دلچسپ و خاص

بلاول بھٹو کی 'پیڈل ٹینس' میں مہارت دیکھ کر سب دنگ

بلاول بھٹو کے ہمراہ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور میئر کراچی مرتضیٰ وہاب بھی موجود تھے

Web Desk

بلاول بھٹو کی 'پیڈل ٹینس' میں مہارت دیکھ کر سب دنگ

بلاول بھٹو کے ہمراہ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور میئر کراچی مرتضیٰ وہاب بھی موجود تھے

(اسکرین گریب)
(اسکرین گریب)

سابق وزیرخارجہ و چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کو خوب مہارت کے ساتھ پیڈل ٹینس کھیلتا دیکھ کر سب کو حیرت میں مبتلا کردیا۔

بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کے ہمراہ رات گئے باغ ابنِ قاسم کا دورہ کیا اور وہاں کے مختلف منصوبوں کا جائزہ لیا۔

اس دوران بلاول بھٹو زرداری نے کے ایم سی اسپورٹس ارینا کا بھی معائنہ کیا اور وہاں کی سہولتوں کا جائزہ لیا۔

بلاول بھٹو زرداری نے اس موقع پر پیڈل ٹینس بھی کھیلا اور اسپورٹس ارینا میں دستیاب سہولتوں کا براہ راست تجربہ کیا۔

اس موقع پر ان کے ہمراہ میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے بھی شاندار کھیل کر مظاہرہ کیا۔

ویڈیو اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شیئر کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے لکھا کہ 'آئیے باغ ابن قاسم میں بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کی جانب سے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت قائم کردہ کھیلوں کے نئے مرکز کو دیکھیں'۔

انہوں نے مزید لکھا کہ 'یہاں کرکٹ، فٹبال، پیڈل ٹینس اور پِکل بال سے لطف اندوز ہوں، امید ہے کہ آپ اس سے بہتر پرفارم کریں گے جیسا میں نے پہلی بار پیڈل ٹینس کھیلتے ہوئے کیا'۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے باغ ابنِ قاسم میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ان منصوبوں سے کراچی کے شہریوں کو بہتر تفریحی سہولتیں فراہم ہوں گی۔

حکومتِ سندھ کے مطابق یہ اسپورٹس ارینا صوبائی حکومت کی عوامی مقامات کو بحال کرنے اور کراچی کے رہائشیوں کیلئے زیادہ فعال اور متحرک طرز زندگی کی حوصلہ افزائی کرنے کی کوششوں کا حصہ ہے۔

میئر کراچی مرتضیٰ وہاب، جنہوں نے شہرِ قائد کئی ترقیاتی منصوبوں کی نگرانی کی ہے، امید کرتے ہیں کہ یہ نیا اسپورٹس ارینا کراچی کے مزید لوگوں میں کھیلوں کا رجحان پیدا کرنے اور عوامی مقامات کو مثبت طور پر استعمال کرنے کی ترغیب دے گا۔

ترجمان صوبائی حکومت کے مطابق یہ اقدام شہر میں تفریحی مواقع کو بڑھانے کے لیے حکومت سندھ کی وسیع تر کوششوں کا حصہ ہے۔

بلاول بھٹو کا مختصر تعارف

بلاول بھٹو زرداری پاکستان کے نوجوان سیاستدان اور پیپلز پارٹی کے چیئرمین ہیں، وہ 21 ستمبر 1988 کو پیدا ہوئے اور پاکستان کے سابق وزیرِاعظم بینظیر بھٹو اور سابق صدر آصف علی زرداری کے بیٹے ہیں۔

بلاول بھٹو نے برطانیہ کی آکسفورڈ یونیورسٹی سے گریجویشن کی، جہاں انہوں نے تاریخ اور سیاست میں تعلیم حاصل کی۔

سیاسی سفر:

2007 میں بینظیر بھٹو کی شہادت کے بعد، بلاول کو پارٹی کا چیئرمین نامزد کیا گیا، مگر اس وقت وہ تعلیم حاصل کر رہے تھے۔

2013 کے عام انتخابات میں وہ عملی سیاست میں مکمل طور پر سرگرم نہیں تھے، لیکن بعد میں وہ سیاسی میدان میں متحرک ہوئے۔

2018 کے انتخابات میں انہوں نے قومی اسمبلی کی نشست جیتی اور پارلیمان میں اپنی پارٹی کی نمائندگی کی۔

2022 میں انہیں پاکستان کا 37واں وزیرِ خارجہ مقرر کیا گیا، اور وہ اپریل 2022 سے اگست 2023 تک اس عہدے پر فائز رہے۔

چند دلچسپ حقائق

گزشتہ برس ایک انٹرویو میں بلاول بھٹو نے اپنے بارے میں مختلف سوالوں کے دلچسپ جوابات دیے تھے۔

بلاول بھٹو نے بتایا تھا کہ ان کی والدہ اور سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو انہیں مشورہ دیتی ہیں کہ آج کا کام کل پر کبھی مت چھوڑنا۔

میزبان نے پوچھا کہ 'سیاستدان نہ ہوتے تو کیا ہوتے؟' اس پر بلاول نے کہا کہ آپ کی طرح میڈیا میں کام کررہا ہوتا۔

انہوں نے ایک اور سوال کا جواب دیا کہ ان کا سب سے پسندیدہ گانا پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کا ترانہ ’دلا تیر بجا‘ ہے۔

پسندیدہ کار کے سوال پر انہوں نے یہ بتایا کہ ’مجھے پاکستان میں اپنی گاڑی خود ڈرائیو کرنے کا موقع نہیں مل پاتا، موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے ہم سب کو الیکٹرک گاڑیاں استعمال کرنی چاہیے‘۔

سب سے پسندیدہ جگہ کے سوال پر بلاول بھٹو نے کہا کہ ’میری سب سے پسندیدہ جگہ کراچی واپس آنا ہے، میں پوری دنیا اور ملک گھوم چکا ہوں لیکن جو سکون کراچی ائیرپورٹ پر جہاز سے اترتے ہوئے ملتا ہے وہ کہیں نہیں ملتا‘۔