دیپیکا ککڑ 'سیلیبرٹی ماسٹر شیف انڈیا' کیوں چھوڑ گئیں؟
اداکارہ نے مداحوں سے اہم انکشاف کردیا
بھارتی ٹیلی ویژن کی معروف اداکارہ دیپیکا ککڑ نے چار سال کے وقفے کے بعد مشہور ٹی وی شو 'سیلیبریٹی ماسٹر شیف' میں واپسی کی تھی لیکن بدقسمتی سے ان کی اسکرین پر واپسی کندھے کی چوٹ کی نذر ہوگئی۔
اداکارہ دیپیکا ککڑ سیلیبریٹی ماسٹر شیف کی حالیہ ہولی اسپیشل قسط میں شریک ہوئیں جہاں انہوں نے شو میں اپنی موجودگی کے حوالے سے مداحوں سے اہم انکشاف کیا جس کی ویڈیو فوٹواینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر وائرل ہوگئی۔
انسٹاگرام پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اداکارہ دیپیکا نے مداحوں اور شو کے دیگر کنٹسٹنٹ سے انکشاف کیا کہ وہ اپنی شولڈر انجری کی وجہ سے اب سیلیبریٹی ماسٹر شیف انڈیا کا حصہ نہیں ہوں گی‘۔
دیپیکا کے اس انکشاف نے شو کے تمام شرکاء سمیت ججز کو بھی شدید صدمے سے دو چار کردیا۔
ماجرا کیا ہے؟
واقعہ کی تفصیل یہ ہے کہ شو کی 'ہولی اسپیشل' قسط میں معروف بھارتی فلمساز فرح خان نے تمام کنٹسٹنٹس کو سفید رنگ میں ملبوس دیکھ کر دیپیکا سے ان کے نیلے ڈریس اور ہاتھ میں پلاسٹر کی وجہ پوچھی۔
جواب میں دیپیکا نے اپنی حالت کو واضح کرتے ہوئے کہا کہ ‘میری شولڈر انجری کافی پیچیدہ ہوگئی ہے اور اب حال پہلے سے تھوڑا اور زیادہ بُرا ہو گیا ہے‘۔
انہوں نے بتایا کہ ‘ان کے بائیں کندھے میں جمود بڑھ رہا تھاجس کی وجہ سے ان کی پیٹھ میں بھی شدید تکلیف ہو رہی تھی‘۔
شو کے جج شیف رانویر برار نے دیپیکا کی بات پر اپنی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سوال کیا کہ ‘تو پھر آپ کھانا کیسے پکائیں گی؟‘
دپیکا نے آبدیدہ ہو کر جواب دیا کہ ‘نہیں پکا پاؤں گی‘ جس کے بعد دیپیکا نے جج فرح خان کے ساتھ اپنی مشکلات کا کھل کر ذکر کیا۔
انہوں نے بتایا کہ ‘جب یہ چوٹ دو ہفتے پہلے لگی تو ڈاکٹر نے انہیں آرام کرنے کا مشورہ دیا تھا لیکن انہوں نے شو کی ریکارڈنگ جاری رکھی‘۔
ان کا کہنا تھا کہ ‘حال ہی میں زیادہ تکلیف ہونے کے بعد میں نے چار دنوں کا بریک لیا اور شو پر واپس آکر اپنے بائیں کندھے کو نہ استعمال کرنے کی کوشش کی، تاہم تکلیف کافی بڑھ گئی جس پر مجھے ڈاکٹر سے سخت سرزنش کا سامنا کرنا پڑا‘۔
آخر میں دیپیکا نے شو کے ججز، ٹیم اور اپنے ساتھی کنٹسٹنٹس کیلئے دل سے اپنی شکرگزاری کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ‘شکریہ آپ سب نے مجھے دلی حمایت دی ہے جسے میں ہمیشہ یاد رکھوں گی’۔
واضح رہے کہ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بگ باس 16 کے مقابلہ کنندہ ’شیو ٹھاکرے‘ سیلیبریٹی ماسٹر شیف انڈیا میں وائلڈ کارڈ انٹری کی صورت میں اداکارہ دیپیکا کی جگہ لے سکتے ہیں، تاہم اس بات کی باضابطہ تصدیق ابھی تک نہیں ہوئی ہے۔



