مشہور سیاحتی مقامات کی اَن دیکھی تصاویر
یہ تصاویر دیکھ کر شاید آپ اِن سیاحتی مقامات کا رخ کرنے سے پہلے 10 بار سوچیں

قدرتی حسن، تاریخی ورثہ اور ثقافتی دلکشی—یہ تین عناصر کسی بھی سیاحتی مقام کو یادگار بنانے کے لیے کافی ہوتے ہیں۔ دنیا بھر میں بے شمار مقامات ایسے ہیں جو نہ صرف اپنی خوبصورتی بلکہ اپنی کہانیوں کی وجہ سے بھی مسافروں کو اپنی طرف کھینچتے ہیں۔
کبھی قدیم کھنڈرات کے رازوں میں چھپی تاریخ سیاحوں کو لبھاتی ہے، تو کبھی برف سے ڈھکی پہاڑیاں اور نیلے پانیوں کے ساحل دل موہ لیتے ہیں۔
ہر سیاح کے دل میں ایک خواب ہوتا ہے—کسی ایسے مقام تک پہنچنے کا جہاں وہ لمحے تھم جائیں، جہاں ہر منظر ایک یاد بن جائے۔ یہی کشش دنیا کے مشہور سیاحتی مقامات کو خاص بناتی ہے۔
لیکن آج ہم کچھ ایسے مشہور سیاحتی مقامات کی اَن دیکھی تصاویر پر نظر ڈالیں گے جنہیں دیکھ کر شاید آپ سیاحت کیلئے اِن مقامات کا رخ کرنے سے پہلے 10 بار سوچیں؛
اہرامِ مصر

اہرامِ مصر صرف ایک سیاحتی مقام نہیں بلکہ دنیا کے 7 عجائبات میں شامل ایک عجوبہ ہے جسکی تعمیر و تخلیق آج بھی ایک معمہ ہے۔
تصاویر دیکھ کر شاید آپ کو گمان ہوتا ہوگا کہ اہرامِ مصر کسی ویران صحرا کے بیچ میں موجود ہے، اور فلموں کی طرح اِس تک پہنچنے کیلئے اونٹ کی سواری کرنی پڑتی ہوگی۔

حقیقت میں یہ ایک ایسی جگہ پر موجود ہے جہاں سے صرف چند سو میٹر کے فاصلے پر سیکڑوں اپارٹمنٹس اور انسانوں کے ہجوم سے بھرپور پورا شہر آباد ہے۔
لہٰذا عین ممکن ہے کہ یہاں تک پہچنے کیلئے آپ کا اونٹ کی سواری کا خواب ادھورا رہ جائے گا اور بہتر تصاویر لینا بھی چند مخصوص اینگلز سے ہی ممکن ہوگا۔
تاج محل

تاج محل یعنی مقبرہ ملکہ ممتاز محل (زوجہ شاہ جہاں) بھارت کے شہر آگرہ میں واقع سنگ مرمر سے بنی ایک عظیم الشان عمارت ہے جسے مغل شہنشاہ شاہ جہاں نے اپنی زوجہ کی محبت کی لافانی یادگار کے طور پر دریائے جمنا کے ساحل پر بنایا تھا۔
تاج محل اپنے فنِ تعمیر کی خوبیوں اور خصوصیتوں کی بنا پر دنیا بھر میں مشہور ہے اور اہرامِ مصر کی طرح عجائبات عالم میں شمار ہوتا ہے۔

اگر آپ سیاحت کے شوقین ہیں اور تاج محل دیکھنے کا ارادہ رکھتے ہیں تو اس خوبصورت محل کے اندر کسی قسم کے پُرتعیش ہال یا کمرے دیکھنے کی توقع نہ کریں، عمارت خستہ حالی کا شکار ہوچکی ہے اور پورا محل ایک دیوہیکل مقبرے کی طرح لگتا ہے۔

محل کے داخلی دروازے کے بالکل پیچھے آلودگی سے بھرپور شہر اور اطراف میں کچی بستیاں بھی آباد ہیں جہاں سیوریج کے ناقص انتظامات کیوجہ سے جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر شدید کراہت کا باعث بنتے ہیں۔
پیسا ٹاور

اٹلی کی یہ پُراسرار بلندوبالا عمارت اپنے غیرمعمولی ٹیڑھے پن/جھکاؤ کیوجہ سے ایک عجوبہ سمجھی جاتی ہے، یہ دارالحکومت روم سے 400 کلومیٹر دور پیسا شہر (جسے پیزو یا پیزہ بھی کہا جاتا ہے) میں واقع ہے جو کہ 12ویں صدی میں تعمیر ہونے والے چرچ کی عمارت کا حصہ ہے۔
یہ دراصل ایک گھنٹہ گھر تھا جس کو چرچ کی عمارت کے ڈیزائن میں ہی تعمیر کیا جا رہا تھا، تاہم مسلسل جھکاؤ کیوجہ کئی بار اسکی تعمیر روکی گئی، جھکاؤ روکنے کیلئے کئی بار مرمت کی کوششیں بھی کی جاچکی ہیں۔
اس کی 8 منزلیں ہیں اور 294 سیڑھیاں ہیں، یہ جھکی ہوئی جانب سے 183 اعشاریہ تین فٹ جبکہ دوسری جانب سے 186 اعشاریہ دو فٹ بلند ہے، اس میں ابھی تک وہ پرانی گھنٹیاں موجود ہیں جو تعمیر کے وقت لگائی گئی تھیں تاہم اب وہ استعمال نہیں کی جاتیں۔

لہٰذا پیسا میں بھی اسکے غیرمعمولی جھکاؤ اور گھنٹیوں کے سِوا دیکھنے کے لیے کچھ بھی نہیں ہے، اسکی بیرونی بالکونیوں سے باہر جھانک کر بھی نہیں دیکھ نہیں سکتے، جو باقاعدہ دروازے لگا کر بند کردی گئی ہیں۔
اس ٹاور کو دیکھنے جانے کے لیے ٹھیک ٹھاک لاگت آتی ہے، جس کی واحد خوبی اسکی بنیادوں میں موجود یہ عجیب خامی ہے۔
ٹاور کے اطراف میں مسخروں کی طرح ایسی تصاویر کھینچوانے کیلئے سیاحوں کا ہجوم ہر وقت موجود رہتا ہے کہ دیکھنے والوں کو یوں گمان ہو کہ اِس ٹاور کو برسوں سے انہوں نے ہی کندھا دیا ہوا ہے۔
دیوار چین

عجائبات عالم میں شمار ایک اور سیاحتی مقام 'دیوارِ چین' قدیم چین میں تعمیر جانے والی اُن دیواروں اور قلعوں میں سے ایک ہے جسے سیکڑوں سال قبل تعمیر کیا گیا تھا۔
تقریباً 21 ہزار 196 کلو میٹر طویل دیوارِ چین کی چوڑائی زمین سے تقریباً 25 فٹ اور اوپر سے 12 فٹ ہے۔

کہنے والوں نے یہاں تک مشہور کردیا کہ دیوارِ چین خلا اور چاند سے بھی نظر آتی ہے، تاہم یہ دونوں دعوے غلط اور من گھڑت ہیں۔
عین ممکن ہے کہ آپ بذاتِ خود بھی اسے دیکھنے چلے جائیں تو شدید رش کیوجہ سے آپ دیوار پر چڑھ کر بھی دیوارِ چین ڈھنگ سے نہ دیکھ پائیں اور پیدل چل کر طویل خواری کاٹنی پڑے۔
-
انفوٹینمنٹ 32 منٹ پہلے
ہانیہ سے مل کر کومل میر کس احساسِ کمتری کا شکار ہوئیں؟
-
انفوٹینمنٹ 56 منٹ پہلے
'عبیر گلال' کے میوزک لانچ ایونٹ میں فواد خان اور وانی کپور مرکزِ نگاہ
-
وائرل اسٹوریز 2 گھنٹے پہلے
کوہلی اور انوشکا کے دبئی میں رقص کی ویڈیو نے دھوم مچادی
-
انفوٹینمنٹ 2 گھنٹے پہلے
کومل میر نے وزن میں اضافے کی وجہ بتادی