اسکینڈلز

شوہر کی رہائی کیلئے نادیہ حسین سے 3 کروڑ رشوت کا مطالبہ

ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ وہ معاملے کی تحقیقات کررہے ہیں۔

Web Desk

شوہر کی رہائی کیلئے نادیہ حسین سے 3 کروڑ رشوت کا مطالبہ

ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ وہ معاملے کی تحقیقات کررہے ہیں۔

معروف پاکستانی اداکارہ و ماڈل نادیہ حسین نے شوہر کی رہائی کے لیے سیکیورٹی ادارے کا افسر بن کر 3 کروڑ رشوت طلب کرنے والے شخص کا پول کھول دیا۔

خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے نادیہ حسین کے شوہر کو بینک الفلاح سیکورٹیز بورڈ آف ڈائریکٹرز کی شکایت پر تحقیقات کے بعد  ایف آئی اے نے گرفتار کیا  تھا۔

ملزم پر کارپوریٹ فنائنشل فراڈ کے ذریعے کمپنی فنڈز کی خورد برد میں ملوث ہونے کا الزام ہے۔

اب  پہلی مرتبہ اداکارہ نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ویڈیوز اور اسکرین شاٹس پر مبنی پوسٹ کر کے اپنے شوہر کی گرفتاری کے بعد اپنے ساتھ پیش آئے واقعے کے بارے میں بتایا۔

ویڈیو میں انہوں نے کہا کہ الفلاح سیکیورٹی فراڈ کیس کے سلسلے میں ان کے شوہر کو ایف آئی اے نے گرفتار نہیں کیا بلکہ تفتیش کے لیے حراست میں لیا ہے، 'اس میں میرے شوہر ملوث ہیں یا نہیں یہ وقت اور عدالتیں ثابت کریں گی'۔

اداکارہ نے کہا کہ 'مجھے میرے وکلا کی جانب سے ہدایت کی گئی ہے کہ اس کیس کے بارے میں زیادہ بات نہیں کروں لیکن میرے شوہر ایف آئی اے کے پاس بالکل آرام سے ہیں اور وہ ان کا خیال رکھ رہے ہیں'۔

انہوں نے مزید کہا کہ 'کچھ لوگوں نے انہیں مجبور اور لاچار سمجھ کر رابطہ کیا اور شوہر کی ضمانت کے لیے منہ پھاڑ کر پیسے مانگے، اب ان لوگوں کی خیر نہیں'۔

ساتھ ہی انہوں نے پوسٹ میں ویڈیو شیئر کی جس میں سیکیورٹی افسر بن کر فراڈ کال کرنے والے کا نادیہ حسین سے کہنا تھا کہ 'آپ کے شوہر عاطف محمد خان کے تمام معاملات طے پاگئے، آپ رقم منتقل کردیں'۔

ساتھ ہی کال کرنے والے نے نادیہ حسین کو ڈرانے کی کوشش بھی کی، کالر نے نادیہ حسین سے یہ بھی کہا کہ یہ بات آپ کے اور میرے درمیان رہنی چاہیے۔

مذکورہ پوسٹ کے ساتھ نادیہ نے ایک طویل کیپشن بھی شیئر کیا جس میں انہوں نے بتایا کہ 'مجھے اپنے شوہر کے کسی بھی فراڈ کیس میں ملوث ہونے کے بارے میں کچھ کہنے کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ یہ وقت کے ساتھ اور عدالت میں سامنے آئے گا'۔

' لیکن میں حیران ہوں کہ ایسے لوگوں پر جنہوں نے ڈھٹائی کے ساتھ 3 کروڑ روپے رشوت مانگنے کی جرات کی  یہ جانتے ہوئے کہ ایسی صورتحال میں ایک شخص پہلے سے ہی انتہائی حساس اور جذباتی اور تناؤ کا شکار ہے'۔

اداکارہ نے کہا کہ 'ابتدا میں مجھے لگا کہ یہ شخص ٹھیک بات کررہا ہے لیکن میں کوئی احمق نہیں جو جذبات میں آکر اس طرح کے لوگوں کے جھانسے میں آجاؤں'۔

انہوں نے بتایا کہ اس شخص نے پہلے میرے بیٹے کو کال کی  اور پھر میرے بیٹے نے اسے میرا نمبر دیا اور اس کے ساتھ میری 20 منٹ کی ریکارڈ شدہ گفتگو کے دوران اس نے اپنی واٹس ڈی پی سوٹ والے شخص سے  پولیس یونیفارم والے شخص سے بدل دی۔

 اور پھر اس نے 15 منٹ میں 50 لاکھ نقد کا مطالبہ کیا کہ میرا ڈرائیور اسے بھیجے اور باقی رقم اگلے دن پہنچائی جائے۔

انہوں نے بتایا کہ' اس کے بعد اس نے میری ساس کو فون کیا کہ آپ کی بہو بہت بدتمیز ہے اور وہ چاہتی ہے کہ آپ کا بیٹا جیل جائے'۔

اداکارہ نے بتایا کہ اس کی اطلاع پہلے ہی ایف آئی اے کو دے دی گئی ہے اور ہاں میں نادرا حکام سے بات کروں گی کہ ہمارے فیملی نمبرز کسی کو اتنی آسانی سے دستیاب ہونے کی جرأت کیسے ہوئی، میرے خاندان کے ہر فرد کو سختی سے کہا گیا ہے کہ ان کے پاس آنے والی ایسی کسی بھی کال کو بلاک کر دیں!۔

ساتھ ہی انہوں نے فراڈ کال کرنے والے شخص کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ 'اور ہاں نعمان بھائی جب آپ حلفیہ قرآن کی قسم کھا کر بولیں گے کہ آپ اصل میں ڈائریکٹر ایف آئی اے ہیں تب میں بھی حلفیہ آپ کی اور میری بات اپنے تک رکھوں گی'۔

اس ضمن میں ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ کیس کی تفتیش جاری ہے، نادیہ حسین کو فون کرکے رقم مانگنے والے شخص کیخلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔

خیال رہے کہ اداکارہ نادیہ حسین کے شوہر کو 54 کروڑ روپے کی خورد برد کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔

تازہ ترین