پاکستان

ذوالفقار علی بھٹو جونیئر کی سیاست میں انٹری

وہ اپنے سیاسی سفر کا آغاز اپنے والد کی بنائی ہوئی سیاسی جماعت سے کریں گے

Web Desk

ذوالفقار علی بھٹو جونیئر کی سیاست میں انٹری

وہ اپنے سیاسی سفر کا آغاز اپنے والد کی بنائی ہوئی سیاسی جماعت سے کریں گے

فائل فوٹو:گوگل
فائل فوٹو:گوگل

سیاستدان میر مرتضیٰ بھٹو کے صاحبزادے اور ذوالفقار علی بھٹو کے پوتے ذوالفقار علی بھٹو جونیئر نے سیاست میں قدم رکھنے کے اپنے ارادے کی تصدیق کر دی ہے۔

مقامی نیوز چینل کی رپورٹ کے مطابق، بھٹو جونیئر نے ایک بیان میں بتایا کہ وہ اپنی سیاسی زندگی کا آغاز پاکستان پیپلز پارٹی شہید بھٹو گروپ سے کریں گے، جو ان کے والد نے قائم کیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ یہ سچ ہے کہ میں سیاست میں آنے کا ارادہ رکھتا ہوں اور میں اپنے سفر کا آغاز پیپلز پارٹی شہید بھٹو گروپ سے کروں گا۔

بھٹو جونیئر نے مزید کہا کہ ان کے والد کا ورثہ آج بھی مضبوط ہے اور وہ مستقبل میں اس گروپ کی قیادت کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

انہوں نے اعتراف کیا کہ انہیں اپنے ملک اور عوام سے بہت کچھ سیکھنا باقی ہے اور وہ ابھی خود کو ہر مسئلے کا حل جاننے والا نہیں سمجھتے،انہوں نے کہا کہ وہ اپنی سیاسی جدوجہد کی تیاری کر رہے ہیں۔

سندھ میں پانی کے بحران پر تشویش

بھٹو جونیئر نے سندھ میں پانی کے بحران پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے زندگی اور موت کا مسئلہ قرار دیا۔

انہوں نے پانی کی کمی کو نسل کشی سے تشبیہ دی اور زور دیا کہ اگر پانی تک رسائی ممکن نہ بنائی گئی تو انسانوں اور جنگلی حیات دونوں کا بقا خطرے میں پڑ جائے گا۔

حکومتِ سندھ پر تنقید

ایک سوال کے جواب میں بھٹو جونیئر نے کہا کہ سندھ حکومت لرز رہی ہے کیونکہ اسے مسلسل بڑھتے ہوئے عوامی احتجاج کا سامنا ہے، جن میں اسکول کے بچوں اور خواتین کے مظاہرے بھی شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت احتجاج کی شدت کو دیکھتے ہوئے اپنا بیانیہ تبدیل کرنے پر مجبور ہو رہی ہے۔

ذوالفقار علی بھٹو جونیئر کی ذاتی زندگی:

ذوالفقار علی بھٹو جونیئر، پاکستان کے سابق وزیر اعظم ذوالفقار علی بھٹو کے پوتے اور میر مرتضیٰ بھٹو کے صاحبزادے ہیں۔ 

وہ ایک آرٹسٹ، سماجی کارکن اور حالیہ دنوں میں سیاست میں دلچسپی لینے والے شخصیت کے طور پر سامنے آئے ہیں۔

ذوالفقار بھٹو جونیئر نے ابتدائی زندگی میں آرٹ اور کلچر کی طرف زیادہ توجہ دی۔ وہ اپنی زندگی کا بڑا حصہ بیرون ملک گزار چکے ہیں اور دنیا کے مختلف فورمز پر پاکستانی ثقافت، انسانی حقوق، اور اقلیتوں کے حقوق کے حوالے سے بات کرتے رہے ہیں۔

انہوں نے اپنی شناخت بطور آرٹسٹ اور پرفارمر بنائی ہے، وہ کئی فنکارانہ نمائشوں اور ثقافتی سرگرمیوں میں حصہ لے چکے ہیں۔ 

ان کی تخلیقات میں زیادہ تر سماجی مسائل پر روشنی ڈالی جاتی ہے، خاص طور پر اقلیتوں کے حقوق، انسانی وقار، اور اظہار رائے کی آزادی کے موضوعات شامل ہوتے ہیں۔

تازہ ترین