جاوید اختر آخر لیاقت علی خان کے پڑپوتے کی تلاش میں کیوں؟

معروف شاعر اور نغمہ نگار جاوید اختر پر پاکستانی گلوکار معظم علی خان کی آواز کا جادو چل گیا، انہوں نے معظم علی خان سے رابطہ کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔
انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ کرتے ہوئے ‘جنٹلمین’ معظم علی خان سے رابطہ کرنے کی درخواست کی تاکہ وہ ان کے ساتھ کام کر سکیں۔

جاوید اختر نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ ’ابھی ابھی میں نے ایک صاحب، معظم صاحب، کو یوٹیوب پر 'یہ نین ڈرے ڈرے' گاتے ہوئے سنا۔ براہ کرم وہ مجھ سے رابطہ کریں۔ اگر وہ ہمارے لیے کچھ گانے گا سکیں تو میں بے حد مشکور ہوں گا۔‘
جاوید اختر کی یہ پوسٹ وائرل ہوتے ہی مداحوں نے ان کی مدد کرتے ہوئے گلوکار معظم علی خان کی ویڈیوز شیئر کرنا شروع کر دیں۔
اب یہاں سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ معظم علی خان کون ہیں؟
سال 2020ء میں سُپر ہٹ ڈراما ’ثبات‘ میں سیٹھ فرید کا کردار نبھانے والےمعظّم علی خان اداکاری کی ابجد سے بھی واقف نہ تھے،لیکن اپنا کردار اس مہارت سے نبھایاکہ ہر ایک کو گرویدہ کرلیا۔ گرچہ انہیں شوبز انڈسٹری سے وابستگی اختیار کیے چند ہی برس ہوئے ہیں، لیکن فنِ موسیقی سے ان کا رشتہ خاصا پُرانا ہے کہ وہ اداکاری سے قبل اکثر سوشل میڈیا پرNarrations اور میوزک ویڈیوز شیئر کرتے رہتے تھے۔
معظّم علی کئی میوزک کنسرٹس میں بھی پرفارم کرچُکے ہیں، جب کہ وائس اوور آرٹسٹ بھی ہیں۔
بہت کم لوگ جانتے ہیں کہ معظّم علی خان پاکستان کے پہلے وزیرِ اعظم، قائدِ ملّت، لیاقت علی خان کے پڑ پوتے ہیں۔
ان کے والد مشرّف علی خان اور والدہ ممتاز پروین بھی پی ٹی وی سے نشر ہونے والے ڈرامے’سُنہرے دِن‘میں کام کرچُکے ہیں، جب کے چھوٹے بھائی عباس علی خان معروف موسیقار ہیں، جنہوں نے استاد فتح علی خان (مرحوم) سے فنِ گائیکی کی تربیت حاصل کی۔
وہ بتاتے ہیں کہ میں نے اپنے کیریئر کا آغاز کراچی کی ایک معروف ایڈورٹائزنگ کمپنی ہی سے کیا، مگر کم و بیش 12سال تک مختلف ایڈورٹائزنگ کمپنیز سے منسلک رہنے کے بعد یہ احساس ہوا کہ اب اس فیلڈ میں میرا کیریئر اپنے اختتام کو پہنچ چُکا، کیوں کہ مَیں ایگزیکٹو ڈائریکٹر کے عُہدے پر فائز ہو چُکا تھا، جس کے بعد ترقّی کی دو ہی صُورتیں تھیں کہ یا تو سی ای او بن جائوں یا پھر اپنی کمپنی کھول لوں، جو مَیں کھولنا نہیں چاہتا تھا، لہٰذا اُس دُنیا کو خیرباد کہہ کر ایک معروف موبائل کمپنی جوائن کرلی۔
معظم علی خان کا بتانا ہے کہ وہاں بھی سات برس ملازمت کی اور وہاں کا ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹ، پی آر رہا۔ پورا میڈیا میں ہی ہینڈل کرتا تھا اور میری کارکردگی دیکھتے ہوئے ہی مجھے اے پی این ایس ایوارڈ سے نوازا گیا۔ واضح رہے کہ اُس سال اے پی این ایس نے پہلی بار بیسٹ پی آر پرسن فار پبلک سیکٹر کے ایوارڈ کا اجراء کیا تھا، جسے حاصل کرنا میرے لیے باعثِ فخرہے۔ اس کے علاوہ مَیں سی ایس آر (Corporate Social Responsibility)کیٹگری میں بھی ایوارڈ حاصل کر چُکا ہوں۔
معظم علی خان کے مطابق ’پھر کچھ ذاتی وجوہ کی بنا پر دبئی چلا گیا، جہاں رئیل اسٹیٹ میں بطور پی آر کنسلٹنٹ اور ایک ادارے میں ملازمت بھی کی، لیکن تین سال بعد پاکستان آکر ایک دوست کے ساتھ چھوٹا سا بزنس شروع کردیا، جو کام یاب نہیں ہوا۔ اِسی دوران ایک چینل سے ڈراما سیریل’’ثبات‘‘ کے کردار سیٹھ فرید کی پیشکش ہوئی، جس کے لیے پہلے تو مَیں نے صاف انکار کردیا۔ بعد ازاں، ایک دوست کے بے حد اصرار پر آڈیشن دینا پڑا۔مجھے سو فی صد یقین تھا کہ آڈیشن کلیئر نہیں کرپاؤں گا ،مگر دو ہفتے بعد ہی کال آگئی۔ ویڈیوز وغیرہ تو پہلے بھی بناتا رہتا تھا، لہٰذا ڈائیلاگز کی ادائیگی اور چہرے کے اُتارچڑھائو میں کوئی خاص دقّت پیش نہ آئی۔ اور یوں یہ سلسلہ چل نکلا۔‘
پاکستانی گلوکار معظم علی خان انسٹاگرام اور یوٹیوب پر اپنی گائیکی کی ویڈیوز شیئر کرتے رہتے ہیں۔
وہ بتاتے ہیں کہ مَیں نے پہلا گانا ’تمہارے بِن‘ جو چھوٹے بھائی عباس کا لکھا ہوا تھا، ریکارڈ کروایا تھا۔ ویسے عباس وہ گانا خود بھی پہلے گا چُکا تھا، مگرمجھے بے حد پسند تھا، تو اُس کی اجازت سے غزل کے انگ میں ریکارڈ کروایا اور اس پرجو فیڈ بیک ملا، اُسی نے مجھے مزید گیت گانے کا حوصلہ دیا۔ ابتدا میں دوستوں کی محفل میں شوقیہ گاتا رہا۔ پھر جب عباس کے کنسرٹ میں چار پانچ غزلیں گائیں، تو سلسلہ باقاعدہ طور پر شروع ہوگیا۔
حال ہی میں انہوں نے ہیمنت کمار کے مشہور گانے ’یہ نین ڈرے ڈرے’ اپنی آواز میں پیش کیا، معظم علی خان کی آواز کو سن کر کئی لوگوں نے انہیں لیجنڈری بھارتی غزل گائیک جگجیت سنگھ سے مشابہہ قرار دیا ہے۔
یہاں تک کہ معروف بھارتی اداکار رتک روشن اور گلوکارہ ریکھا بھردواج نے بھی ان کی ویڈیوز پر لائک اور کمنٹ کیا ہے۔ ایک مداح نے ان کے کمنٹ سیکشن میں اطلاع دی کہ معظم صاحب، جاوید اختر صاحب نے ابھی آپ کی ‘یہ نین ڈرے ڈرے’ کی گائیکی دیکھی اور بے حد متاثر ہوئے! وہ چاہتے ہیں کہ آپ ان کے لیے چند گانے گائیں۔ براہ کرم ان سے جلدی رابطہ کریں، یہ ایک زبردست موقع ہے۔
معظم علی خان نے اپنی انسٹاگرام پروفائل پر جگجیت سنگھ کا گایا ہوا گانا 'کوئی فریاد' ، بھپیندر سنگھ کا گانا’دل ڈھونڈتا ہے’ جگجیت سنگھ کا مشہور گیت 'تم کو دیکھا تو یہ خیال آیا'کو کوور کرچکے ہیں۔
معظم علی خان گلوکار ہونے کے ساتھ ساتھ ایک اداکار بھی ہیں اور انہوں نے متعدد ڈرامہ سیریلز میں کام کیا ہے۔ وہ اکثر اپنے سوشل میڈیا پر ان ڈراموں کے کلپس بھی شیئر کرتے رہتے ہیں۔
بات کی جائے تو جاوید اختر ان دنوں کئی مختلف منصوبوں میں مصروف ہیں۔ حال ہی میں انہیں عامر خان کے ساتھ ان کے فلمی میلے ’عامر خان: سنیما کا جادوگر’ کے افتتاح کے موقع پر دیکھا گیا۔ اس کے علاوہ وہ نیٹ فلکس کی ڈاکیومینٹری ’اینگری ینگ مین’ میں بھی نظر آئے، جو ان اور ان کے تحریری ساتھی سلیم خان کی زندگی اور کیریئر پر مبنی ہے۔
پچھلے مہینے، جاوید اختر اور کنگنا رناوت کے درمیان طویل عرصے سے چلنے والا قانونی تنازعہ بھی ختم ہو گیا، جس میں دونوں نے ایک دوسرے کے خلاف ہتک عزت کے مقدمے دائر کیے تھے۔
-
اسکینڈلز 2 منٹ پہلے
وارث بیگ نے بھی ابھیجیت بھٹاچاریہ کو آڑے ہاتھوں لے لیا
-
انفوٹینمنٹ 18 منٹ پہلے
مہنگے ترین ریسٹورنٹس کے مالک بالی وڈ ستارے
-
انفوٹینمنٹ 58 منٹ پہلے
ہانیہ سے مل کر کومل میر کس احساسِ کمتری کا شکار ہوئیں؟
-
انفوٹینمنٹ 1 گھنٹے پہلے
'عبیر گلال' کے میوزک لانچ ایونٹ میں فواد خان اور وانی کپور مرکزِ نگاہ