پاکستان

رواں سال صدارتی ایوارڈ پانے والی معروف شخصیات

ہر سال اپنے شعبے میں نمایاں خدمات انجام دینے والی شخصیات کو اس اعزاز سے نوازا جاتا ہے۔

Web Desk

رواں سال صدارتی ایوارڈ پانے والی معروف شخصیات

ہر سال اپنے شعبے میں نمایاں خدمات انجام دینے والی شخصیات کو اس اعزاز سے نوازا جاتا ہے۔

صدارتی ایوارڈ کیلئے نامزدگیوں کا اعلان 14 اگست کو کیا جاتا ہے۔
صدارتی ایوارڈ کیلئے نامزدگیوں کا اعلان 14 اگست کو کیا جاتا ہے۔

ہر سال حکومت پاکستان کی جانب سے صدارتی سول ایوارڈز  مختلف پیشوں سے تعلق رکھنے والے افراد کو دیا جاتا ہے جو اپنے اپنے شعبوں میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہیں۔

اسی طرح حکومت نے 14 اگست 2024 (یوم آزادی) کو اعزازات کی فہرست جاری کی تھی جنہیں 23 مارچ 2025 (یوم پاکستان) کو صدر آصف علی زرداری نے اسلام آباد میں ایوان صدر میں اعزازات سے نوازا۔

مرکزی تقریب ایوان صدر میں منعقد ہوئی جس میں صحت، تعلیم، ادب، صحافت، عوامی، تحقیقی، سفارتی امور اور معیشت میں خدمات کے اعتراف میں مختلف شخصیات کو سول ایوارڈز سے نوازا گیا جبکہ دیگر ایوارڈز چاروں صوبوں کے گورنرز کی جانب سے دیے گئے۔

اس سال مجموعی طور پر 69 وصول کنندگان کو سول ایوارڈز سے نوازا گیا، یہاں ایوارڈ حاصل کرنے والے کچھ فنکاروں اور ادبی شخصیات کا ذکر ہے:

ہلالِ امتیاز

جاوید جبار معروف فلم ساز اور میڈیا پرسنالٹی ہیں جو سیاست میں بھی متحرک رہے اور سینیٹر کے فرائض سر انجام دیے، انہیں ہلالِ امتیاز سے نوازا گیا۔

ستارہ امتیاز

گلگت بلتستان کے معروف شاعر، ادیب اور بیوروکریٹ  ظفر وقار تاج کو حکومتِ پاکستان کی جانب سے ستارہ امتیاز سے نوازا گیا ہے۔

فوٹوگرافر میاں عزیز احمد مرحوم کو بھی ستارہ امتیاز سے نوازا گیا جو ان کے صاحبزادے میاں رفیق احمد نے وصول کیا، ان کے علاوہ ادبی شخصیت سلمی اعوان بھی ستارہ امتیاز حاصل کرنے والوں میں شامل ہیں۔

تمغہ امتیاز

معروف کلاتھنگ برانڈ ثنا صفیناز کی مالک ثنا ہاشوانی اور سفیناز منیر کو حکومت پاکستان کی جانب سے تمغہ امتیاز دیا گیا۔

ان کے علاوہ ادبی و سماجی خدمات پر شاعر سید جواد حسین جعفری کو بھی تمغہ امتیاز سے نوازا گیا۔

صدارتی ایوارڈ برائے حسنِ کارکردگی

معروف اداکار حامد رانا اورشیبا حسن،معروف گلوکار فریحہ پرویز،عامر اشتیاق کو صدارتی ایوارڈ برائے حسن کارکردگی سے نوازا گیا۔

ایوارڈ یافتہ صحافی

صدر اور گورنرز سے ایوارڈ وصول کرنے والوں میں اس بار بھی چند صحافی شامل ہیں۔

صحافیوں میں ایوارڈ حاصل کرنے والی نمایاں شخصیات میں منیب فاروق، سلمان غنی، حسن ایوب، کامران شاہد، سید مزمل سہروردی، نصر اللہ ملک اور سرور منیر راؤ شامل ہیں۔ ایوارڈ کی تقریب میں بتایا گیا کہ یہ صحافی مصدقہ خبریں چلاتے ہیں اور بہت جانفشانی سے اپنے فرائض انجام دیتے ہیں۔

توشہ خانہ کیس کے مرکزی کردار

سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف توشہ خانہ کیس کے مرکزی کردار عمر فاروق کو سماجی شعبے میں خدمات سرانجام دینے پر ہلال امتیاز سے نوازا گیا۔

جب ان کی اس ایوارڈ کے لیے گذشتہ برس 14 اگست کو نامزدگی ہوئی تھی تو کیبینٹ ڈویژن کے ایک افسر نے تصدیق کی تھی کہ یہ وہی شخصیت ہیں جن کا نام عمران خان کے خلاف توشہ خانہ کیس میں سعودی ولی عہد کی جانب سے سابق وزیراعظم کو تحفے میں ملنے والی بیش قیمت گھڑی کے خریدار کے طور پر سامنے آیا تھا۔

تازہ ترین