کھیل

چیمپئنز ٹرافی فائنل، شعیب اختر کی حیرانی کی وجہ کیا؟

پاکستان اس ٹورنامنٹ کا میزبان تھا

Web Desk

چیمپئنز ٹرافی فائنل، شعیب اختر کی حیرانی کی وجہ کیا؟

پاکستان اس ٹورنامنٹ کا میزبان تھا

اسکرین گریب
اسکرین گریب

سابق پاکستانی کرکٹر شعیب اختر نے چیمپئنز ٹرافی 2025 کے فائنل میں بھارت کی نیوزی لینڈ کے خلاف چار وکٹوں سے جیت کے بعد ٹرافی پریزنٹیشن تقریب میں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے کسی نمائندے کی غیر موجودگی پر حیرانی کا اظہار کردیا۔

دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں ہونے والے فائنل کے دوران، بھارتی ٹیم نے تیسری بار چیمپئنز ٹرافی جیتنے کا اعزاز حاصل کیا۔

تقریب میں آئی سی سی چیئرمین جے شاہ، بی سی سی آئی صدر راجر بنی اور سیکریٹری دیو جیت سائقیا موجود تھے، لیکن پاکستان جو اس ٹورنامنٹ کا میزبان تھا کا کوئی بھی نمائندہ اس موقع پر نظر نہیں آیا۔

اپنے دوٹوک بیانات کے لیے مشہور شعیب اختر نے اس صورتحال پر سخت حیرت کا اظہار کیا۔ انہوں نے اپنی سوشل میڈیا ویڈیو میں کہا کہ بھارت نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی جیت لی ہے، لیکن ایک عجیب بات ہوئی کہ ٹرافی پریزنٹیشن تقریب میں پاکستان کرکٹ بورڈ کا کوئی نمائندہ موجود نہیں تھا۔‘

انہوں نے کہا کہ ’پاکستان اس ٹورنامنٹ کا میزبان تھا، لیکن وہاں کوئی بھی پاکستانی آفیشل نہیں تھا جو ٹرافی پیش کرتا۔ یہ میرے لیے ناقابلِ فہم ہے۔ یہ ایک عالمی اسٹیج تھا، آپ کو وہاں ہونا چاہیے تھا، لیکن افسوس کہ میں نے کسی پی سی بی آفیشل کو نہیں دیکھا۔ یہ دیکھ کر بہت افسوس ہوا۔‘

یاد رہے کہ پاکستان اس ٹورنامنٹ کا میزبان تھا، لیکن بھارت نے سیاسی کشیدگی کے باعث وہاں کھیلنے سے انکار کر دیا۔

 اس کے نتیجے میں، آئی سی سی نے ’ہائبرڈ ماڈل‘ اختیار کیا، جس کے تحت بھارت نے اپنے تمام میچز دبئی میں کھیلے، جن میں فائنل بھی شامل تھا۔

چیمپئنز ٹرافی کے فائنل کا مقام بھارت کی سیمی فائنل میں کامیابی سے مشروط تھا اور جیسے ہی وہ فائنل میں پہنچا، لاہور میں فائنل کے انعقاد کا امکان ختم ہو گیا۔

پاکستانی ٹیم، جو اس ٹورنامنٹ میں دفاعی چیمپئن کے طور پر شامل ہوئی تھی، گروپ اسٹیج میں ہی باہر ہو گئی۔

پاکستان کسی بھی میچ میں کامیابی حاصل نہ کر سکا، بھارت اور نیوزی لینڈ سے شکست کھا گیا، جبکہ بنگلہ دیش کے خلاف میچ بارش کی نذر ہو گیا۔

فائنل میں بھارتی ٹیم نے تاریخ رقم کی، بھارتی ٹیم کی اس تاریخی جیت میں کپتان روہت شرما کی شاندار نصف سنچری، ورون چکرورتی اور کلدیپ یادیو کی شاندار باؤلنگ، اور کے ایل راہول کی پُرسکون فِنشنگ اننگز نے اہم کردار ادا کیا۔

تقریب کے دوران بی سی سی آئی کے صدر راجر بنی نے بھارتی کھلاڑیوں کو سفید جیکٹس اور میچ آفیشلز کو میڈلز دیے، جبکہ آئی سی سی چیئرمین جے شاہ نے روہت شرما کو ٹرافی پیش کی اور بھارتی کھلاڑیوں کو میڈلز دیے۔