پاکستان کے امیر ترین ہندو سیلیبرٹی کی دولت کتنی؟
معروف فیشن ڈیزائنر ملکی اور بین الاقوامی سطح پراپنی پہچان رکھتے ہیں

پاکستان میں ہندو کمیونٹی اقلیت میں ہے جو ملک میں پُرامن اور خوشحال زندگی گزار رہے ہیں، ملک کی ترقی میں ان کا نمایاں کردار ہے اور وہ بھی لوث ہو کر ملک کی خدمت سرانجام دیتے ہیں۔
پاکستان بیورو آف اسٹیٹکس کے مطابق ہندو پاکستان کی سب سے بڑی مذہبی اقلیت ہیں، جن کی آبادی 52 لاکھ ہے، جو پاکستان کی مجموعی آبادی کا 2.17فیصد بنتی ہے، ہندو برادری کی زیادہ تر آبادی صوبہ سندھ میں مقیم ہے، جہاں ان کی تعداد تقریباً 49 لاکھ ہے۔
یہ اعداد و شمار نہ صرف پاکستان میں ہندوؤں کی طویل عرصے سے موجودگی کو نمایاں کرتے ہیں بلکہ ان کے سماجی و ثقافتی مقام کو بھی اجاگر کرتے ہیں۔
ایک ایسے ملک میں جہاں اسلام اکثریتی مذہب ہے، ہندو برادری کے افراد مختلف شعبوں خصوصاً آرٹس، ثقافت، اور تجارت میں اپنا مقام بنا رہے ہیں۔
ان ہی میں دیپک پروانی ہیں جو پاکستان کی فیشن انڈسٹری کا بڑا نام سمجھے جاتے ہیں، پاکستان کی ہندو برادری سے تعلق رکھنے والے سب سے زیادہ نمایاں شخصیات میں دیپک پروانی کا نام سرفہرست ہے۔
ذاتی اور فنی زندگی
1974 میں سندھ کے شہر میرپور خاص میں ایک سندھی ہندو خاندان میں پیدا ہونے والے دیپک پروانی نے فیشن ڈیزائننگ اور اداکاری میں نمایاں کامیابی حاصل کی۔
ان کا فیشن کیریئر 1996 میں اس وقت شروع ہوا جب انہوں نے اپنا برائیڈل اور فارمل ویئر کا برانڈ ’DP‘متعارف کرایا۔
اس کے بعد سے انہوں نے مقامی اور بین الاقوامی سطح پر بے شمار اعزازات حاصل کیے، 2014 میں، بلغاریہ فیشن ایوارڈز میں انہیں دنیا کے چھٹے بہترین فیشن ڈیزائنر کے طور پر تسلیم کیا گیا۔
دیپک پروانی کے اعزازات اور عالمی پہچان
دیپک پروانی نے 7 لکس اسٹائل ایوارڈز، 5 بی ایف اے ایوارڈز، اور انڈس اسٹائل گورو ایوارڈ سمیت کئی نامور ایوارڈز حاصل کیے ہیں، وہ اس وقت بھی خبروں میں آئے جب انہوں نے دنیا کا سب سے بڑا کُرتا بنانے کا گنیز ورلڈ ریکارڈ قائم کیا۔
ان کی مہارت اور جدت طرازی نے انہیں عالمی سطح پر مقبول کیا ہے،انہوں نے بھارتی شاعر جاوید اختر اور ان کی اہلیہ، معروف اداکارہ شبانہ اعظمی جیسے بین الاقوامی شخصیات کے ساتھ بھی کام کیا۔
مزید برآں، انہیں پاکستان کا ثقافتی سفیر بننے کا اعزاز بھی حاصل ہے اور وہ چین اور ملائیشیا جیسے ممالک میں پاکستان کی ثقافت کو فروغ دینے کے لیے کام کر چکے ہیں۔
دیپک پروانی کی مالی حیثیت:
دیپک پروانی پاکستان کی ہندو برادری میں امیر ترین افراد میں شمار ہوتے ہیں، 2022 کی ایک میڈیا رپورٹ کے مطابق ان کی مجموعی دولت تقریباً 71 کروڑ روپے بتائی گئی تھی۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ ان کے کزن نوین پروانی، جو ایک عالمی شہرت یافتہ اسنوکر کھلاڑی ہیں، وہ بھی پاکستان کے امیر ترین ہندوؤں میں شامل ہیں، جن کی دولت تقریباً 60 کروڑ روپے بتائی جاتی ہے۔
پاکستان میں اقلیتی برادریوں کی معاشی اور ثقافتی ترقی
سرکاری رپورٹس کے مطابق پاکستان میں اقلیتی برادریوں، خصوصاً ہندوؤں کو معیشت کا حصہ بنانے کے لیے مختلف اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
اس کا مقصد تعلیم اور کاروباری مواقع میں بہتری لانا ہے، خاص طور پر سندھ میں، جہاں ہندو برادری کی اکثریت آباد ہے۔
پاکستان کے دیگر نامور ہندوؤں میں سیاستدان رمیش کمار ، کاروباری شخصیت آنند کمار، سائنسدان راجیش کمار، پاکستان کی پہلی ہندو خاتون سینیٹر کرشنا کمار کوہلی ، سیاستدان لعل چند ملہی اور دیگر شامل ہیں۔
دیپک پروانی پاکستان میں اپنے مذہبی تہواروں جیسے دیوالی کی تقریبات کا بھی اہتمام کرتے ہیں جس میں شوبز سے تعلق رکھنے والے ستاروں کی بڑی تعداد شریک ہوتی ہے ۔
گزشتہ سال بھی دیپک پروانی نے اپنے گھر پر دیوالی کی تقریب منعقد کی تھی جس میں معروف اداکارہ سونیا حسین، محب مرزا، شہریار منور صدیقی، ثروت گیلانی اور ان کے شوہر فہد مرزا بھی شریک ہوئے تھے۔
بھارت کا پاکستان سے تقابل:
ایک انٹرویو میں دیپک پروانی یہ کہہ چکے ہیں کہ بھارت میں معیار زندگی پاکستان سے زیادہ بلند ہے، ان کا کہنا تھا کہ وہاں خواتین کو زیادہ آزادی حاصل ہے، وہ وہاں بلا خوف سڑکوں پر چلتی ہیں، سائیکلیں چلاتی ہیں، موٹر سائیکلیں چلاتی ہیں۔
اداکار نے بھارت کے جدید طرز زندگی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وہاں پانی پوری والے کے پاس بھی ٹیبلیٹ(ٹیب) ہے، آٹو رکشا چلانے والے جدید ٹیکنالوجی استعمال کر رہے ہیں۔
انفرااسٹرکچر کا تقابلی جائزہ کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وہاں رنگ دیکھ کر مزہ آیا، وہاں کنکریٹ کے جنگلات نہیں ، فٹ پاتھس ہیں، پارکس بنے ہوئے ہیں، جہاں لوگ آزادی کے ساتھ گھوم پھر سکتے ہیں۔
لاہور اور کراچی کے طرز رہائش پر اظہار رائے کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ’شکر ہے لاہور کا ماحول، طرز زندگی بھارت سے ملتا جلتا ہے، یہاں بھی کھلی فضا ہے۔ کراچی کی طرح نہیں کہ جہاں پارک میں جانے کے لیے بھی ’لیڈیز‘ کا ساتھ ہونا ضروری ہے۔
اس انٹرویو پر ان کے مداحوں نے ان کی صاف گوئی کی تعریف کی تھی، مداحوں کا کہنا تھا کہ پاکستان میں مسائل کی نشاندہی کرنے سے کسی کی حب الوطنی پر کوئی فرق نہیں پڑسکتا۔
-
فوڈ 4 منٹ پہلے
آج کھانے میں تندوری چکن بنائیں
-
انفوٹینمنٹ 14 منٹ پہلے
ناکام ڈیبیو، اکشے اور شاہد کے ساتھ کام کرنے والی یہ ہیروئن کون؟
-
انفوٹینمنٹ 36 منٹ پہلے
نادیہ جمیل کا اپنی آف اسکرین بیٹی کیلئے پیار بھرا پیغام
-
پاکستان 1 گھنٹے پہلے
پی ایس ایل ترانہ تنازع، علی ترین کو ’مردوں کا ملالہ‘ کا خطاب مل گیا