ داری بیٹنگ کی، تاہم وہ 2 رنز کے فرق سے اپنی نصف سنچری مکمل نہ کرپائے اور 183 کے مجموعی اسکور پر رویندرا کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔

انکے بعد آکشر پٹیل 29 رنز بنا کر بریسویل کی گیند پر آؤٹ ہوگئے، جس کے بعد ہاردک پانڈیا بیٹنگ کے لیے آئے۔

کے ایل راہول کے ساتھ اچھی شراکت قائم کرتے ہوئے ہاردک پانڈیا ٹیم کو جیت کے قریب لاکر آؤٹ ہوگئے، ان کی اننگز 18 رنز تک محدود رہی۔

 روندرا جدیجا اور کے ایل راہول نے ملکر بھارتی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا اور یوں 49ویں اوور میں 252 رنز کا ہدف حاصل کرکے بھارت تیسری مرتبہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا فاتح بن گیا۔

نیوزی لینڈ کی ٹیم

مچل سینٹنر (کپتان)، ول ینگ، رچن روندرا، کین ولیمسن، ڈیرل مچل، ٹام لیتھم، گلین فلپس، مائیکل بریس ویل، کیلے جیمیسن، نیتھن اسمتھ، ول اورورکے

بھارت کی ٹیم

روہت شرما (کپتان)، شبمن گل، ویرات کوہلی، شیریاس ائیر، اکسر پٹیل، کے ایل راہو، ہاردک پانڈیا، روندرا جدیجا، کلدیپ یادو، محمد شامی، ورون چکرورتی

چیمپئنز ٹرافی

خیال رہے کہ پاکستان کی میزبانی میں چیمپئنز ٹرافی کا فائنل میچ دبئی میں کھیلا گیا ہے کیونکہ بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے ٹیم کو میزبان ملک پاکستان بھیجنے سے انکار کر دیا تھا۔

چنانچہ آئی سی سی ایونٹ کے دوران بھارت کے تمام میچز دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ہیں۔

بھارتی ٹیم چیمپئنز ٹرافی 2025 کے ٹورنامنٹ میں واحد ٹیم ہے جو اب تک ناقابل شکست رہی ہے۔

بنگلہ دیش، میزبان پاکستان اور کیویز کے خلاف اپنے گروپ گیمز جیتنے کے بعد، بھارت نے سیمی فائنل میں عالمی چیمپئن آسٹریلیا کو شکست دی تھی، جبکہ نیوزی لینڈ نے جنوبی افریقہ کو شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی۔

بھارت نے آخری بار 2013 میں انگلینڈ میں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی جیتی تھی تاہم 2017 کے فائنل میں بھارتی ٹیم پاکستان سے ہار گئی تھی، اس لیے یہ مسلسل تیسرا موقع ہوگا جب بھارت ٹورنامنٹ کے فائنل میں پہنچا ہے۔