رجب بٹ نے کعبہ کے سامنے کھڑے ہوکر معافی مانگ لی
علمائے کرام، حکومت پنجابِ اور پاک فوج سے اپیل ہے کہ مجھے انصاف دلوائیں، یوٹیوبر

تنازعات میں گھرے معروف پاکستانی یوٹیوبر رجب بٹ نے خانہ کعبہ کے صحن میں اللہ کو گواہ بنا کر اپنے بیان کی وضاحت دیتے ہوئے معافی مانگ لی۔
رجب بٹ کے خلاف حال ہی میں پیکا ایکٹ کے تحت ایک مقدمہ درج کیا گیا ہے جس میں مذہبی جذبات کو مجروح کرنے کی دفعات بھی شامل ہیں۔
یوٹیوبر رجب بٹ پہلے بھی کئی بار مختلف تنازعات کا شکار رہے ہیں، اس سے قبل شیر کا بچہ رکھنے کے جرم میں ان کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا اور انہیں گرفتار بھی کیا گیا تھا۔
رجٹ بٹ کی ایک حالیہ ویڈیو میں انہوں نے اپنے خلاف پچھلی دفعات کے نام پر نیا پرفیوم ’295‘ لانچ کرنے کا اعلان کیا تھا، تاہم بعدازاں اس ویڈیو کو سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے ڈیلیٹ کردیا گیا تھا۔
پرفیوم کے نام پر سوشل میڈیا پر تنقید کی گئی کیوں کہ اس میں پاکستان پینل کوڈ (پی پی سی) میں توہین مذہب کے قانون کا حوالہ دیا گیا ہے۔
اس معاملے پر رجب بٹ کے خلاف ایک شہری کی درخواست پر لاہور کے تھانہ نشتر ٹاؤن میں مقدمہ درج کیا گیا تھا، جس میں پیکا ایکٹ اور توہین مذہب کی دفعات شامل کی گئی تھیں۔
تاہم پولیس کے مطابق رجب بٹ ان دنوں عمرے کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب میں ہیں اس لیے انہیں ابھی تک گرفتار نہیں کیا جا سکا ہے۔
شدید ردعمل، فتوے اور ایف آئی آر درج ہونے کے بعد رجب بٹ نے ایک ویڈیو پیغام میں قرآن پر ہاتھ رکھ کر معافی مانگتے ہوئے اپنے نئے پرفیوم کے نام پر معافی مانگی تھی اور اس کی فروخت بند کرنے کا اعلان کیا تھا۔
دریں اثنا رجب بٹ نے مسجد الحرام کے مطاف میں حالت احرام میں کھڑے ہوکر اپنی ایک اور ویڈیو ریکارڈ کروائی اور اُسے سوشل میڈیا پر شیئر کردیا۔
انہوں نے اپنی بات کے آغاز پر درود پاک اور پھر کلمہ پڑھا، اس کے بعد کہا کہ میرا مال، جان، والدین، اولاد اور خون کا ایک ایک قطرہ نبی پاک ﷺ پر قربان ہے۔
رجب بٹ نے کہا کہ ’سوشل میڈیا پر میرے حوالے سے جو مسئلے مسائل چل رہے ہیں میں اس پاک جگہ پر حلف لے کر کہتا ہوں کہ میں نے کچھ بھی جان بوجھ کر نہیں کیا‘۔
انہوں نے کہا کہ 'مجھ سے جو کچھ بھی لاعلمی میں ہوا اس کے لیے پہلے بھی معذرت کی اور ایک بار پھر ہاتھ جوڑ کر معذرت کرتا ہوں اور اپیل ہے کہ اپنے دلوں کو میرے لیے صاف کرلیں'۔
رجب بٹ نے علمائے کرام، حکومت پنجاب اور پاک فوج سے اپیل کی کہ اُن کے خلاف درج پیکا ایکٹ کے مقدمے پر نذر ثانی کر کے انصاف دلوایا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’جو دفعہ 295 مجھ پر لگائی جارہی ہے اُس کے بارے میں اپنے وی لاگ میں بتایا تھا کہ وہ جھوٹی ہے لیکن جھوٹا لفظ کاٹ کر 295 دفعہ کے حوالے سے فتویٰ دے دیا گیا‘۔
رجب بٹ نے ویڈیو کے آخر میں کہا کہ میں ایک بار پھر اللہ، اس کے رسول اور تمام مسلمانوں سے معذرت کرتا ہوں۔
ایف آئی ار درج ہوئی کیوں؟
رجب بٹ کے خلاف حال ہی میں پیکا ایکٹ کے تحت ایک اور مقدمہ درج کیا گیا تھا، جس میں ان کے نئے پرفیوم کے تعارف کا بھی ذکر کیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق لاہور پولیس نے رجب بٹ کے خلاف درج مقدمے میں پیکا ایکٹ کی دفعات شامل کی ہیں۔ یہ مقدمہ تھانہ نشتر کالونی میں درج کیا گیا ہے، اور ایف آئی آر میں جذبات مجروح کرنے کی دفعات بھی شامل کی گئی ہیں۔
ایف آئی آر میں رجب بٹ کی جانب سے نیا پرفیوم متعارف کرانے کا بھی حوالہ دیا گیا ہے، جس پر مختلف حلقوں کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آیا تھا۔
پولیس کے مطابق ملزم کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی اور مقدمے کے اندراج کے بعد تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
یہ بات قابل ذکر ہے کہ رجب بٹ اس سے قبل بھی اپنے متنازع بیانات اور سوشل میڈیا پر مواد کی وجہ سے خبروں کی زینت بنتے رہے ہیں، اور ان کے خلاف کئی مقدمات درج کیے جا چکے ہیں۔
گزشتہ سال دسمبر میں لاہور پولیس نے بغیر لائسنس کے شیر کا بچہ اور غیر قانونی اسلحہ رکھنے پر رجب بٹ کو گرفتار کیا تھا، تاہم انہیں بعد میں ضمانت پر رہا کر دیا گیا تھا۔
پولیس اور محکمہ وائلڈ لائف نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے ان کے گھر پر چھاپہ مارا تھا، اور ذرائع کے مطابق اس چھاپے کے دوران غیر قانونی کلاشنکوف بھی برآمد کی گئی تھی۔
-
انفوٹینمنٹ 32 منٹ پہلے
ہانیہ سے مل کر کومل میر کس احساسِ کمتری کا شکار ہوئیں؟
-
انفوٹینمنٹ 56 منٹ پہلے
'عبیر گلال' کے میوزک لانچ ایونٹ میں فواد خان اور وانی کپور مرکزِ نگاہ
-
وائرل اسٹوریز 2 گھنٹے پہلے
کوہلی اور انوشکا کے دبئی میں رقص کی ویڈیو نے دھوم مچادی
-
انفوٹینمنٹ 2 گھنٹے پہلے
کومل میر نے وزن میں اضافے کی وجہ بتادی