نادیہ خان کا صائمہ قریشی پر طنزیہ وار
نادیہ خان اور میزبانوں نے اداکارہ صائمہ قریشی کا نام نہیں لیا

اداکارہ اور ٹی وی میزبان نادیہ خان نے حالیہ انٹرویو میں کہا کہ کمائی میں برکت کا تعلق مرد یا عورت کی جنس سے نہیں بلکہ حلال و حرام کے فرق سے ہوتا ہے۔
نادیہ خان نے ’نیوز 365‘ کے رمضان اسپیشل پروگرام میں شرکت کی، جہاں انہوں نے خواتین کی جانب سے خواتین کے خلاف دیے جانے والے بیانات پر گفتگو کی۔
انہوں نے کسی کا نام لیے بغیر کہا کہ کسی بھی انسان کی کمائی میں برکت کا انحصار اس بات پر ہے کہ وہ کمائی حلال ہے یا حرام، اور اس شخص کی کمائی کتنی ہے۔
نادیہ خان کا کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ نے مرد اور عورت کو برابر مقام دیا ہے، کمائی میں برکت کا تعلق جنس سے نہیں، بلکہ یہ کمائی کی نوعیت اور مقدار پر منحصر ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسلام نے بھی مرد اور عورت کے درمیان کمائی کے معاملے میں کوئی فرق نہیں رکھا، اسلام میں خواتین کو بھی کاروبار کرنے کی اجازت ہے، لیکن بدقسمتی سے ہم اس تعلیمات کو صحیح طور پر نہیں اپناتے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم اپنے ارد گرد کی باتیں سن کر ان کو سچ مان لیتے ہیں اور اس کے نتیجے میں اپنے مذہب کی اصل روح سے دور ہو جاتے ہیں۔
اپنی ذاتی مثال دیتے ہوئے نادیہ خان نے بتایا کہ انہوں نے اپنی کمائی سے اپنے بچوں کی پرورش کی اور ہمیشہ اس میں برکت دیکھی۔ انہوں نے کہا کہ ان کی کمائی میں ہمیشہ برکت رہی، حالانکہ بچوں کی پرورش کے لیے انہیں اپنے شوہر یا والد کی مالی مدد نہیں لینی پڑی۔
نادیہ خان نے ایک واقعہ سنایا کہ دبئی میں ایک بینک کے اے ٹی ایم میں 25 ہزار درہم جمع کراتے وقت ان کے پیسے نہ بینک کے سسٹم میں آئے اور نہ ہی ان کے اکاؤنٹ میں جمع ہوئے، اور بینک ایک سال تک ان کے پیسے واپس دینے کو تیار نہیں تھا۔ لیکن کچھ عرصے بعد خدا کی مہربانی سے انہیں وہ پیسے واپس مل گئے۔
نادیہ خان نے اس بات کا بھی اظہار کیا کہ ممکن ہے، جس اداکارہ نے عورت کی کمائی میں برکت نہ ہونے کا بیان دیا، ان کا مقصد کسی کو کوئی خاص پیغام دینا ہو، اور اس بیان کا مطلب ویسا نہ ہو جیسا کہ لوگوں نے سمجھا۔
یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ نادیہ خان اور میزبانوں نے اداکارہ صائمہ قریشی کا نام نہیں لیا، حالانکہ کچھ عرصہ قبل صائمہ قریشی نے ایک پوڈکاسٹ میں کہا تھا کہ ان کے خیال میں عورت کی کمائی میں برکت نہیں ہوتی، جس پر انہیں تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
صائمہ قریشی نے کیا کہا تھا؟
معروف یوٹیوبر عدنان فیصل کے ساتھ پوڈکاسٹ انٹرویو میں اداکارہ صائمہ قریشی نے گھر چلانے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’آپ مانیں یا نہ مانیں لیکن یہ بات درست ہے کہ برکت صرف مرد کی کمائی میں ہوتی ہے'۔
انہوں نے کہا کہ 'جب عورت گھر کے اخراجات خود اٹھانے لگتی ہے تو وہ لاشعوری طور پر اس کا اظہار کرتے ہوئے جتاتی بھی ہے جس سے اکثر رشتوں میں تلخی پیدا ہوجاتی ہے‘۔
اسی پوڈکاسٹ میں صائمہ قریشی کا مزید کہنا تھا کہ ’اگر کسی مرد کو دوسری شادی کرنی ہے تو اس کیلئے اپنی بیوی سے اجازت لینے کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ یہ حق اسلام نے اسے دیا ہے‘۔
انہوں نے کہا تھا کہ ‘معاشرے سے بے حیائی ختم کرنے کیلئے نکاح کو عام کرنے کی ضرورت ہے اور اگر کسی کو دوبارہ محبت ہوجاتی ہے تو وہ ایکسٹرا میریٹل افیئر چلانے کے بجائے دوسری شادی کرے اور معاملے کو چھپانے کے بجائے اسے کھل کر تسلیم کرے‘۔