انفوٹینمنٹ

وکی کوشل کی 'چھاوا' نے سنی دیول کی 'غدر 2' کو پچھاڑ دیا

چھاوا کی یہ کامیابی بھارتی سنیما کی تاریخ میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہوئی ہے

Web Desk

وکی کوشل کی 'چھاوا' نے سنی دیول کی 'غدر 2' کو پچھاڑ دیا

چھاوا کی یہ کامیابی بھارتی سنیما کی تاریخ میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہوئی ہے

اسکرین گریب
اسکرین گریب

وکی کوشل اور رشمیکا مندانا کی فلم ‘چھاوا‘ نے باکس آفس پر غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 25 دنوں میں 526.05 کروڑ روپے کی خطیر رقم جمع کر لی۔

اس شاندار کامیابی کے ساتھ ‘چھاوا‘ نے سنی دیول کی 2023 کی فلم ‘غدر 2‘ کو پیچھے چھوڑتے ہوئے بھارت کی تاریخ میں دسویں سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلم کا اعزاز حاصل کر لیا ہے۔

‘چھاوا‘ 14 فروری 2025 کو ریلیز ہوئی، یہ فلم چھترپتی سمبھاجی مہاراج کی زندگی پر مبنی ایک تاریخی ڈرامہ ہے، جس میں وکی کوشل نے مرکزی کردار ادا کیا ہے۔ 

فلم میں رشمیکا مندانا، ڈیانا پینٹی، اور آشوتوش رانا نے بھی اہم کردار نبھائے ہیں۔

اس تاریخی کامیابی پر وکی کوشل نے انسٹاگرام پر مداحوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ‘آپ سب نے 'چھاوا' کو جو بے پناہ محبت دی ہے، وہ صرف نمبرز سے کہیں زیادہ معنی رکھتی ہے۔ آپ نے چھترپتی سمبھاجی مہاراج کی میراث کو نہ صرف سنبھالا بلکہ ان کی عظمت کا بھرپور جشن منایا ہے، اس کے لیے ہم تہہ دل سے شکر گزار ہیں۔‘

فلم ‘چھاوا‘ کی یہ کامیابی بھارتی سنیما کی تاریخ میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہوئی ہے اور مستقبل میں مزید معیاری تاریخی فلموں کے لیے راستہ ہموار کر سکتی ہے۔

وکی کوشل کی فلم ’چھاوا‘ ریلیز سے قبل تنازعات کا شکار کیوں بنی؟

بالی وڈ میں ان دنوں تاریخی واقعات پر بننے والی فلمیں کمیونٹی گروپس کی جانب سے تنقید کا شکار ہیں جن میں اداکارہ کنگنا رناوت کی فلم ’ایمرجنسی‘ اور گلوبل سپر اسٹاردلجیت دوسانجھ اسٹارر فلم ’پنجاب 95‘ کے بعد وکی کوشل کی فلم ’چھاوا‘ بھی متنازع فلموں کی لسٹ میں شامل ہوئی۔

بالی وڈ فلم انڈسٹری کے خوبرو اداکار وکی کوشل اور ساؤتھ انڈین فلم انڈسٹری کی سپر اسٹار اداکارہ رشمیکا مندانا کی موسٹ اوویٹڈ فلم ‘چھاوا ‘ کا ٹریلر سوشل میڈیا پر جاری ہوتے ہی وکی کے شاندار اوتار کی بدولت فلمی شائقین کی توجہ حاصل کرنے میں کامیاب ہوا۔

تاہم بد قسمتی سے یہ فلم بھی انتہا پسند بھارتیوں کی شدت پسندی کی بدولت متنازع ہوئی۔

جب ’چھاوا‘ کیخلاف بھارت میں مظاہرے ہوئے

مراٹھوں کی تاریخ پر بنی فلم ’چھاوا‘ کے ٹریلر کی نقاب کشائی کے بعد وکی کوشل، رشمیکا مندنا اسٹارر فلم چھاوا کو بھارتی راجیہ سبھا کے سابق ایم پی سمبھاجی راجے چھترپتی نے تنقید کا نشانہ بنایا۔

بھارتی میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں سابق ایم پی نے مراٹھا جنگجو چھترپتی سبھاجی مہاراج کی زندگی کی کہانی کو عوام کی نذر کرنے سے پہلے تاریخ کو مسخ کرنے کا الزام لگاتے ہوئے فلم میں درستگی کا مطالبہ کیا۔ 

صرف یہی نہیں سمبھاجی راجے کا مزید کہنا تھا کہ ‘چھاوا میں فلم میکرز نے مراٹھوں کی تاریخ دکھانے کا فیصلہ تو کیا لیکن افسوس کی بات یہ ہے کہ مراٹھوں کے ثقافتی ڈانس کے بارے میں ریسرچ نہیں کی کیونکہ فلم میں موجود لیزم ڈانس مراٹھا کلچر کے عین مخالف ہے جس کی پوری کمیونٹی مذمت کرتی ہے‘۔

دریں اثنا، مہاراشٹر کے وزیر ادے سمنت نے بھی فلم کی نمائش روکنےکی درخواست شیئر کی ہے تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ فلم میں کوئی قابل اعتراض مواد نہیں ہے‘۔

فلم ’چھاوا‘ کے ٹریلر میں دکھائے گئے کچھ مناظر کے بارے میں مراٹھا کمیونٹی کی جانب سے ناراضگی اور ناپسندیدگی کا اظہار کرنے کی بات کرتے ہوئے ادے سمنت نے سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر ایک نوٹ شیئر کیا۔

ایکس پر پوسٹ کرتے ہوئے ادت کا کہنا تھا کہ یہ خوشی کی بات ہے کہ مذہب اور آزادی کے محافظ، چھترپتی سمبھاجی مہاراج کی زندگی پر مبنی ایک ہندی فلم بنائی گئی جس سے دنیا کو مراٹھا جنگجو کی تاریخ سمجھنےمیں مدد ملے گی۔

ادت کا کہنا تھا کہ ‘ فلم کے ٹریلر لانچ کے بعد کمیونٹی نے اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ فلم میں کچھ قابل اعتراض مناظر ہیں جس پر ہمارا مؤقف یہ ہے کہ اس فلم کو پہلے تاریخ دانوں اور باشعور لوگوں کو دکھایا جائے اور پھر ریلیز کیا جائے کیونکہ مراٹھا مہاراج کی عزت کو ٹھیس پہنچانے والی کوئی بھی چیز برداشت نہیں کی جائے گی‘۔

واضح رہے کہ بھارتی میڈیا پر جاری رپورٹس کے مطابق وکی اور رشمیکا مندانا کی فلم 'چھاوا' میں دکھائے جانے والے 'لیزم ڈانس اور چند مناظر ‘ پر بھارت کے مختلف شہروں میں احتجاج بھی کیاگیا جس میں مراٹھی عوام کی جانب سے فلم میں انکی ثقافت کی نامناسب نمائندگی پر غم و غصہ کا اظہار کیا گیا۔

فلم ’چھاوا‘ کے بارے میں

بات کی جائے فلم 'چھاوا' کے ٹریلر کی تو فلم میں چھترپتی سبھاجی مہاراج کی زندگی کے سفر کی ایک جھلک دیکھنے کو ملتی ہے جب انہوں نے چھترپتی شیواجی مہاراج کے انتقال کے بعد شاہی تخت سنبھالا تھا۔

فلم کے ٹریلر کو دیکھا جائے تو چھترپتی سبھاجی مہاراج کے کردار میں وکی کوشل شیر کی طرح نظر آرہے ہیں جسے دیکھ کر ایسا لگتا ہے کہ فلم وکی کوشل کے کیریئر کی بہترین فلم ثابت ہوگی۔

فلم میں رشمیکا مندانا وکی کوشل کی اہلیہ جبکہ اداکار اکشے کھنہ فلم کے ولن مغل شہنشاہ اورنگزیب کے کردار میں نظر آرہے ہیں ۔

ٹریلر کے بیک گراؤنڈ میں دل موہ لینے والی میوزک کمپوزیشنز کو بھی سنا جاسکتا ہے جنہیں مایہ ناز میوزیک ڈائریکٹر اے آر رحمان نے ترتیب دیا ہے۔

واضح رہے کہ اداکارہ ڈیانا پینٹی رشمیکا مندانا، اکشے کھنہ اور وکی کوشل کی فلم 'چھاوا' رواں سال 14 فروری 2025 کو سینما گھروں میں ریلیز ہوچکی ہے۔