بالی وڈ فلمیں اسٹار کڈز کیوجہ سے فلاپ ہونے لگیں
حالیہ جتنی فلموں میں اسٹار کڈز نے کام کیا ہے وہ تمام فلمیں فلاپ ثابت ہوئی ہیں

ہندوستانی فلم انڈسٹری میں کافی سالوں سے نیپوٹزم کا چرچا ہے، یہ بحث اس وقت عروج پر پہنچی جب اداکار سُشانت سنگھ راجپوت نے خودکشی کا اقدام اٹھایا اور پھر ان سے جڑے کئی لوگوں نے فلم انڈسٹری کی جانب سے انہیں نظر انداز کرنے کا الزام لگایا اور خودکشی کی وجہ قرار دی۔
اس دوران بالی وڈ میں ایک مہم بھی شروع ہوئی جس میں کنگنا رناوت سے لیکر کئی بڑے اسٹارز نے فلموں میں اقرباپروری کی بنیاد پر کاسٹ کیے جانے والے اداکاروں کی مخالفت کی۔
معروف فلمساز کرن جوہر کو اس حوالے سے شدید تنقید کا نشانہ بھی بنایا گیا جو اپنی فلموں میں اسٹار کڈز کو ڈیبیو کروانے کے حوالے سے جانے جاتے ہیں۔
بالی وڈ میں نیپوٹزم کو لیکر ہونے والی بحث ختم نہ ہوسکی اور نہ ہی فلموں میں اسٹار کڈز کی شمولیت کا سلسلہ رُک سکا۔
اسٹاز کڈز مسلسل بالی وڈ میں ڈیبیو کررہے ہیں ، جن میں سے کچھ کی قسمت میں مہربانی ہے تو کچھ کی قسمت میں گھاٹا ہے۔
2025 میں بھی کئی بااثر فلمی گھرانوں سے تعلق رکھنے والے اداکاروں نے فلمی دنیا میں قدم رکھا لیکن یہاں ان اسٹار کڈز کی بدقسمتی رہی کہ ان کی فلمیں فلاپ یا اوسط درجے کی قرار پائیں، عام طور پر کسی بھی اسٹار کڈ کی قسمت کا فیصلہ اس کی ڈیبیو مووی سے ہوجاتا ہے ، اگر اس کی پہلی مووی ناکام بھی ٹھہرتی ہے تو اسے آنے والی فلموں کو لازمی کامیاب بنانا ہوتا ہے ورنہ پھر اس کی قسمت کا ستارہ ڈوب جاتا ہے۔
یہاں ہم 2025 میں بالی وڈ میں بڑے پردے پر ڈیبیو کرنے والے اسٹار کڈز کے بارے میں بات کریں گے کہ کس کی قسمت کھلی اور کس کو ناکامی ملی۔
جنید خان:

جنید خان معروف اداکار عامر خان کے صاحبزادے ہیں، اگرچہ وہ اوٹی ٹی پلیٹ فارم پر ریلیز ہونے والی فلم ’ مہاراج‘ سے فلمی دنیا میں قدم رکھ چکے تھے لیکن سال 2025 میں ان کی پہلی بڑے پردے پر فلم ’ لوویاپا‘ ریلیز ہوئی جس کی کامیابی کے لیے ان کے والد عامر خان نے بہت محنت کی۔
عامر خان نے فلم کی پروموشن میں کوئی کسر تک نہ چھوڑی اور یہ دعویٰ تک کرڈالا کہ اگر جنید کی یہ فلم کامیاب ہوگئی تو وہ تمباکو نوشی ترک کردیں گے لیکن عامر خان کو سگریٹ پینے کا موقع مل گیا اور فلم فلاپ ہوگئی۔
اگر اس فلم میں جنید خان کی اداکاری کی بات کی جائے تو 'ریڈ اٹ' پر جنید خان کی فلم ’لوویاپا‘ میں اداکاری کے حوالے سے مختلف تبصرے آئے۔
مختلف ریڈاٹ صارفین نے ’لوویاپا‘ میں ان کی اداکاری پر تنقید کی، ایک صارف نے لکھا کہ انہوں نے فلم کے ایک گانے میں زبردستی کے تاثرات دیے ہیں، جو بہت عجیب و غریب ہیں،سچ کہوں تو کچھ اداکار فلموں اور گانوں میں اداکاری کے لیے بنے ہی نہیں ہوتے، کچھ صرف مکالموں اور ڈراموں میں اچھے لگتے ہیں۔
ایک اور صارف نے لکھا کہ جنید خان ایک بھی مکالمہ صحیح سے ادا نہیں کر پایا، پنچ لائنز مارنے میں ناکام رہا، کامیڈی کرنے میں بھی فیل ہو گیا اور اس کے غصے کے مناظر تو بس بے حد عجیب اور غیر فطری لگے، اس کی اداکاری کو بیان کرنے کے لیے میرے پاس الفاظ ہی نہیں ہیں، بس اتنا کہہ سکتا ہوں کہ یہ خالصتاً کرنج اور وقت کا زیاں تھا۔
ایک اور صارف نے لکھا کہ جنید نے ’مہاراجہ‘ میں بحیثیت ڈیبیو اداکار ٹھیک کام کیا تھا لیکن یہ فلم ثابت کرتی ہے کہ وہ جنریشن زی نیو ایج رومینٹک فلموں کے لیے بالکل بھی نہیں بنا،شاید سنجیدہ کردار اس پر جچیں لیکن یہ "کارتک آریان" ٹائپ مزاحیہ لو اسٹوریز اس کے ڈائیلاگ اور ڈلیوری کے لیے مناسب نہیں ہیں۔
خوشی کپور:

خوشی کپور ماضی کی معروف اداکارہ سری دیوی اور معروف پروڈیوسر بونی کپور کی صاحبزادی ہیں، اگرچہ وہ 2024 میں اوٹی ٹی پلیٹ فارم پر ریلیز فلم ’دی آرچیز‘ میں ڈیبیو کرچکی ہیں لیکن اس سال ان کی دو فلمیں سامنے آئیں جن میں ایک فلم ’لوویاپا‘ اور دوسری ’نادانیاں‘ ہے۔
خوشی خود بھی اسٹار کڈ ہیں لیکن ان کو یہ دونوں فلمیں بھی میل لیڈز جنید خان اور ابراہیم علی خان جیسے اسٹار کڈز کے ساتھ ملیں۔
ان کی سال کی پہلی فلم ’ لوویاپا‘ ناکامی سے دوچار ہوئی، اس کے بعد حالیہ ریلیز فلم ’نادانیاں‘ کو بھی ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا۔
'ریڈ اٹ' پر مختلف صارفین کی جانب سے خوشی کپور پر تنقیدی وار کیے گئے، ایک صارف کا کہنا تھا کہ آخر خوشی کپور کتنی فلموں کے بعد خود کو منوائیں گی، ان کو تین بڑی فلمیں مل چکی ہیں لیکن وہ ناکامی کا منہ ہی دیکھ رہی ہیں۔
ایک اور صارف نے کہا کہ خوشی کپور جیسے ایکٹرز نے فلم انڈسٹری میں ہیروئن کے کردار کو ایک انٹرن کے طور پر لیا ہوا ہے جس میں وہ مسلسل سیکھ رہی ہیں اور پرفارم کرنے میں ناکام ہیں۔
ایک صارف نے لکھا کہ خوشی کپور کے والد کے پاس بہت پیسہ ہے اور وہ اسے مسلسل فلمیں دے سکتے ہیں، اس میں فکر کی کوئی بات نہیں ہے۔
ایک نے لکھا کہ کسی فلم میں کئی لوگوں کا سرمایہ لگا ہوتا ہے، فلمسازوں کو یہ بات ضرور سوچنی چاہیے کہ وہ ایسی کاسٹ رکھیں جو ان کا سرمایہ ان کو منافع کے ساتھ لوٹا بھی سکیں۔
ایک اور صارف نے اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ خوشی کپور اچھی اداکارہ نہیں ہے، لیکن ہم نے کترینہ کیف کو بھی برداشت کیا تھا،خوشی اچھی ڈانسر نہیں ہے، اس کی کوئی انٹرٹیننگ پرسنیلٹی نہیں ہے، اور ریمپ پر بھی بس اوسط درجے کی نظر آتی ہے،سب سے اہم بات یہ ہے کہ کم از کم آن اسکرین خوبصورت نظر آنا کسی اداکار کے لیے ایک مثبت پہلو ہو سکتا ہے لیکن جب بھی وہ بولتی ہے یا روتی ہے، تو دیکھنا اذیت ناک ہو جاتا ہے۔
ایک صارف نے کہا کہ مجھے اس کا فیشن اور انسٹاگرام کی تصاویر پسند ہیں، جو اسے ایک اچھی انسٹاگرام فیشن انفلوئنسر تو بنا سکتی ہیں، لیکن اداکارہ نہیں، اس کی بہن جھانوی کپور میں کچھ حد تک دلچسپ پرسنیلٹی ہے، وہ ڈانس کر سکتی ہے، خود پر اعتماد ہے یا کم از کم ایسا دکھا سکتی ہے لیکن خوشی کے پاس ان میں سے کچھ بھی نہیں ہے۔
دونوں بہنوں کی مکالمے ادا کرنے کی صلاحیت نہایت خراب ہے، جس کی وجہ سے ان کی اسکرین پر موجودگی مایوس کن لگتی ہے۔
ابراہیم علی خان:

ابرہیم علی خان بالی وڈ کے ممتاز اداکار سیف علی خان اور اداکارہ امریتا راؤ کے صاحبزادے ہیں، انہوں نے حال ہی میں ایک بڑے بینر اور کاسٹ کی فلم ’نادانیاں‘ سے فلم انڈسٹری میں ڈیبیو کیا ہے لیکن وہ اس فلم میں اداکاری کے سبب شدید تنقید کی زد میں ہیں۔
کچھ لوگوں کا ماننا ہے کہ کرن جوہر جو اسٹار کڈز کو فلموں میں لانے کے حوالے سے مشہور ہیں ، انہوں نے نادانیاں میں ابراہیم علی خان کے فلمی کیرئیر کو شروع ہونے سے پہلے ہی ختم کردیا ہے۔
فلمی ناقدین نے ابراہیم علی خان کی اداکاری کو خوفناک قرار دیا ، ابراہیم علی خان اس تنقید پر اس قدر نروس کا شکار ہوئے کہ انہوں نے ایک فلمی نقاد کو کھری کھری سنادیں اور دھمکیاں بھی دیں۔
ایک پاکستانی فلمی نقاد تیمور اقبال نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری پر اس فلم پر تنقید کرتے ہوئے ابراہیم کی اداکاری کا مذاق اڑایا اور ان کی ’بڑی ناک‘ پر طنز کیا لیکن پھر کچھ غیرمتوقع ہوا اور ابراہیم علی خان نے اس پاکستانی نقاد کو کھری کھری سنا دیں۔
پاکستانی نقاد تیمور نے ابراہیم علی خان کا ایک اسکرین شاٹ شیئر کیا، جس میں نظر آیا کہ فلم پر منفی تبصرہ کرنے اور ان کی ناک پر طنز کرنے کے بعد، ابراہیم نے انہیں براہ راست پیغام بھیجا۔
اس پیغام میں ابراہیم نے لکھا کہ تیمور، تمہارا نام میرے بھائی تیمور کی طرح ہے ، تم نے میرے بھائی کا نام پایا لیکن جانتے ہو تمہارے پاس کیا نہیں ہے؟ اس کا چہرہ، تم بدصورت اور کچرا کنڈی جیسے ہو، چونکہ تم اپنے الفاظ اپنے تک نہیں رکھ سکتے، اس لیے زحمت نہ کرو، وہ تمہاری طرح ہی فضول ہیں، بدصورت کمینے، مجھے تم اور تمہارے خاندان کے لیے افسوس ہوتا ہے اور اگر میں تمہیں سڑک پر کہیں دیکھ لوں، تو میں تمہیں تمہاری موجودہ حالت سے بھی زیادہ بدصورت بنا دوں گا، تم چلتے پھرتے گندگی کے ڈھیر ہو۔
ابراہیم علی خان کے اس رویے سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ تنقید پر یقین نہیں رکھتے اور نہ اس کو برداشت کرنے کا حوصلہ رکھتے ہیں۔
راشا تھڈانی:

راشا تھڈانی 90 کی دہائی کی مشہور اداکارہ روینہ ٹنڈن کی صاحب زادی ہیں، انہوں نے اس سال فلم ’آزاد‘ کے ذریعے ڈیبیو کیا تھا، اس فلم میں مرکزی کردار اجے دیوگن اور امان دیوگن تھے۔
راشا دیکھنے میں تو بہت خوبصورت نظر آتی ہیں اور ان کے اندر ان کی ماں کی جھلک بھی نمایاں ہے لیکن اگر بات اداکاری کی کی جائے تو فلم ’آزاد‘ میں ان کی اداکاری ناظرین کو ایک آنکھ نہیں بھائی بلکہ کافی لوگوں کی جانب سے یہ بھی کہا ’آزاد‘ میں رشا کو اداکاری کا زیادہ موقع ہی نہیں دیا گیا، انہیں ایک روایتی کردار دیا گیا جس میں وہ ایک امیرزادی ایک غریب ہیرو کی دلجوئی کرتی نظر آئیں۔
فلم ’آزاد‘ باکس آفس پر ناکام ٹھہری اور اسے فلمی ناقدین کی جانب سے بھی منفی رویوز سے نوازا گیا۔
امان دیوگن:

امان دیوگن معروف اداکار اجے دیوگن کے بھانجے ہیں، جنہوں نے رشا تھڈانی کے ساتھ اسی سال ڈیبیو کیا تھا، اس فلم کو اجے دیوگن نے ہی پروڈیوس کیا تھا ۔
بدقسمتی سے امان دیوگن کی اداکاری کو بھی ناظرین کی جانب سے پذیرائی نہیں مل سکی ، ایک طرف فلم کی کہانی میں یکسانیت بہت تھی، جس میں ایک غریب لڑکے اور امیر لڑکی کی محبت دکھائی جاتی ہے جو اس سے پہلے ہی بالی وڈ کی متعدد فلموں میں دکھایا جاچکا ہے۔
پھر اپنے ماموں اجے دیوگن کے قد کاٹھ کے آگے امان دیوگن کا سکہ زیادہ نہ چل سکا، فلمی ناقدین کا یہ بھی کہنا تھا کہ امان دیوگن کی اداکاری میں کچھ نیا نہیں تھا، وہی روایتی تاثرات تھے جو کسی غریب عاشق کے کریکٹر میں ہوتے ہیں، ایکشن میں بھی ان کا انداز کامیڈی جیسا ہی تھا پھر فلم کے فلاپ ہونے کے بعد بچا بھی کچھ نہیں تھا۔
اسٹار کڈز کی فلمیں فلاپ ہونے اور ان کی اداکاری پر تنقید کے بعد بھی بالی وڈ میں اسٹار کڈز کو ہی ترجیح دینے کا سلسلہ جاری ہے، جلد ہی شاہ رخ خان اپنی بیٹی سہانا کو بڑے پردے پر ڈیبیو کروانے جارہے ہیں، سنجے کپور کی صاحبزادی شنایہ کپور بھی اس سال ایک فلم میں ڈیبیو کریں گی، فلمساز اندرا کپور کے صاحبزادے امان بھی فلم ’ تیرا یار ہوں میں‘ سے ڈیبیو کریں گے
-
انفوٹینمنٹ 37 منٹ پہلے
ہانیہ سے مل کر کومل میر کس احساسِ کمتری کا شکار ہوئیں؟
-
انفوٹینمنٹ 60 منٹ پہلے
'عبیر گلال' کے میوزک لانچ ایونٹ میں فواد خان اور وانی کپور مرکزِ نگاہ
-
وائرل اسٹوریز 2 گھنٹے پہلے
کوہلی اور انوشکا کے دبئی میں رقص کی ویڈیو نے دھوم مچادی
-
انفوٹینمنٹ 2 گھنٹے پہلے
کومل میر نے وزن میں اضافے کی وجہ بتادی