سلمان، شاہ رخ کی 'ٹائیگر ورسز پٹھان' پر کام کب شروع ہوگا؟
سلمان نے خود فلم کے حوالے سے بڑی اپڈیٹ دے دی۔
بالی وڈ سپر اسٹار سلمان خان نے خصوصی طور پر انکشاف کیا کہ شاہ رخ خان کے ساتھ ان کی فلم 'ٹائیگر ورسز پٹھان' فی الحال نہیں ہو رہی۔
سلمان 30 مارچ کو سکندر کی ریلیز کے لیے تیاری کر رہے ہیں اور میڈیا کے ساتھ بات چیت کے دوران یش راج فلمز کی جاسوس کائنات فلم کے حوالے سے اپڈیٹ دی۔
اس فلم میں سلمان اور شاہ رخ کو 1995 میں ریلیز ہونے والی راکیش روشن کی فلم کرن ارجن کے بعد پہلی بار مرکزی اداکار کے طور پر ایک ساتھ دیکھا جائے گا۔
فروری 2024 میں ذرائع نے زوم ٹی وی کو بتایا تھا کہ سلمان اور شاہ رخ نے اپریل کے شوٹنگ کے شیڈول کے لیے اپنی تاریخیں دی ہیں اور فلم کی شوٹنگ موسم گرما میں کی جائے گی۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ 'شاہ رخ اور سلمان نے اپنی تاریخیں دے دی ہیں، جیسا کہ آج حالات ہیں، فلم کو اپریل تک فلور پر چلے جانا چاہیے۔ فلم کے لیے ایک متوازن کاسٹ کا فیصلہ کیا جا رہا ہے جبکہ دیگر معاملات پر بھی تیزی سے کام کیا جا رہا ہے'۔
سال 2023 میں سلمان نے بظاہر تصدیق کی تھی کہ ٹائیگر ورسز پٹھان پر کام ہورہا ہے، ورائٹی کے ساتھ ایک انٹرویو میں سلمان سے ٹائیگر ورسز پٹھام کی ٹائم لائن کے بارے میں پوچھا گیا اور وہ اس کی شوٹنگ کب شروع کریں گے۔
جس کے جواب میں بالی ووڈ سپر سٹار نے کہا کہ 'ٹائیگر ہمیشہ تیار رہتا ہے لہذا جب بھی چیزیں حتمی شکل اختیار کرلیں گی میں وہاں موجود ہوں گا'۔
ذرائع نے پہلے انکشاف کیا تھا کہ 'یہ فلم بڑے پیمانے پر بنائی جائے گی اور اس کے نتیجے میں، اس کا بجٹ آسمان سے باتیں کرتا ہوگا، آدتیہ چوپڑا اور ان کی ٹیم نے ٹائیگر ورسز پٹھان کے بجٹ کو 300 کروڑ روپے میں لاک کیا ہے'۔
خیال رہے کہ سلمان خان کی آنے والی فلم سکندر 2025 کی سب سے زیادہ متوقع فلموں میں سے ایک ہے۔ اے آر مروگاداس کی ہدایت کاری اور ساجد ناڈیاڈوالا کی پروڈکش یہ 30 مارچ کو ایک عظیم الشان ریلیز پر نظریں جمائے ہوئے ہے، جس سے اداکار کی عید پر ریلیز ہونے والے وقفے کے بعد واپسی ہوگی۔
گزشتہ کئی برسوں میں سپر اسٹار نے بے شمار کامیاب فلمیں دی ہیں، جن میں سے زیادہ تر عید پر ریلیز ہوئی ہیں، اس موقع پر سپر اسٹار کی فلم دیکھنا ان کے تمام مداحوں کے لیے ایک روایت بن چکا ہے لیکن سوال یہ ہے کہ کیا سکندر باکس آفس پر 200 کروڑ کا ہندسہ عبور کر پائیں گے؟
sacnlik.com کے مطابق، سکندر نے اب تک ہندی 2D میں 76,006 ٹکٹ اور ہندی آئی میکس میں 282 ٹکٹ فروخت کیے ہیں، اس کی ریلیز میں چار دن باقی ہیں، بلاک سیٹوں کے ساتھ، فلم نے پہلے دن کے لیے 6.61 کروڑ روپے کے ٹکٹ فروخت کیے تھے۔ فلم کے پورے ہندوستان میں کل 9128 شوز ہیں۔
اس فلم میں رشمیکا مندانا، کاجل اگروال، شرمن جوشی اور ستھیا راج بھی اہم کرداروں میں ہیں۔
دوسری جانب شاہ رخ خان اگلی فلم کنگ میں نظر آئیں گے۔ فلم میں سہانا خان کے علاوہ ابھیشیک بچن بھی نظر آئیں گی۔





