جیا بچن نے ریکھا کو گھر بُلا کر دو ٹوک کیا کہا تھا؟
فلم ’قلی‘ کی شوٹنگ کے دوران امیتابھ بچن ایک حادثے کا شکار ہوئے
بالی وڈ کے تین مشہور ستاروں امیتابھ بچن، جیا بچن، اور ریکھا کے درمیان مبینہ محبت کا مثلث آج بھی بالی وڈ کے سب سے زیادہ یادگار تنازعات میں شمار ہوتا ہے۔
حال ہی میں ایک پوڈ کاسٹ میں، فلمی تاریخ دان حنیف زویری نے اس دلچسپ قصے کی تفصیلات بیان کیں کہ کیسے ریکھا امیتابھ کی زندگی میں آئیں، جیا بچن نے اس صورتحال کا سامنا کیسے کیا، اور آخرکار اس محبت کی کہانی کا اختتام کس طرح ہوا۔
اس تنازعے سے قبل، جیا اور ریکھا کے درمیان گہری دوستی قائم تھی۔ جب جیا ممبئی منتقل ہوئیں تو اداکار اسرانی نے ان کے لیے ایک فلیٹ کا انتظام کیا، جہاں ریکھا بھی مدراس سے اپنے دوروں کے دوران قیام کرتی تھیں۔
ان دونوں کا رشتہ اتنا مضبوط تھا کہ جیا نے ریکھا کو فلم ’دنیا کا میلہ‘ سائن کرنے کے لیے راضی کر لیا، جس میں ابتدا میں امیتابھ بچن مرکزی کردار میں تھے، مگر بعد میں ان کی جگہ سنجے خان نے لے لی۔
حنیف زویری کا دعویٰ ہے کہ فلم ’دو انجانے‘کی شوٹنگ کے دوران ریکھا اور امیتابھ ایک دوسرے کے قریب آئے۔ اگرچہ یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ ان کی محبت کیسے پروان چڑھی، لیکن یہ حقیقت ہے کہ دونوں کے درمیان محبت کا رشتہ تھا۔
1982 میں فلم ’قلی‘ کی شوٹنگ کے دوران امیتابھ بچن ایک حادثے کا شکار ہوئے، جس کے بعد جیا بچن نے ان کا بھرپور خیال رکھا، جس سے امیتابھ اپنی بیوی کی طرف مزید مائل ہو گئے۔
زویری نے مزید بتایا کہ جب امیتابھ اور ریکھا کے تعلقات میں کشیدگی بڑھنے لگی تو جیا نے موقع کا فائدہ اٹھایا اور ریکھا کو اپنے گھر لنچ پر مدعو کیا۔ اس وقت امیتابھ گھر پر نہیں تھے۔
لنچ کے بعد جب ریکھا جانے لگیں تو جیا بچن نے ان سے کہا، ‘امیتابھ میرے ہیں، وہ ہمیشہ میرے ہی رہیں گے۔‘ یہ سن کر ریکھا پیچھے ہٹ گئیں اور اس کے بعد جیا اور ریکھا کی دوستی ختم ہو گئی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق 1981 کی فلم ‘سلسلہ‘ کو امیتابھ، جیا اور ریکھا کے درمیان محبت کے مثلث کی نمائندگی سمجھا جاتا ہے، تاہم زویری اس بات کی تردید کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ یش چوپڑا نے اس محبت کو پردے پر تو دکھانے کی کوشش کی، لیکن حقیقت میں جیا بچن ریکھا کو ناپسند کرتی تھیں اور فلم میں کام کرنے کے لیے تیار نہیں تھیں۔
مصنف نے راجیہ سبھا میں جیا بچن کے رویے کا بھی ذکر کیا، جہاں انہوں نے مبینہ طور پر اس بات کو یقینی بنایا کہ امیتابھ ریکھا کے قریب نہ بیٹھیں۔
جیا ابتدا میں فلم ‘سلسلہ‘ میں کام کرنے کے لیے تیار نہیں تھیں، لیکن سنجیو کمار کے اصرار پر وہ رضامند ہوئیں، تاہم شرط رکھی کہ وہ روزانہ سیٹ پر موجود ہوں گی، چاہے ان کا کوئی سین ہو یا نہ ہو۔
یہ بات قابل ذکر ہے کہ ریکھا بھی اپنے ایک انٹرویو میں اس بات کا اعتراف کر چکی ہیں کہ جیا بچن نے انہیں رات کے کھانے پر مدعو کیا تھا اور صاف الفاظ میں کہا تھا کہ ‘چاہے کچھ بھی ہو جائے، میں امیت کو کبھی نہیں چھوڑوں گی۔ وہ میرے ہیں اور ہمیشہ میرے ہی رہیں گے۔‘




