’گوگل والٹ‘ پاکستان میں متعارف، استعمال کا طریقہ کار جانیے
اس سے صارفین کو ڈیجیٹل ادائیگی و لین دین کیلئے جدید اور محفوظ سہولت فراہم ہوگی

انٹرنیٹ ٹیکنالوجی کی سب سے بڑی کمپنی گوگل نے پاکستان میں باضابطہ طور پر اپنی موبائل پیمنٹ سروس 'گوگل والیٹ' کا آغاز کردیا ہے، جس سے صارفین کو ڈیجیٹل ادائیگی و لین دین میں ایک جدید اور محفوظ سہولت فراہم ہوگی۔
یہ سروس نہ صرف آن لائن ادائیگیاں ممکن بناتی ہے بلکہ صارفین کو موبائل ایپلی کیشن کے ذریعے ادائیگیاں کرنے کی بھی سہولت دیتی ہے۔
یہ پاکستان میں ڈیجیٹل ادائیگیوں کے رجحان کو بہتر اور جدید خطوط پر استوار کرنے کی جانب اہم قدم ہے، جو آن لائن لین دین کیلئے ایک محفوظ، آسان اور زیادہ مؤثر طریقہ فراہم کرتا ہے۔
اہم سنگ میل
گوگل پاکستان کے کنٹری ڈائریکٹر، فرحان قریشی کا کہنا ہے کہ گوگل والٹ صارفین کو محفوظ، آسان اور مفید ڈیجیٹل ادائیگیوں کے ساتھ ساتھ بورڈنگ پاسز، لائلٹی کارڈز، اہم اشیاء کی رسائی، اور دیگر کارڈز کو ذخیرہ کرنے کی سہولت فراہم کریگی۔
انہوں نے بتایا کہ ویزا اور ماسٹر کارڈ کے حامل صارفین اپنے بینک کارڈز کو گوگل والٹ میں شامل کر سکتے ہیں، یہ سہولت ڈیجیٹل بینکنگ اور الیکٹرانک ادائیگیوں کے فروغ میں اہم سنگ میل ثابت ہوگی۔
فرحان قریشی نے مزید کہا کہ گوگل والٹ کا آغاز پاکستان میں ڈیجیٹل ادائیگیوں کو فروغ دینے کی ہماری کوششوں کا حصہ ہے۔ اس سے صارفین کو محفوظ اور تیز تر ادائیگی کا موقع ملے گا۔
فرحان قریشی نے کہا کہ پاکستان میں ڈیجیٹل ادائیگیوں کا شعبہ تیزی سے ترقی کر رہا ہے اور زیادہ سے زیادہ لوگ ڈیجیٹل لین دین کو اپنا رہے ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ گوگل والٹ ایک محفوظ، آسان اور مؤثر طریقہ فراہم کرتا ہے جس کے ذریعے صارفین ادائیگیاں کر سکتے ہیں، خریداری کر سکتے ہیں اور سفر کے دوران آن لائن ادائیگی اور لین دین کے معاملات کو مزید آسان بنا سکتے ہیں۔
گوگل والٹ یا ڈیجیٹل بٹوا؟
گوگل والٹ کو ڈیجیٹل بٹوا یا پرس کہنا غلط نہ ہوگا، جس میں ہر صارف مختلف کارڈز اور دستاویزات بھی محفوظ کر سکتا ہے۔
کمپنی کا دعویٰ ہے کہ گوگل والٹ میں محفوظ کی گئی معلومات انکرپٹڈ ہوتی ہے جو کسی بھی دوسرے شخص کو دستیاب نہیں ہوتی۔
گوگل والٹ میں صارفین اپنے بٹوے کی طرح بینک کارڈز، بورڈنگ پاسز، ٹکٹس اور دیگر ڈیجیٹل پاسز محفوظ کر سکتے ہیں، ایپ میں ڈیٹا کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے انکرپشن اور ڈیوائس سیکیورٹی فیچرز کا استعمال کیا جاتا ہے۔
کمپنی کے مطابق گوگل والٹ کے ذریعے کی جانے والی ادائیگیاں انکرپٹڈ ہوتی ہیں، ہر خریداری کو منفرد کوڈ بھیج کر والٹ کو استعمال کرنے اور پیمنٹ انفارمیشن کو پروسیس کرنے کی سہولت میسر ہوتی ہے۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ اگر کوئی اس ڈیٹا تک رسائی حاصل کرلے تو بھی وہ اس کے کسی کام کا نہیں ہوتا کیونکہ اس میں ڈیبیٹ یا کریڈٹ کی تفصیلات موجود نہیں ہوتیں۔
استعمال کا طریقہ کار
پاکستان میں گوگل والیٹ کا استعمال انتہائی آسان ہے، بس گوگل پلے اسٹور سے 'گوگل والیٹ' ایپ ڈاؤن لوڈ کریں، اگر آپ کا کریڈٹ یا ڈیبٹ کارڈ پہلے ہی آپ کے Google اکاؤنٹ سے منسلک ہے، تو یہ خود بخود Google Wallet میں ظاہر ہو جائے گا، جس کے بعد اپنا اکاؤنٹ سیٹ اپ کرنے کے لیے آسان آن اسکرین ہدایات سامنے آتی جائیں گی جن پر عمل کرتے جائیں۔
اگر آپ نے اپنا کریڈٹ یا ڈیبٹ کارڈ پہلے ہی اپنے Google اکاؤنٹ سے منسلک نہیں کیا ہوا، تو آپ ایپ کے اوپری حصے میں“Add a card” کے آپشن پر ٹیپ کرکے کارڈ منسلک کر سکتے ہیں۔
شرائط و ضوابط کا جائزہ لینے اور انہیں قبول کرنے کے بعد تصدیقی عمل مکمل کریں جس کے بعد آپ کا کارڈ ٹوکنائز ہو جائے گا، اور پھر آپ اسے Google Wallet میں استعمال کر سکیں گے۔
کونسے بینک کارڈز کو سپورٹ کرتا ہے؟
پاکستان میں گوگل والیٹ متعدد بینکوں کے ڈیبٹ اور کریڈٹ کارڈز کو سپورٹ کرتا ہے، گوگل والٹ کے ذریعے یہ کارڈز ذاتی اور آن لائن دونوں ادائیگیوں کے لیے استعمال کیے جا سکتے ہیں؛
فی الحال پاکستان میں Google Wallet درج ذیل بینک کارڈز کو سپورٹ کرتا ہے:
• بینک الفلاح (ویزا اور ماسٹر کارڈ ڈیبٹ اور کریڈٹ کارڈ)
• بینک آف پنجاب (ماسٹرکارڈ کریڈٹ کارڈز)
• فیصل بینک نور (ماسٹر کارڈ ڈیبٹ کارڈز)
• ایچ بی ایل (ویزا اور ماسٹر کارڈ ڈیبٹ اور کریڈٹ کارڈ)
• جیز کیش (ماسٹر کارڈ ڈیبٹ کارڈز)
• میزان بینک (ویزا اور ماسٹر کارڈ ڈیبٹ کارڈز)
• یو بی ایل (ویزا اور ماسٹرکارڈ ڈیبٹ کارڈز)
مستقبل قریب میں مزید بینکوں کو Google Wallet میں ضم کیا جائے گا، بشمول:
الائیڈ بینک (ویزا ڈیبٹ کارڈز)
• ایزی پیسہ ڈیجیٹل بینک (ویزا ڈیبٹ کارڈز)
• جے ایس بینک (ویزا کریڈٹ کارڈز اور ماسٹر کارڈ ڈیبٹ کارڈز)
• زندگی (ویزا ڈیبٹ اور کریڈٹ کارڈز، اور ماسٹر کارڈ ڈیبٹ کارڈز)
بینک کارڈز کے علاوہ، Google Wallet ڈیجیٹل آئٹمز مثلاً لائلٹی کارڈز اور بورڈنگ پاسز کو بھی سپورٹ کرتا ہے، جو اسے آپ کی ادائیگیوں اور سفری دستاویزات کے انتظام کو مزید مؤثر بناتا ہے۔
جلد ہی پاکستانی صارفین گوگل والٹ کے ذریعے برانڈز پر شاپنگ کے علاوہ مقبول آن لائن ریٹیلرز سے بھی خریداری کر سکیں گے جبکہ ایئرلائن ٹکٹس کی خریداری بھی گوگل والٹ کے ذریعے ممکن ہے۔