ٹیکنالوجی

ٹک ٹاک پر کنٹرول، والدین کو بچوں کا وقت محدود کرنے کا نیا اختیار

اس فیچر کے ذریعے بچے خود سے ٹک ٹاک کے استعمال کا دورانیہ نہیں بڑھا سکیں گے

Web Desk

ٹک ٹاک پر کنٹرول، والدین کو بچوں کا وقت محدود کرنے کا نیا اختیار

اس فیچر کے ذریعے بچے خود سے ٹک ٹاک کے استعمال کا دورانیہ نہیں بڑھا سکیں گے

اسکرین گریب
اسکرین گریب

شارٹ ویڈیو شیئرنگ ایپلی کیشن ٹک ٹاک نے کم عمر صارفین کو ایپ سے دور یا اس کا استعمال محدود کرنے کے لیے مزید پیرنٹل کنٹرول فیچرز متعارف کروا دیے ہیں۔

ٹک ٹاک کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ نئے پیرنٹل کنٹرولز کے تحت والدین کو یہ اختیار دیا گیا ہے کہ وہ اپنے بچوں کا ٹک ٹاک پر گزارنے والا وقت محدود کر سکیں۔

اس فیچر کے تحت والدین یہ طے کر سکتے ہیں کہ ان کے بچے ہفتے کے دوران ٹک ٹاک پر صرف 30 منٹ تک ہی وقت گزار سکیں گے۔

والدین کو یہ اختیار بھی دیا گیا ہے کہ وہ چھٹی والے دنوں میں اپنے بچوں کے لیے ایپلی کیشن کا استعمال بڑھا سکتے ہیں۔

اس فیچر کے ذریعے بچے خود سے ٹک ٹاک کے استعمال کا دورانیہ نہیں بڑھا سکیں گے، والدین کی جانب سے مقرر کیے گئے وقت کے بعد ایپلی کیشن کام کرنا بند کر دے گی۔ اگر بچے زیادہ وقت گزارنے کی کوشش کریں گے تو ایپ ان سے ایک مخصوص پاس ورڈ طلب کرے گی جو صرف والدین کو معلوم ہوگا۔

پیرنٹل کنٹرول کے ذریعے والدین کو یہ سہولت بھی فراہم کی گئی ہے کہ وہ اس بات پر نظر رکھ سکیں کہ ان کے بچوں کو کون فالو کر رہا ہے، وہ کن افراد کو فالو کر رہے ہیں اور کن لوگوں سے ان کی بات چیت ہو رہی ہے۔

اس فیچر کے تحت بچے اپنے نوٹیفیکیشنز کو بھی ڈیلیٹ نہیں کر سکیں گے۔

ٹک ٹاک کے مطابق، اگر والدین خود اپنے بچوں کے ڈیوائس کا وقت محدود نہ بھی کریں، تو کمپنی 18 سال سے کم عمر افراد کے لیے خودکار طور پر اس دورانیے کو 60 منٹ تک محدود کر دے گی۔

یعنی 18 سال سے کم عمر بچے ایک گھنٹے سے زیادہ ٹک ٹاک استعمال نہیں کر سکیں گے اور مقررہ وقت کے بعد ان کی ایپلی کیشن کام کرنا بند کر دے گی۔

تازہ ترین