امیتابھ بچن کے بعد ’کون بنیگا کروڑپتی‘ کا اگلا ہوسٹ کون؟
’کوب بنیگا کروڑپتی'، امیتابھ کی کُرسی پر اب کون بیٹھے گا؟

بھارتی لِونگ لیجنڈ امیتابھ بچن کے مشہورِ زمانہ شو ’کون بنیگا کروڑپتی‘ کی میزبانی کے حوالے سے چند سپر اسٹارز کے نام گردش کرنے لگے۔
امیتابھ بچن گزشتہ دو دہائیوں سے 'کون بنیگا کروڑپتی' کی میزبانی کے فرائض سرانجام دیتے آئے ہیں اور اپنے منفرد انداز سے اس شو کو لوگوں کا سب سے پسندیدہ شو بنا دیا جو ناصرف بھارت بلکہ دنیا بھر میں شوق سے دیکھا جاتا رہا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق 82 سالہ بالی وڈ کے ’شہنشاہ‘ امیتابھ بچن نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ اپنے مشہور ٹی وی شو ’کون بنے گا کروڑ پتی‘ (KBC) کی میزبانی سے دستبردار ہو جائیں گے۔
اگرچہ انہوں نے سیزن 15 کے بعد ریٹائرمنٹ کا ارادہ کیا تھا لیکن انہوں نے ایک اور سیزن کے لیے رضامندی دی۔
اب ان کی جگہ نیا ہوسٹ لانے پر غور کیا جا رہا ہے اور اس کیلئے شاہ رخ خان، ایشوریا رائے بچن اور مہندر سنگھ دھونی کو ممکنہ امیدوار کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
امیتابھ بچن جنہیں ’بگ بی‘ کے نام سے جانا جاتا ہے بھارتی سنیما کے سب سے زیادہ پسند کیے جانے والے اداکاروں میں سے ایک ہیں۔
ان کی شاندار و یادگار فلموں میں 'شعلے'، 'دیوار'، 'زنجیر'، 'پا' اور 'پیکو' شامل ہیں جن میں کام کرکے انہوں نے عوام کے دل جیتے۔
جہاں وہ بڑی اسکرین پر چمکے وہیں ٹی وی پر بھی 'کون بنیگا کروڑ پتی' جیسے مشہور شو کی میزبانی کر کے انہوں نے ایک الگ ہی شناخت بنائی۔
امیتابھ بچن نے 2000 میں 57 سال کی عمر میں 'کون بنے گا کروڑ پتی' کی میزبانی شروع کی تھی اور اس شو کو دو دہائیوں تک اپنے دلکش انداز اور گہری آواز کے ساتھ کامیاب بنایا۔ اب 82 سال کی عمر میں وہ اپنے کام کے بوجھ کو کم کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق سیزن 15 کے دوران امیتابھ بچن نے سونی ٹی وی کو آگاہ کیا تھا کہ یہ ان کا آخری سیزن ہو گا۔ تاہم جب چینل کو مناسب جانشین نہیں ملا تو انہوں نے ایک اور سیزن کے لیے رضامندی دی اور اب سیزن 16 کے آغاز کے ساتھ یہ بات تقریباً طے ہے کہ شو کا نیا ہوسٹ سامنے آئے گا۔
امیتابھ بچن کی 'کون بنیگا کروڑ پتی' کے لیے خدمات بے مثال رہی ہیں۔ ان کی آواز، موجودگی اور میزبانی کا انداز شو کے دل کی حیثیت رکھتا ہے۔
20 سال تک انہوں نے امیدواروں کو رہنمائی فراہم کی جذباتی لمحے شیئر کیے اور لاکھوں ناظرین کو متاثر کیا۔ اگر امیتابھ بچن واقعی شو چھوڑتے ہیں تو ان کی کمی کو پر کرنا ایک مشکل کام ہوگا۔
امیتابھ بچن نے ایک پُراسرار ٹوئٹ میں اپنے پیشہ ورانہ کاموں کو کم کرنے کے بارے میں اشارہ دیتے ہوئے 'وقت آ گیا ہے' لکھا تھا جو ان کے ریٹائرمنٹ کی افواہوں کو جنم دے گیا جس کے بعد انہوں نے KBC پر اس بات کی وضاحت کی کہ یہ پیغام ان کے کام کے شیڈول کے بارے میں تھا نہ کہ ریٹائرمنٹ کے حوالے سے۔
ہردلعزیز اس شو کے نئے ہوسٹ کے لیے تلاش شروع ہو چکی ہے اور مختلف بڑے ناموں پر غور کیا جا رہا ہے۔
حالیہ ایک سروے میں شاہ رخ خان کو امیتابھ بچن کے جانشین کے طور پر سب سے اوپر قرار دیا گیا ہے۔ شاہ رخ خان نے 2007 میں 'کون بنیگا کروڑپتی' کے تیسرے سیزن کی میزبانی کی تھی۔
اس سروے میں 768 افراد نے شرکت کی تھی جن میں 408 مرد اور 360 خواتین شامل تھے، اور اس میں شو کے آئندہ ہوسٹ کے لیے عوامی پسندیدگیاں سامنے آئیں۔
شاہ رخ خان کے علاوہ ایشوریا رائے بچن اور مہندر سنگھ دھونی بھی مضبوط امیدواروں کے طور پر ابھر کر سامنے آئے ہیں۔
سروے میں شامل افراد کا ماننا ہے کہ اپنی خوبصورتی اور اسٹائل کے لیے پہچانی جانے والی ایشوریا رائے بچن شو میں اپنی الگ ہی شان لے کر آ سکتی ہیں۔
اپنی قیادت اور ٹھنڈے دماغ کے لیے پسند کیا جانے والے مہندر سنگھ دھونی بھی ووٹرز کی لسٹ میں شامل ہیں۔ ان کی مقبولیت اور عوام کے ساتھ مضبوط تعلق انہیں ممکنہ جانشین بناتا ہے۔
تاہم، ابھی تک اس بات کی کوئی رسمی تصدیق نہیں ہوئی کہ 'کون بنے گا کروڑ پتی' کا اگلا ہوسٹ کون ہوگا لیکن مداح دل سے یہی چاہتے ہیں کہ امیتابھ بچن ہی اس شو کی میزبانی کے فرائض سرانجام دیتے رہیں۔
-
پاکستان 14 منٹ پہلے
پی ایس ایل ترانہ تنازع، علی ترین کو ’مردوں کا ملالہ‘ کا خطاب مل گیا
-
عالمی منظر 25 منٹ پہلے
میانمار میں7.7 شدت کا زلزلہ، بنکاک بھی متاثر
-
سوشل میڈیا 32 منٹ پہلے
جیبلی (Ghibli)اسٹائل میمز کیا؟ ٹرینڈ کیوں کررہی ہیں؟
-
فلم / ٹی وی 50 منٹ پہلے
سپر اسٹار سلمان خان نے ٹوٹی پسلی کے ساتھ ڈانس کیسے کیا؟