انفوٹینمنٹ

علی گل ملاح کی دل دہلا دینے والی کہانی

اس وقت انہیں شدید مالی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا

Web Desk

علی گل ملاح کی دل دہلا دینے والی کہانی

اس وقت انہیں شدید مالی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا

اسکرین گریب
اسکرین گریب

ڈرامہ سیریل ’عشق مرشد‘ سے شہرت کی بلندیوں پر پہنچنے والے معروف کامیڈین اور اداکار علی گل ملاح نے ماضی کے مشکل ترین حالات کا ذکر کر کے سب کو حیران کردیا۔

 ایک انٹرویو میں علی گل ملاح نے اپنے کیریئر کی کامیابی اور تلخ بچپن کے تجربات کا ذکر کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ان کے کیریئر میں معروف اداکار اور میزبان فہد مصطفیٰ کا بہت بڑا کردار رہا ہے۔

اداکار نے انکشاف کیا کہ ان کی پیدائش سندھ کے ضلع جیکب آباد میں ہوئی، اور بچپن ہی میں والدہ کے انتقال نے ان کی زندگی کو مشکلات سے بھر دیا۔

 انہوں نے بتایا کہ خاندان میں اکثر شرارتوں کا الزام ان پر لگا دیا جاتا تھا، اور جس بچے کی ماں نہ ہو، اسے اکثر سب سے بدتمیز یا شرارتی سمجھا جاتا ہے۔

علی گل ملاح نے اپنی زندگی کے ابتدائی سالوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان کی ایک سگی بہن ہے، اور والدہ کے انتقال کے بعد ان کے والد نے دوسری شادی کر لی تھی۔

 انہوں نے بتایا کہ غربت اور تکالیف کے باوجود انہوں نے بچپن میں ہی کامیڈی کا سہارا لیا اور اپنی مشکلات کو ہنس کر برداشت کرنا سیکھا۔

ان کا کہنا تھا کہ انہیں فلم اسٹار ندیم بہت پسند تھے، اور ان کی فلم ’دل لگی‘ سے متاثر ہو کر وہ سکھر گئے جہاں انہوں نے ایک گیراج میں کام شروع کیا۔ اس دوران تھیٹر میں کام کرنے پر کبھی کبھار انہیں چائے یا کھانے کے پیسے مل جایا کرتے تھے۔

 ایک موقع پر غربت اور لوگوں کی نفرت کی وجہ سے انہوں نے خودکشی کی بھی کوشش کی، مگر تھیٹر کے مصنف حمید بھٹو نے انہیں بچا لیا۔

1996ء میں کراچی منتقل ہونے کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ اس وقت انہیں شدید مالی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ کراچی میں فلیٹ کا کرایہ دینے کے لیے ان کے پاس 500 روپے بھی نہیں ہوتے تھے۔

اپنی شادی کا ذکر کرتے ہوئے علی گل ملاح نے بتایا کہ اداکار ہونے کے سبب ان کے ماموں نے اپنی بیٹی کا رشتہ دینے سے انکار کر دیا تھا۔

 ان کے ماموں معروف اداکار صلاح الدین تُنیو (فہد مصطفیٰ کے والد) کے بڑے مداح تھے، اور صلاح الدین تُنیو ہی ان کے لیے رشتہ لینے گئے تھے۔ ان کی ضمانت پر ہی ماموں نے اپنی بیٹی کا رشتہ دیا، اور اب ان کے تین بچے ہیں۔

اداکار علی گل ملاح کی یہ کہانی ایک محنتی فنکار کی عکاس ہے، جس نے مشکلات کا سامنا کرتے ہوئے اپنی منزل حاصل کی۔

تازہ ترین