8 برس کی عمر میں ہراسانی کا شکار ہوئی، اونیت کور
ایک ڈائریکٹر نے ان پر زبانی بدسلوکی کی
ٹی وی سے اپنے کیرئیر کا آغاز کرنے والی بھارتی انڈسٹری کی مشہور اداکارہ اور سوشل میڈیاسینسیشن اونیت کور نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں بہت کم عمر میں نامناسب طریقے سے چھوا گیا اورہراسانی کا نشانہ بنایا گیا۔
اداکارہ اونیت کور اب انڈسٹری کا جانا پہچانا چہرہ بن چکی ہیں، انہوں نے محض8 سال کی عمر میں رئیلٹی شو ’ڈانس انڈیا ڈانس لِٹل ماسٹرز’ سے اپنے کیریئر کا آغاز کیا۔ بعدازاں، اونیت نے 2012 میں ڈرامہ سیریل ’میری ماں’ سے اداکاری کی دنیا میں قدم رکھ لیا اور اسکے بعد کئی ٹی وی شوز میں نظر آنے لگیں۔
صرف یہی نہیں بلکہ ڈراموں اور شوز کے بعد انہوں نے اپنے اس ٹیلنٹ کا مظاہرہ سال 2014 کی فلم ’مردانی’ میں بھی کیا اور خوب داد سمیٹی۔
اور جب یہاں بھی انکی صلاحتیں ماند نہ پڑیں تو انہوں نے 2023 میں فلم ’ٹکو ویڈز شیرو’ کے ذریعے مرکزی کردار ادا کرنے کا آغاز کیا اور اب وہ فلموں میں لیڈ رولز کرتی نظر آتی ہیں۔
لیکن اس ترقی اور کامیابی کو حاصل کرنے کے سفر میں انہیں کن کن مسائل کا سامنا کرنا پڑا اداکارہ نے تہلکہ خیز انکشافات کرکےفینز کو دنگ کردیا۔
حالیہ انٹرویو میں اونیت کور نے ناخوشگوار تجربات کے بارے میں بات کی جو انہیں بطور چائلڈ اسٹار پیش آئے اور کیسے ان کی معصومیت کا فائدہ اٹھایا گیا۔
اداکارہ نے بتایا کہ محض 8 سال کی عمر میں انہیں نامناسب طریقے سے چھوا گیا، جبکہ 12 سال کی عمر میں ایک ڈائریکٹر نے ان پر زبانی بدسلوکی کی۔
Hauterrfly کو دیے گئے ایک انٹرویو میں اپنے بچپن کے تلخ تجربات کو یاد کرتے ہوئے اونیت کور نے انکشاف کیا کہ جب وہ محض 8 سال کی تھیں تو انہیں ڈانس ریہرسل کے دوران نامناسب طریقے سے چھوا گیا اور اس واقعے کے بعد ان کی والدہ نے انہیں گڈ ٹچ اور بیڈ ٹچ کے بارے میں سمجھایا۔
اداکارہ بتاتی ہیں کہ اس جب مجھے نامناسب طریقے سے چھوا گیا تو میں نے اس واقعہ کا ذکر فوراً اپنی والدہ سے کیا جسکے بعد انہوں نے مجھے گڈ ٹچ اور بیڈ ٹچ کے بارے میں بتایا تب سے، میں ایسے واقعات کے لیے تیار تھی۔
ساتھ ہی اسی انٹرویو میں اونیت مزید بتاتی ہیں کہ انہیں بچپن میں سخت تنقید اور بدسلوکی کا سامنا کرنا پڑا۔
اونیت کے مطابق ،’یہ اس وقت کی بات ہے جب میں اپنے کیرئیر کیلئے سخت محنت کررہی تھی، میں ابھی شروعات ہی کر رہی تھی کہ ایک ڈائریکٹر نے مجھے ایک بہت بھاری مکالمہ دیا جس میں مشکل الفاظ تھے۔ ’
اداکارہ بتاتی ہیں کہ حالانکہ میں اس وقت صرف 11 یا 12 سال کی تھی، اور مجھ سے 2-3 بار غلطی ہو گئی۔ تب ڈائریکٹر نے مائیک آن کر کے مجھ پر چیخنا شروع کر دیا اور ڈانٹ پلاتے ہوئے کہا کہ،’میں کسی کام کی نہیں ہوں اور میں اس انڈسٹری میں کبھی کامیاب نہیں ہو سکتی۔ ’
اونیت کے مطابق،’یہاں تک کہ اس نے مجھ پر زبانی بدسلوکی بھی کی جس کے بعد میں بہت الجھن میں آگئی کیونکہ میرے والدین کو سیٹ پر آنے کی اجازت نہیں تھی۔ بعد میں، میں نے اپنے والدین کو سب کچھ بتایا کیونکہ اس واقعے نے میری ’خود اعتمادی کو توڑ کر رکھ دیا’۔
اونیت کور کی شادی کی افواہیں:
یاد رہے کہ کچھ عرصے قبل اداکارہ سے متعلق انکی شادی کی افواہیں گرم تھیں جس کے بعد انہوں نے ان افواہوں کی تردید کرتے ہوئے کہا تھا کہ،میرا ابھی شادی کا کوئی ارادہ نہیں ہے میڈیا پر چلنے والی شادی کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے یہ محض افواہیں ہیں‘۔
میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ‘مجھے سمجھ نہیں آرہا کہ لوگ میری شادی کو لے کر اتنا پریشان کیوں ہیں۔ میں آپ سب کو بتانا چاہتی ہوں کہ میری شادی میں ابھی بہت وقت ہے اس لیے پرسکون ہو جائیں اور تھوڑا انتظار کریں‘۔
صحافیوں کی جانب سے شادی کیلئے اداکارہ کی پسند کے بارے میں بھی پوچھا گیا جس کا جواب دیتے ہوئے اونیت کا کہنا تھا کہ ‘میں ذاتی طور پر پسند کی شادی میں یقین رکھتی ہوں اگر مجھے لگا کہ بطور لائف پارٹنر میں کسی کا انتخاب نہیں کرپارہی تو پھر میں والدین کی مرضی اور دعاؤں کے ساتھ رخصت ہونا پسند کروں گی لیکن ان سب چیزوں میں ابھی بہت وقت ہے‘۔




