چیمپئنز ٹرافی کی 'ٹیم آف دی ٹورنامنٹ' سے بھی میزبان پاکستان آؤٹ
کُل 8 ٹیموں میں سے صرف 3 ٹیموں کے کھلاڑی 'ٹیم آف دی ٹورنامنٹ' میں جگہ بنا سکے
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے چیمپیئنز ٹرافی کے فائنل میں بھارت کی فتح کے بعد چیمپیئنز ٹرافی کی 'ٹیم آف دی ٹورنامنٹ' کا اعلان کردیا۔
چیمپیئنز ٹرافی کھیلنے والی 8 ٹیموں میں سے صرف 3 ٹیموں کے کھلاڑی 'ٹیم آف دی ٹورنامنٹ' میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوئے ہیں جبکہ میزبان پاکستان کا بھی کوئی کھلاڑی 'ٹیم آف دی ٹورنامنٹ' میں شامل نہیں۔
آئی سی سی کی جانب سے 12 رکنی ٹیم آف دی ٹورنامنٹ کا اعلان کیا گیا ہے، جس میں بھارت کے 6، نیوزی لینڈ کے 4 اور افغانستان کے 2 کھلاڑی شامل ہیں۔
ٹورنامنٹ میں سیمی فائنل کھیلنے والی 2 ٹیموں، آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کا کوئی بھی کھلاڑی ٹیم میں جگہ نہ بنا سکا، جبکہ میزبان ملک پاکستان کی کرکٹ ٹیم کا بھی کوئی کھلاڑی ٹیم آف دی ٹورنامنٹ میں شامل نہیں ہوسکا۔
آئی سی سی کی جانب سے اعلان کردہ ٹیم آف دی ٹورنامنٹ میں بھارت کے ویرات کوہلی، شر یاس آئر، کے ایل راہول، محمد شامی اور ورون چکرورتی شامل ہیں۔
اس کے علاوہ نیوزی لینڈ کے رچن روندرا، گلین فلپس، مچل سینٹنر اور میٹ ہینری آئی سی سی ٹیم آف دی ٹورنامنٹ میں شامل ہیں۔
آئی سی سی کے مطابق افغانستان کے ابراہیم زدران اور عظمت اللہ عمرزئی کو ٹیم آف دی ٹورنامنٹ کا حصہ بنایا گیا ہے، جبکہ بھارت کے اکشر پٹیل کو ٹیم کا 12واں کھلاڑی منتخب کیا گیا۔
چیمپئنز ٹرافی
واضح رہے کہ پاکستان کی میزبانی میں منعقدہ آئی سی سی چیمپئز ٹرافی 2025ء سے سب سے پہلے پاکستانی کرکٹ ٹیم ہی باہر ہوئی۔
ایونٹ کے میزبان ملک پاکستان کو ٹورنامنٹ کے ابتدائی 2 میچز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا جبکہ گروپ کا آخری میچ بارش کی نذر ہوگیا تھا۔
پہلے میچ میں نیوزی لینڈ سے قومی ٹیم کی شکست کے بعد آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے پانچویں میچ میں بھارت نے پاکستان کو 6 وکٹوں سے ہرا کر ایونٹ سے تقریباً باہر کردیا تھا، جسکے بعد نیوزی لینڈ کے ہاتھوں بنگلادیش کی شکست کے ساتھ ہی پاکستان کی سیمی فائنل میں جانےکی رہی سہی امیدیں بھی دم توڑ گئی تھیں اور پھر بنگلا دیش کے ساتھ قومی ٹیم کا آخری میچ بارش کی نذر ہوگیا تھا۔
گزشتہ روز 9 مارچ بروز اتوار کو دبئی میں ہونے والے فائنل میں بھارت کا مقابلہ نیوزی لینڈ سے ہوا جس میں بھارت نے نیوزی لینڈ کو 4 وکٹوں کے شکست دے کر تیسری بار ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔



