فواد خان کی کترینہ کیساتھ بالی وڈ فلم میں کاسٹنگ؟
فلم کا نام کیا؟ تہلکہ خیز انکشاف کردیا گیا
پاکستانی سپر اسٹار فواد خان کی بالی وڈ کی اداکارہ کترینہ کیف کے ساتھ فلم میں کاسٹنگ کے حوالے سے بھارتی پروڈیوسر ادتیہ دھار نے انکشافات کردیے۔
فواد خان پاکستانہ ڈراما اور فلم انڈسٹری میں اپنے فن کا لوہا منوا چکے ہیں اور بالی وڈ کی دنیا بھی ان سے انجان نہیں کیونکہ وہ فلم 'خوبصورت' اور 'اے دل ہے مشکل' میں بہترین اداکاری کے جوہر دکھا کر سب کے دل جیت چکے ہیں۔
گزشتہ سال سے فواد خان کی سالوں بعد بالی وڈ میں واپسی کے حوالے سے خبریں زیرِگردش رہیں اور اب ادیتیہ دھار نے حال ہی میں انکشاف کیا کہ ان کی فلم 'دھوم دھام' جس میں یامی گوتم اور پراتیک گاندھی مرکزی کرداروں میں ہیں، اصل میں 'رات باقی' کے نام سے بنائی جا رہی تھی اور اس میں کترینہ کیف اور فواد خان کو ساتھ کاسٹ کیا جانا تھا۔
ویڈنگ تھیمڈ ایکشن کامیڈی 'دھوم دھام' کو ویلنٹائنز ڈے کے موقع پر او ٹی ٹی پر ریلیز کیا گیا۔ اس فلم میں یامی گوتم اور پراتیک گاندھی مرکزی کرداروں میں نظر آئیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ادیتیہ دھار اس فلم سے اپنے ڈائریکٹرل کیرئر کا آغاز کرنے والے تھے۔
'رات باقی' 2016 میں بننے والی تھی جس میں کترینہ کیف اور فواد خان مرکزی کردار ادا کرنے والے تھے۔ اس کا پلاٹ بالکل وہی تھا جو حال ہی میں ریلیز ہونے والی فلم 'دھوم دھام' کا ہے۔
بھارتی میڈیا کے ساتھ ایک گفتگو میں ادتیہ دھار نے اس بات کی تصدیق کی کہ یہ وہی کہانی ہے۔
انہوں نے کہا کہ لیکن ہم نے اس میں تھوڑا سا ردوبدل کیا، ہم نے اسے معاصر بنایا اور آج کے وقت کی کہانی بنایا۔'
ادتیہ دھار نے 'دھوم دھام' کے بارے میں ایک اور دلچسپ بات شیئر کی۔ انہوں نے بتایا کہ 'انڈین میچ میکنگ' کی سیما تپاریہ نے اس فلم کے لیے ایک سین شوٹ کیا تھا۔
یہ سین فلم کے آغاز میں شامل ہونا تھا اور وہی تھی جو یامی گوتم اور پراتیک گاندھی کے کرداروں کے درمیان میچ کراتی ہیں۔ لیکن ادتیہ نے کہا کہ اسے ایڈیٹنگ کے دوران نکالنا پڑا۔
'دھوم دھام' 14 فروری 2025 کو نیٹ فلکس پر ریلیز ہوئی۔ جسکی اسٹریمنگ پلیٹ فارم پر یوں بیان کی گئی کہ اپنی شادی کی رات ایک عجیب جوڑا ایک افراتفری کے عالم میں پھنس جاتا ہے جہاں انہیں غنڈوں اور پولیس سے بچتے ہوئے 'چارلی' کے پراسرار راز کا پیچھا کرنا ہوتا ہے۔
یامی گوتم بطور 'کوئل' اور پراتیک گاندھی بطور 'ویر' کے ساتھ فلم کی کاسٹ میں اعجاز خان، کاون دیو، مکول چڈھا، پراتیک ببر، پویتر سرکار اور مشتاق خان شامل ہیں۔
دریں اثنا فواد خان کی آخری ہندی فلم 'اے دل ہے مشکل' 2016 میں ریلیز ہوئی تھی۔ وہ اب بالی وڈ میں رومانوی کامیڈی فلم 'ابیر گلال' کے ساتھ واپسی کرنے جا رہے ہیں جس میں وہ وانی کپور کے ساتھ مرکزی کردار نبھاتے نظر آئیں گے۔





