'سوریاونشم' کی اداکارہ کی موت تنازع کا شکار، سپر اسٹار کا قاتل کون؟
امیتابھ بچن کی ہیروئن کو موہن بابو نے قتل کیا؟

بھارتی اداکارہ سومیا ستھیاناراینا عرف سوندریا کی حادثاتی موت کو سالوں بعد قتل قرار دیتے ہوئے معروف اداکار پر سنگین الزام لگادیے گئے۔
2004 میں ایک ہوائی حادثے میں موت کے گھاٹ اترنے والی اداکارہ سوندریا کی موت پر نیا تنازعہ اٹھ کھڑا ہوا ہے جس کے مطابق اداکارہ کی موت حدثاتی نہیں تھی بلکہ انکا قتل کیا گیا تھا۔
سوندریا ایک بھارتی اداکارہ تھیں جنہوں نے تلگو فلموں میں اپنے کام سے شہرت حاصل کی۔ انہیں تلگو سنیما کی کامیاب ترین اداکاراؤں میں شمار کیا جاتا تھا۔ انہوں نے کچھ کناڈا، تامل، ہندی اور مالیالم فلموں میں بھی کام کیا۔
سوندریا نے 1999 میں امیتابھ بچن کی فلم 'سوریاوانشم' میں 'رادھا سنگھ' کا مشہور کردار ادا کیا تھا۔
فلم میں اداکارہ کو امیر باپ کی بیٹی ہونے کے باوجود ایک بےا نتہا نرم دل لڑکی دکھایا تھا جو ایک ایسے شخص 'ہیرا' یعنی 'امیتابھ بچن' سے شادی کرتی ہے جو نالائق تھا اور اپنے گھر میں بھی ملازموں والی زندگی گزارتا تھا۔
فلم اتار چڑھاؤ سے بھرپور تھی لیکن اس فلم میں انکا کردار انہیں بھارتی فلم انڈسٹری میں نمایاں مقام دلوا گیا لیکن کس کو معلوم تھا کہ 5 سال بعد یہ حسین اداکارہ دنیا چھوڑ جائیگی۔
این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق تلگو کے معروف اداکار موہن بابو کے خلاف تلنگانہ کے کھمم ضلع میں شکایت درج کرائی گئی ہے جس میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ سدندریا کی موت حادثہ نہیں تھی بلکہ انکی موت ایک پراپرٹی تنازعے سے جڑی ہوئی ہے۔
یہ شکایت سماجی کارکن چٹی مللو کی طرف سے کی گئی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ 'موہن بابو نے سونڈریا اور ان کے بھائی پر شمس آباد میں چھ ایکڑ کی پراپرٹی فروخت کرنے کا دباؤ ڈالا، جب انہوں نے انکار کیا، تو دونوں اداکاروں کے درمیان کشیدگی بڑھ گئی، سوندریا کی موت کے بعد، موہن بابو پر الزام ہے کہ انہوں نے اس زمین پر قبضہ کر لیا تھا۔'
یاد رہے کہ سوندریا 17 اپریل 2004 کو سیاسی پروگرام کے لیے کریم نگر جا رہی تھیں کہ دورانِ سفر ہوائی حادثے میں ہلاک ہو گئی تھیں۔
وہ 31 سال کی تھیں اور کہا جاتا ہے کہ وہ اس وقت حاملہ تھیں اور ان کی لاش کبھی حادثے کی جگہ سے بازیاب نہیں ہو سکی۔
سماجی کارکن نے حکام سے درخواست کی ہے کہ موہن بابو کے پراپرٹی پر قبضے میں کردار کی تحقیقات کی جائے اور حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس متنازعہ پراپرٹی کو ضبط کرے۔
انہوں نے پولیس تحفظ کی بھی درخواست کی ہے کیونکہ ان کے مطابق انہیں دھمکیاں موصول ہوئی ہیں۔
شکایت میں گزشتہ سال خبروں کی زینت بننے والے پراپرٹی تنازعے کا بھی ذکر کیا گیا ہے جو موہن بابو اور ان کے بیٹے منچو منوج کے درمیان تھا۔
اب تک ایف آئی آر درج نہیں کی گئی ہے اور موہن بابو نے ان الزامات پر کوئی جواب نہیں دیا ہے اور حکام نے بھی ابھی تک اس معاملے پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔