وائرل اسٹوریز

بھارتی کھلاڑیوں کی ’دما دم مست قلندر‘ پر دھمال

سابق اور موجودہ کرکٹرز نے رشبھ پنت کی بہن کی شادی کے موقع پر دھمال ڈالی

Web Desk

بھارتی کھلاڑیوں کی ’دما دم مست قلندر‘ پر دھمال

سابق اور موجودہ کرکٹرز نے رشبھ پنت کی بہن کی شادی کے موقع پر دھمال ڈالی

بھارت کے سابق اور موجودہ کرکٹرز نے شادی کی ایک تقریب میں ’دما دم مست قلندر‘ پر دھمال ڈال کر ایونٹ کو چار چاند لگا دیے۔

انٹرنیٹ پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بھارت کے وکٹ کیپر بلے باز رشبھ پنت کی بہن کی شادی کے موقع پر سابق کپتان مہندر سنگھ دھونی، سابق مڈل آرڈر بیٹر سریش رائنا اور خود رشبھ پنت شادی کے موقع پر ’دما دم مست قلندر‘ پر ناچ رہے ہیں۔

رشبھ پنت کی بہن ساکشی پنت کی سنگیت کے موقع پر گلوکار کی لائیو پرفارمنس پر تینوں کرکٹرز کو ڈانس کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

واضح رہے کہ رشبھ پنت حال ہی میں چیمپئنز ٹرافی جیتنے والی بھارتی ٹیم کا حصہ تھے، لیکن اسکواڈ میں شامل ہونے کے باوجود انہوں نے ایک بھی میچ نہیں کھیلا۔

رواں ہفتے دبئی سے بھارت واپس آنے کے بعد رشبھ پنت نے اپنی بہن کی مہندی، سنگیت اور ہلدی کی تقریبات میں حصہ لیا۔

تقریبات میں شرکت کیلئے دھونی بھی اپنی اہلیہ کے ہمراہ منگل کی شام مسوری پہنچے تھے۔

میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا تھا کہ بھارتی کپتان روہت شرما، اسٹار بلے باز ویرات کوہلی اور سابق کپتان مہندر سنگھ دھونی کی اِس شادی میں شرکت متوقع ہے، تاہم روہت اور کوہلی شادی کی تقریبات کے پہلے دن کہیں نظر نہیں آئے۔

رشبھ پنت کی بہن ساکشی نے برطانیہ سے تعلیم حاصل کی ہے، وہ اکثر اپنی تصاویر اور جدید ملبوسات کی نمائش کرتی رہتی ہیں جسکی وجہ سے سوشل میڈیا پر انکی بڑی فین فالوونگ ہے۔

ساکشی اور انکے دلہے راجا انکیت نے لگ بھگ 9 سال تک ایک دوسرے کو ڈیٹ کرنے کے بعد گزشتہ برس منگنی کر لی تھی۔

یاد رہے کہ رشبھ پنت دسمبر 2022 میں ایک خطرناک کار حادثے میں شدید زخمی ہوگئے تھے۔

متعدد سرجریوں اور ایک سال سے زیادہ عرصے بستر پر گزارنے کے بعد انہوں نے کرکٹ کے میدان میں واپسی کی تھی اور بھارت کو T20 ورلڈ کپ جیتانے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔

تازہ ترین