ہالی ووڈ

گیل گیڈوٹ کا نام ’واک آف فیم‘ میں شامل ہونے پر کہرام مچ گیا

احتجاج کے باعث تقریب 15 منٹ کی تاخیر سے شروع ہوئی، مظاہرین کو نظربند کردیا گیا

Web Desk

گیل گیڈوٹ کا نام ’واک آف فیم‘ میں شامل ہونے پر کہرام مچ گیا

احتجاج کے باعث تقریب 15 منٹ کی تاخیر سے شروع ہوئی، مظاہرین کو نظربند کردیا گیا

(اسکرین گریب)
(اسکرین گریب)

ہالی وڈ کی فلم ’ونڈر وومن‘ سے شہرت کی بلندیوں پر پہنچنے والی اسرائیلی اداکارہ گیل گیڈوٹ کو ہالی وڈ کے ’واک آف فیم‘ میں شامل کرنے پر فلسطین کے حامی سراپا احتجاج ہیں۔

عرب نیوز کے مطابق ’واک آف فیم‘ کی یہ تقریب منگل کو ہالی وڈ میں ’ایل کیپیٹن تھیٹر‘ کے قریب اُسی روز منعقد ہوئی جس دن اسرائیل نے 19 جنوری کی جنگ بندی کے بعد غزہ پر شدید ترین بمباری کی۔

گیل گیڈوٹ اپنے اہلِ خانہ، دوستوں اور ساتھیوں کے ہمراہ اس تقریب میں شریک ہوئیں۔ فلم ’فاسٹ اینڈ فیوریئس‘ کے شریک اداکار وین ڈیزل اور ’ونڈر وومن‘ کے ڈائریکٹر پیٹی جینکنز بھی اس موقع پر موجود تھے۔

اس موقع پر فلسطین کے حامی مظاہرین نے ’فلسطینیوں کی طرح لڑو‘ اور ’لانگ لیو پیلسٹائن‘ کے پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے اور وہ آزادی کے حق میں اور قبضے کے خلاف کے نعرے لگا رہے تھے۔

اس دوران اسرائیل کے حامیوں بھی موقع پر پہنچ گئے جنہوں نے اسرائیلی جھنڈے اٹھا رکھے تھے اور انہوں نے گیل گیڈوٹ کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔

احتجاج کے باعث تقریب 15 منٹ کی تاخیر سے شروع ہوئی، کشیدگی میں اس وقت اضافہ ہو گیا جب فلسطین کے ایک حامی نے مخالف مظاہرین میں سے ایک شخص سے اسرائیل کا جھنڈا چھین لیا۔

اس موقعے پر پولیس نے بعض مظاہرین کو نظربند کردیا، تاہم کسی کو گرفتار کرنے کی اطلاع نہیں ملی۔

گیل گیڈوٹ متنازع کیوں؟

واضح رہے کہ اداکارہ گیل گیڈوٹ نے اسرائیلی فوج میں بھی خدمات سرانجام دے رکھی ہیں اور وہ 7 اکتوبر 2023 کو حماس کے حملے کے بعد اسرائیل کے موقف کی کھل کر حمایت کر رہی ہیں۔

وہ مختلف پلیٹ فارمز کے ذریعے اسرائیلی مغویوں کی رہائی کے لیے بھی متعدد بار آواز بلند کر چکی ہیں۔

گیل گیڈوٹ کی آنے والی فلم ’سنو وائٹ‘ ہے جو رواں برس 21 مارچ کو سنیما گھروں میں ریلیز ہو رہی ہے۔