ہر عورت کو راکی جیسا ساتھی ملنا چاہیے، حنا خان
اداکارہ کا اپنے بوائے فرینڈ کے نام پیغام
بھارتی ٹیلی ویژن کی اداکارہ حنا خان اپنے بوائے فرینڈ راکی جیسوال کی تعریف کرتے ہوئے آبدیدہ ہوگئیں۔
ان دنوں اداکارہ حنا خان اسٹیج تھری بریسٹ کینسر میں مبتلا زندگی اور موت کی جنگ لڑ رہی ہیں لیکن ہمت اور حوصلے کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑ رہیں۔
یہاں تک کہ کینسر کی تشخیص ہونے کے بعد سے اب تک وہ علاج اور پیشہ ورانہ زندگی کی ہر ایک اپڈیٹ اپنے فیز کیساتھ بھی شیئر کرنے سے گریز نہیں کررہیں۔
ایک انٹرویو میں اداکارہ نے بتایا تھا کہ،’میری کیموتھراپیز مکمل ہو چکی ہیں میری سرجری بھی ہو چکی ہے، اور اب میں دوسرے علاج پر ہوں۔ میں امیونو تھراپیز لے رہی ہوں، اور سب کچھ اچھا چل رہا ہے۔’
راکی کیلئے حنا خان کے جذبات:
حال ہی میں اداکارہ نے اپنے بوائے فرینڈ راکی جیسوال کا دل سے شکریہ ادا کیا ہے، جو ان کے کینسر کے علاج کے دوران ایک مضبوط سہارا بنے ہوئے ہیں اور ساتھ ہی یہ اعتراف بھی کیا کہ جب بھی وہ ان کے بارے میں بات کرتی ہیں تو اکثر جذباتی ہو جاتی ہیں۔
کرلی ٹیلز پر خصوصی انٹرویو کے دوران اداکارہ حنا خان نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ،’اگر اس سفر میں آپ کے ساتھ ایک سمجھدار اور بالغ سوچ رکھنے والا ساتھی ہو، تو اس سے بہتر کچھ نہیں ہو سکتا۔’
اداکارہ کے مطابق،’ یہ سفر مزید خوبصورت ہو جاتا ہے اور جب میں راکی کا نام لیتی ہوں، تو میرے پاس الفاظ نہیں ہوتے کہ میں بیان کر سکوں کہ اس آدمی نے میرے لیے کیا کچھ کیا ہے، وہ میرے ساتھ کیسے کھڑا رہا، اور اس نے میرا ہاتھ کیسے تھاما۔’
راکی کی بے لوث محبت اور قربانیوں کو یاد کرتے ہوئے حنا خان نے بتایا کہ،’راکی ایسا شخص ہے کہ جب بھی اس کے بارے میں بات کرتی ہوں تو جذباتی ہو جاتی ہوں، میرا گلا بھر آتا ہے اور دل سے الفاظ نکلتے ہیں کہ ہر عورت کو راکی جیسا ساتھی ملنا چاہیے۔’
اداکارہ نے راکی سے دیرینہ تعلق پر بات کرتے ہوئے مزید بتایا کہ وہ راکی کو 12 سال سے جانتی ہیں اور ان کی پہلی ڈرامہ سیریل کے سیٹ پر ان کی ملاقات ہوئی تھی ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی انکشاف کیا کہ ایک دن جب وہ گلے ملے، تو انہیں محسوس ہوا کہ وہ ایک دوسرے کے لیے ہی بنے ہیں۔
پہلی ملاقات کے بعد زندگی بھر ساتھ نبھانے کا وعدہ کرنے والے راکی کی تعریف کرتے ہوئے اداکارہ کا مزید یہ بھی کہنا تھا کہ،’ہم دونوں کھانے اور سفر کے شوقین ہیں، اور ہمارے درمیان بے پناہ محبت ہے حالانکہ یہ سب کچھ راکی کے لیے بہت زیادہ مشکل تھا مگر میں ہمیشہ اسے کہتی ہوں کہ 'میں تم سے ویسے محبت نہیں کر سکتی جیسے تم مجھ سے کرتے ہو۔' لیکن وہ کبھی بھی اس بات کو اپنی بڑائی نہیں سمجھتے، بلکہ انہیں اس کا احساس بھی نہیں ہوتا۔’
کون راکی؟
بات کریں حنا خان کے بوائے فرینڈ اور سکھ اور دکھ کے ساتھی راکی جیسوال کی تو حنا خان نے ڈراما ’یہ رشتہ کیا کہلاتا ہے‘ کے کردار ’اکشرا‘ سے شہرت پائی اور سال 2009 سے 2016 تک اس ڈرامے میں مرکزی کردار نبھاتی رہیں۔
سال 2017 میں اسٹنٹ شو ’فیئر فیکٹر‘ اور 2018 میں ریئیلیٹی شو ’بگ باس‘ میں بطور کھلاڑی شرکت کی اور 2018 میں ڈراما ’کسوٹی زندگی کی‘ کے سیزن 2 میں منفی کردار نبھاتی دکھیں۔
کامیاب شوبز کریئر کے ساتھ حنا خان کی لو لائف بھی کامیاب رہی۔ وہ سال 2014 سے اپنے ڈرامے ’یہ رشتہ کیا کہلاتا ہے‘ کے سپر وائزنگ پروڈیوسر راکی جیسوال کو ڈیٹ کر رہی ہیں۔
تقریباً دس سال سے دونوں ایک دوسرے کے سکھ دکھ کے ساتھی ہیں اور گزشتہ سال حنا خان میں چھاتی کے کینسر کی تشخیص کے بعد بھی راکی نے حنا خان کا ہاتھ مضبوطی سے تھام رکھا ہے۔




