نیہا کنسرٹ اسکینڈل؛ ٹونی ککڑ کی انسٹاگرام پوسٹ وائرل
گلوکارہ کے بھائی نے اپنی پوسٹ میں اصل ماجرا بیان کردیا
بالی وڈ گلوکارہ نیہا ککڑ اس وقت اپنے میلبرن کنسرٹ میں دیر سے آمد کی وجہ سے سوشل میڈیا پر ٹرولنگ کا سامنا کررہی ہیں۔
یہ تنازع اس وقت پیدا ہوا جب معروف گلوکارہ اپنے کنسرٹ کے لیے تین گھنٹے دیر سے پہنچیں، جس پر سامعین نے ان پر تنقید کی۔
مداحوں کی جانب سے شور وغل پر نیہا اسٹیج پر رونے لگیں اور اپنے مداحوں سے بار بار معافی مانگی اس تمام ہلچل کے درمیان، ان کے بھائی میوزک کمپوزر و گلوکار ٹونی ککڑ کی ایک انسٹا پوسٹ صارفین کی توجہ کا مرکز بن گئی۔
ٹونی ککر نے اپنے انسٹاگرام پر ایک پیغام شیئر کیا، جس میں انہوں نے اپنے مداحوں اور پیروکاروں سے سوال کیا کہ ایسی صورتحال میں کس کو مورد الزام ٹھہرایا جائے گا جب کسی کو شہر میں بلا کر اس کے لیے مناسب انتظامات نہ کیے گئے ہوں؟۔
اپنی پوسٹ میں ٹونی نے لکھا کہ ‘فرض کریں میں آپ کو اپنے شہر میں ایک ایونٹ کے لیے مدعو کرتا ہوں اور تمام انتظامات کی مکمل ذمہ داری لیتا ہو، آپ کے ہوٹل کی بکنگ، کار، ایئرپورٹ پک اپ، اور ٹکٹس‘۔
اب تصور کریں کہ آپ پہنچتے ہیں اور آپ کو پتہ چلتا ہے کہ کچھ بھی بُک نہیں کیا گیا ایئرپورٹ پر نہ کوئی کار ہے، نہ ہوٹل کی بکنگ، اور نہ ہی ٹکٹس ایسی صورت میں کس کو الزام دیا جائے گا؟‘
ٹونی ککڑ نے اپنی پوسٹ کے کیپشن میں لکھا کہ ‘ایک سوال ہے کسی کے لیے نہیں ہے، بس سوال ہے فرضی طور پر‘۔
اگرچہ ٹونی ککڑ نے دعویٰ کیا کہ ان کی پوسٹ کا مقصد کسی کی طرف اشارہ کرنا نہیں تھا مگر مداحوں نے فوراً اس پوسٹ کو نیہا ککڑ کے جاری تنازع سے جوڑ لیا۔
مداحوں کا ردعمل
ٹونی کی پوسٹ کی بنیاد پر مداحوں نے نتیجہ نکالا کہ شو کے ناقص انتظامات کی بدولت ٹیم ہی اس صورتحال کی ذمے دار تھی۔
پوسٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے ایک صارف نے لکھا کہ ‘یہ تو بالکل غلط بات ہے، ایونٹ مینجمنٹ کو دھیان رکھنا چاہیے، یہ فنکار کی توہین ہے‘۔
ایک اور صارف نے اپنے کمنٹ میں کہا کہ ‘آخرکار سچ سامنے آ گیا‘۔
ایک صارف نے گلوکارہ کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ ‘ایونٹ مینجمنٹ کی پوری غلطی ہوتی ہے نہ کہ فنکار کی، لوگ بغیر کچھ جانے بس فنکار کے پیچھے پڑ جاتے ہیں‘۔
اسی دوران ایک اور صارف کا کہنا تھا کہ ‘اصل مسئلہ پروموٹرز کی ناکامی تھی نہ کہ نیہا کی، فیصلہ کرنے سے پہلے اپنے حقائق درست کر لی، یہ انتظامات کا مسئلہ تھا امید ہے گلوکارہ نے بھی اس واقعے سے سبق سیکھا ہوگا‘۔
واضح رہے کہ کنسرٹ میں نیہا ککڑ کے دیر سے پہنچنے کے بعد ان کے مداح جو کافی دیر سے انتظار کر رہے تھے مایوس ہو گئے اس موقع پر سامعین کا غصہ واضح تھا جہاں بعض افراد نے ‘واپس جاؤ‘ کے نعرے بھی لگائے۔




