فلم / ٹی وی

مادھوری اور عامر فلاپ اداکار سے کامیاب فنکار تک

ادی ایرانی نے ماضی کا کَچّا چِٹّھا کھول دیا

Web Desk

مادھوری اور عامر فلاپ اداکار سے کامیاب فنکار تک

ادی ایرانی نے ماضی کا کَچّا چِٹّھا کھول دیا

ادی ایرانی نے ماضی کا کَچّا چِٹّھا کھول دیا
ادی ایرانی نے ماضی کا کَچّا چِٹّھا کھول دیا

1990 کی رومانوی فلم ’دل’ میں عامر خان اور مادھوری ڈکشٹ کے ساتھ اسکرین شیئر کرنے والے اداکار ادی ایرانی نے انکشاف کیا ہے کہ آج کے سپر ہٹ اداکار عامر خان اور مادھوری ڈکشٹ کو ماضی میں ’فلاپ’ اداکار سمجھا جاتا تھا۔

فلم ’دل’ کو ریلیز ہوئے 35 سال بیت چکے ہیں، اس رومانوی فلم میں مسٹر پرفیکشنسٹ کے لقب سے مشہور اداکار عامر خان نے دھک دھک گرل مادھوری کیساتھ اسکرین شیئر کی۔لیکن بہت کم لوگ جانتے ہیں کہ اس فلم سے پہلے عامر اور مادھوری دونوں کو ہی فلاپ اداکار سمجھا جاتا تھا۔

، حالانکہ دونوں نے 1988 میں اپنی فلموں قیامت سے قیامت تک اور تیزاب کے ذریعے سپر ہٹ کامیابیاں حاصل کی تھیں لیکن اس کے باوجود دونوں سے متعلق یہ تصور عام تھا دونوں ہی فلاب ترین اداکاروں میں سے ایک ہیں۔

اس بارے میں بات کرتے ہوئے اداکار ادی ایرانی نے حال ہی میں ایک انٹرویو میں بتایا کہ،’عامر خان کی پہلی فلم کے بعد ان کی چھ سے سات فلمیں فلاپ ہوئیں تھیں جسے دیکھتے ہوئے پروڈیوسرز کہتے تھے کہ عامر خان کو فلم میں کاسٹ مت کرو پتہ نہیں اس کی فلم چلے گی یا نہیں۔ اسی طرح یہی حال مادھوری ڈکشٹ کا بھی تھا۔ انہوں نے کئی بڑی فلمیں سائن کی تھیں، لیکن اس وقت ایک دو ناکام ہوئیں اور باقی مکمل نہیں ہو رہی تھیں۔’

فلم دل اور انیل کپور کا اہم مشورہ:

ادی ایرانی نے فلم سے متعلق بات کرتے ہوئے مزید یہ بھی بتایا کہ،’دل’ کی کہانی اس وقت شروع ہوئی جب اندر کمار کو فلم ’بیٹا’ بنانے کے لیے انیل کپور کی تاریخیں نہیں مل سکیں۔ اندر کمار جو پہلے ہی انیل کے ساتھ فلم ’محبت’ اور ’قسم’بنا چکے تھے، اور اب ’بیٹا’ کے ذریعے بطور ہدایت کار ڈیبیو کرنا چاہتے تھے۔ لیکن انیل کپور کے بڑے بھائی اور پروڈیوسر بونی کپور کے اصرار پر انیل نے فلم سائن تو کر لی، مگر وہ ایک سال تک فلم کے لیے وقت نہیں دے سکتے تھے۔

اداکار کے بیان کے مطابق،’انیل کپور نے اندر کمار سے کہا، ’تم ایسا کرو، اس دوران ایک چھوٹے بجٹ کی فلم بنا لو۔ تمہیں بطور ہدایت کار تجربہ بھی ہو جائے گا۔‘ تو اندر کمار نے عامر خان اور مادھوری ڈکشٹ کو لے کر ’دل’ پر کام کرنا شروع کردیا یہ سوچتے ہوئے کہ ’چلو ایک چھوٹی فلم بنا لیتے ہیں، دیکھتے ہیں کیا ہوتا ہے۔‘

لیکن یہ چھوٹی فلم چھوٹے پیک میں ایک بڑا دھماکا ثابت ہوئی کیونکہ دل نہ صرف ایک بڑی کامیابی بنی بلکہ اس نے عامر خان اور مادھوری ڈکشٹ پر سے فلاپ اداکار کا داغ ہٹاتے ہوئے انہیں سپر اسٹار کے درجے پر پہنچا دیا۔

فلم ’دل’ کے بعد اندرکمار شدید دباؤ میں:

اور پھر جس وقت فلم ’دل’ نے لوگوں کی امیدوں پر پورا اترتے ہوئے کامیابیاں سمیٹیں تو اندر کمار پر دباؤ بڑھ گیا کہ وہ فلم’بیٹا’ کو بھی اسی سطح پر کامیاب بنا سکیں گے یا نہیں۔ تاہم، انیل کپور خوش تھے کہ انہیں اندر کمار کی شکل میں ایک سپر ہٹ ڈائریکٹر مل گیا۔

لیکن ساتھ ہی وہ اس بات سے پریشان بھی تھے کہ انہیں ’بیٹا’ میں ایک دیہاتی لڑکے کا کردار ادا کرنا پڑ رہا تھا۔ اور پھر بالآخر،’بیٹا’ جو 1992میں ریلیز ہوئی فلم ’دل’ سے بھی زیادہ بڑی کامیابی حاصل کرگئی۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ ’بیٹا’ میں ہیروئن کے لیے سب سے پہلے سری دیوی کو اپروچ کیا گیا تھالیکن چونکہ سری دیوی نئے ڈائریکٹرز کے ساتھ کام نہیں کرتی تھیں اسی لیے انہوں نے انکار کر دیا۔

سری دیوی کا ایک انکار مادھوری کی قسمت چمکا گیا کیوکہ اندر کمار جو اس وقت ’دل’ میں مادھوری ڈکشٹ کے ساتھ کام کر رہے تھے ’بیٹا’ کے لیے بھی مادھوری کو سائن کر لیا۔’

عامر خان کا ابتدائی مشکل دور:

یاد رہے کہ حال ہی میں پی وی آر عامر خان فلم فیسٹیول کے لانچ کے دوران عامر خان نے اپنے کریئر کے ابتدائی مشکل وقت کو یاد کرتے ہوئے بتایا تھا کہ،’اس وقت اداکار بیک وقت 30 سے 50 فلموں میں کام کرتے تھے۔ انیل کپور سب سے کم فلمیں کرنے والے اداکار تھے، انہوں نے صرف 33 فلمیں کیں۔ ’

اداکار کے مطابق ،’میں نے بھی ان سے متاثر ہو کر 9-10 فلمیں سائن کر لیں۔ مگر ان فلموں کے ڈائریکٹرز وہ نہیں تھے جن کے ساتھ میں کام کرنے کا خواب دیکھتا تھا اور پھر جب شوٹنگ شروع ہوئی تو مجھے اپنی غلطی کا احساس ہوا۔ میں دن میں تین شفٹوں میں کام کر رہا تھا اور خوش نہیں تھا تو میں گھر جاتا اور روتا تھا۔’

انہوں نے مزید بتایا کہ اس دوران میڈیا نے مجھے 'ون فلم ونڈر' (ایک فلم کی کامیابی کے بعد ناکام ہونے والا اداکار) کہنا شروع کر دیا تھا اور دیکھا جائے تو وہ صحیح بھی تھے اور میں کسی کو اس کے لیے قصوروار نہیں ٹھہراتا۔

اس وقت مجھے بھی اندازہ ہو گیا تھا کہ نہ صرف میری تین فلمیں فلاپ ہو چکی ہیں بلکہ جو اگلی چھ فلمیں ہیں، وہ بھی فلاپ ہونے والی ہیں کیونکہ وہ اس سے بھی بدتر تھیں۔ میں دیکھ سکتا تھا کہ میرا کریئر ختم ہو رہا ہے۔ میں ایک دلدل میں پھنس گیا تھا اور نکلنے کا کوئی راستہ نہیں تھا۔’

لیکن عامر خان نے اپنی محنت سے خود کو دوبارہ ثابت کیا اور ’دل’ جیسی فلم نے انہیں ایک بار پھر کامیابی کی راہ پر گامزن کر دیا۔

تازہ ترین