دلچسپ و خاص

بھاگ کر شادی کرنے والے جوڑے کی 64 سال بعد دوبارہ شادی

جوڑے نے اپنے اس خواب کو پورا کیا کہ وہ خاندان کی موجودگی میں شادی کریں گے

Web Desk

بھاگ کر شادی کرنے والے جوڑے کی 64 سال بعد دوبارہ شادی

جوڑے نے اپنے اس خواب کو پورا کیا کہ وہ خاندان کی موجودگی میں شادی کریں گے

جوڑے نے چار دوستوں کی موجودگی میں شادی کی تھی
جوڑے نے چار دوستوں کی موجودگی میں شادی کی تھی

محبت سب سے بڑی نعمتوں میں سے ایک ہے اور شادی اس محبت کے سفر میں ایک اہم موڑ ثابت ہوتی ہے لیکن محبت کا راستہ ہمیشہ ہنسی خوشی اور گرم جوشی سے بھرا نہیں ہوتا، ہرشاد اور مرودلا کی کہانی بھی ایسی ہی تھی لیکن ان کی اگلی نسل نے ان کے خواب کو حقیقت میں بدل دیا۔

ہرشاد اور مرودلا کی زندگی بھر کی خواہش اپنے پورے خاندان کی موجودگی میں شادی کرنے کی تھی اور یہ خواب 64 سال بعد پورا ہوا۔

انہوں نے ہمیشہ ایک خوبصورت اور روشن ماحول میں اپنے پیاروں کی موجودگی میں شادی کرنے کا خواب دیکھا تھا لیکن 1961 میں جب وہ پہلی بار شادی کے بندھن میں بندھے تو یہ ایک دور کی بات لگ رہی تھی۔

خفیہ محبت اور خاندان کی مخالفت

میڈیا رپورٹ کے مطابق، ہرشاد اور مرودلا کی محبت کی کہانی اس وقت شروع ہوئی جب وہ نوعمر تھے، وہ دھنا سُتھر میں رہتے تھے، جہاں ان کی پہلی ملاقات ہوئی اور وہ ایک دوسرے کے قریب آگئے۔

وہ روشنیوں کو جلا بجھا کر ایک دوسرے کو اشارے دیتے اور اپنے دوستوں کی مدد سے خط و کتابت کرتے۔

تاہم ان کی محبت کو بین المذاہب تعلقات کی وجہ سے سخت مخالفت کا سامنا کرنا پڑا، مرودلا ایک برہمن خاندان سے تعلق رکھتی تھیں جبکہ ہرشاد جین کمیونٹی سے تھے۔

دونوں کے خاندان ان پر مسلسل محبت کو چھوڑنے کے لیے دباؤ ڈال رہے تھے لیکن وہ اپنے فیصلے پر قائم رہے اور بھاگ کر شادی کرنے کا فیصلہ کیا۔

1961 میں خفیہ شادی

1961 میں، مرودلا اور ہرشاد نے صرف چار قریبی دوستوں کی موجودگی میں خاموشی سے شادی کر لی، ان کی شادی آریہ سماج مندر میں انجام پائی کیونکہ مرودلا کے خاندان نے ہرشاد سے ان کی شادی کی سخت مخالفت کی تھی۔

شادی کے بعد مرودلا کے کچھ خاندان والے ابھی بھی ان سے ناراض رہے جبکہ ہرشاد کے گھر والوں نے جلد ہی انہیں قبول کر لیا۔

مرودلا کے بھانجے درشن جانی اور ان کی بیوی ستی نے ان کی خواہش کو پورا کرنے میں اہم کردار ادا کیا، درشن نے بتایا کہ وہ 35 سال کے تھے جب انہیں معلوم ہوا کہ ان کی ایک ماں جیسی خالہ بھی ہیں۔

ایک دن جب وہ اپنی خالہ سے بات کر رہے تھے تو مرودلا نے بتایا کہ انہوں نے صرف 10 روپے کی ساڑھی پہن کر شادی کی تھی، بعد میں انہیں اپنا سونا بھی بیچنا پڑا۔

درشن کی بیوی، ستی، نے مرودلا کی اداسی محسوس کی اور فیصلہ کیا کہ وہ انہیں روایتی رسومات کے ساتھ دوبارہ شادی کرائیں گے۔

دوبارہ شادی کی شاندار تقریب

درشن اور ستی نے ہرشاد اور مرودلا کی شادی کی تمام تیاریاں کیں اور مرودلا کا "کنیا دان" بھی ادا کیا، اس خوشی کے موقع پر، مرودلا نے جذباتی ہوتے ہوئے کہا کہ میرے بھانجے نے میرے والدین کا کردار ادا کیا اور اس سے بڑی دعا اور کیا ہو سکتی ہے، میں دو دن تک خوشی سے ناچتی اور گاتی رہی اور جب میں نے اپنے شوہر کا ہاتھ پکڑا، تو ایسا لگا جیسے میرا خواب حقیقت بن گیا ہو، مجھے اس سے زیادہ کچھ نہیں چاہیے تھا۔

تازہ ترین