انفوٹینمنٹ

امریکا میں کتے نے مالک پر گولی چلا دی

گولی کتے کے ٹریگر میں پنجہ پھنسنے کے باعث چلی

Web Desk

امریکا میں کتے نے مالک پر گولی چلا دی

گولی کتے کے ٹریگر میں پنجہ پھنسنے کے باعث چلی

فائل فوٹو:گوگل
فائل فوٹو:گوگل

امریکی ریاست ٹینیسی کے شہر میمفس میں ایک پالتو کتےکے غلطی سے پستول چل جانے سے اس کا مالک زخمی ہوگیا۔

یہ واقعہ پیر کے روز پیش آیا جب 39 سالہ شخص اپنے بستر پر ایک خاتون دوست کے ساتھ بات چیت کر رہا تھا، اسی دوران کتا بستر پر چھلانگ لگا کر آیا، اس کا پنجہ گن کے ٹریگر گارڈ میں پھنس گیا اور اتفاقیہ طور پر گولی چل گئی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ گولی متاثرہ شخص کی بائیں ران کو چھوتی ہوئی گزری، جائے وقوعہ سے ایک خالی گولی کا خول برآمد ہوا، متاثرہ شخص کو موقع پر ہی ابتدائی طبی امداد دی گئی اور پھر مزید علاج کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا، خوش قسمتی سے اس کی چوٹ جان لیوا نہیں تھی۔

پولیس کے مطابق، متاثرہ شخص کی خاتون دوست، جس کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی، فائرنگ کے بعد موقع سے چلی گئی۔

جب افسران نے متاثرہ شخص سے بندوق کے بارے میں پوچھا تو اس نے بتایا کہ اس کی خاتون دوست گن اپنے ساتھ لے گئی ہے۔

میمفس پولیس ڈیپارٹمنٹ کے ایک ترجمان نے کہا کہ اس کے پاس اس واقعے سے متعلق مزید کوئی معلومات نہیں ہیں۔

مقامی میڈیا کے مطابق، کتے کی شناخت ‘اوریو‘ کے نام سے کی گئی ہے جو ایک سال کا پِٹ بُل ڈاگ ہے، متاثرہ شخص کے ایک دوست نے میڈیا کو بتایا کہ یہ پِٹ بُل بہت دوستانہ مزاج کا ہے اور خوش قسمتی سے اس کا دوست حادثے کے بعد بالکل ٹھیک ہے۔

کتا چلائی جانے والی گولیوں کے دیگر واقعات

یہ پہلا موقع نہیں جب کسی کتے نے غلطی سے گولی چلا دی ہو۔ حالیہ برسوں میں کئی ایسے واقعات رپورٹ ہو چکے ہیں:

2023میں، کینساس میں شکار کے دوران ایک شخص اس وقت ہلاک ہو گیا جب ایک کتے نے بندوق پر قدم رکھا اور گولی چل گئی۔

2017 میں، نارتھ سینٹرل آئیووا میں ایک شکاری پرندوں کا شکار کر رہا تھا جب ایک کتے نے اتفاقیہ طور پر شاٹ گن کے ٹریگر گارڈ پر قدم رکھ دیا اور گولی چل گئی، جس سے وہ زخمی ہو گیا۔

2018 میں، نیو میکسیکو کے ایک شخص نے بتایا کہ اس کا 120 پاؤنڈ کا روٹویلر مکس کتا اس کی بندوق کے ٹریگر میں پنجہ پھنسنے کے باعث گولی چلا بیٹھا، گولی اس شخص کی پیٹھ میں لگی اور اس کی کئی ہڈیاں ٹوٹ گئیں۔

یہ واقعات اس بات کی یاد دہانی کراتے ہیں کہ آتشی اسلحہ کو محفوظ طریقے سے رکھنا کتنا ضروری ہے، خاص طور پر ایسے گھروں میں جہاں پالتو جانور موجود ہوں۔

تازہ ترین