انفوٹینمنٹ

سرحدوں سے آگے، دلوں پر راج کرنے والی ہانیہ عامر کی زندگی کیسی؟

ہانیہ نے بطور ہیروئن 2022ء میں فلم ’پردے میں رہنے دو‘ میں ہیروئن کا کردار نبھایا تھا۔

Web Desk

سرحدوں سے آگے، دلوں پر راج کرنے والی ہانیہ عامر کی زندگی کیسی؟

ہانیہ نے بطور ہیروئن 2022ء میں فلم ’پردے میں رہنے دو‘ میں ہیروئن کا کردار نبھایا تھا۔

اسکرین گریب
اسکرین گریب

پاکستان سے لے کر سرحد پار تک، نوجوان سے لے کر بچوں اور بوڑھوں تک میں مقبول اداکارہ ہانیہ عامر اب کسی تعارف کی محتاج نہیں رہیں۔ بل بورڈز سے ٹی وی اسکرین تک، فیشن ریمپ سے سوشل میڈیا تک، ہر جگہ ان کا جادو سر چڑھ کر بول رہا ہے۔

 راولپنڈی میں پیدا ہونے والی ہانیہ عامر نے اسکول اور کالج کی تعلیم مکمل کرنے کے بعد یونیورسٹی کا رخ کیا، مگر اسی دوران انہیں فلم ’جانان‘ کے آڈیشن کا موقع ملا۔2016 ء میں ریلیز ہونے والی اس فلم میں انہوں نے ایک معصوم پشتون لڑکی کا معاون کردار ادا کیا، جس کی بدولت انہیں اسٹائل ایوارڈز میں نامزدگی بھی ملی۔

 ایک انٹرویو میں ہانیہ عامر نے انکشاف کیا تھا کہ وہ اپنے گھر کی واحد کفیل ہیں اور اسی وجہ سے انہیں اپنی کالج کی تعلیم ادھوری چھوڑنی پڑی۔ خوش قسمتی سے انہیں شوبز میں کام مل گیا اور اس وقت انہیں آمدنی کی سخت ضرورت بھی تھی۔ 

ہانیہ نے مزید بتایا کہ انہیں ایک فلم پروڈیوسر نے ان کی ٹک ٹاک ویڈیو دیکھ کر رابطہ کیا اور یوں انہیں اداکاری کا موقع ملا جو ان کے لیے کسی خواب سے کم نہ تھا۔ فلم کی کامیابی کے بعد ہانیہ کو جلد ہی ڈراموں میں مرکزی کردار ادا کرنے کا موقع ملا۔

2017 ء میں ان کے تین ڈرامے ’تتلی‘، ’پھر وہی محبت‘ اور ’مجھے جینے دو‘ نشر ہوئے جبکہ اسی سال ان کی دوسری فلم ’نامعلوم افراد 2‘ بھی ریلیز ہوئی، جس نے ان کی شہرت کو مزید تقویت دی۔ 

اس کے بعد ہانیہ عامر نے پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا بلکہ لوگ انہیں بار بار مڑ کر دیکھنے لگے۔

 راتوں رات شہرت کی بلندیوں کو چھونے والی ہانیہ عامر نے ’پرواز ہے جنون‘ اور ’پردے میں رہنے دو‘ جیسی فلموں میں مرکزی کردار ادا کیے جبکہ فلم ’’لوڈ ویڈنگ‘ میں معاون اور فلم ’سپر اسٹار‘ میں بطور مہمان اداکار جلوہ گر ہوئیں۔

 ہانیہ نے بطور ہیروئن 2022ء میں فلم ’پردے میں رہنے دو‘ میں علی رحمان خان کے ساتھ ہیروئن کا کردار نبھایا تھا۔

ہانیہ عامر کی سوشل میڈیا پر بھی بےحد مقبولیت ہے۔ انسٹاگرام پر ان کےکروڑ سے زائد فالوورز ہیں جبکہ یوٹیوب پر13 لاکھ سے زیادہ سبسکرائبرز موجود ہیں۔

 انسٹاگرام پر انہوں نے اپنا نام چینی زبان میں بھی لکھا ہوا ہے۔ اس حوالے سے ان کا کہنا ہے کہ ’جب میری فلم ’پرواز ہے جنون‘ چین میں ریلیز ہوئی تو مجھے اتنی خوشی ہوئی کہ میں نے اپنا نام چینی زبان میں بھی لکھ دیا۔ مجھے یہ زبان سیکھنے کا بہت شوق ہے اور شاید کبھی سیکھ بھی لوں۔‘

بے باک اور صاف گو سوشل میڈیا پر ہی نہیں، ہانیہ عامر اصل زندگی میں بھی کسی مسئلے پر اپنی رائے دینے سے نہیں گھبراتیں۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا تھا ’میں کسی بھی ایسے سماجی مسئلے پر بات کرنے سے نہیں کتراتی جسے بلاوجہ معیوب سمجھا جاتا ہو۔ ہمیں ایسے مسائل پر کھل کر بات کرنی چاہیے۔‘

ہانیہ عامر کا ماننا ہے کہ ’فلم اور ٹیلی ویژن بہت اہم ذرائع ہیں جن کے ذریعے ہم معاشرے میں مثبت تبدیلی لاسکتے ہیں۔ اگر سب فلمیں ایک ہی طرز کی بنیں گی تو اس کا کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔ ہمیں ایسی فلمیں بھی بنانی چاہئیں جو لوگوں کو سوچنے پر مجبور کریں اور انہیں کچھ نیا سیکھنے کا موقع دیں۔‘

ہانیہ عامر، گزشتہ برس صرف ایک ڈراما سیریل ’کبھی میں کبھی تم‘ میں جلوہ گر ہوئیں، جس نے انہیں پاکستان اور بھارت سمیت دنیا بھر میں مزید مقبولیت دی۔ دیکھتے ہی دیکھتے ہانیہ کی مقبولیت کا گراف اس قدر بڑھ گیا ہے، بولی وڈ فنکاروں نے بھی ان کی تعریف کی۔

 اب ہانیہ کبھی بھارتی نیوز پلیٹ فارمز کو دبئی میں انٹرویو دیتی دکھائی دیتی ہیں تو کبھی متحدہ عرب امارت میں ہی دلجیت دوسانجھ یا بادشاہ کے ساتھ نظر آتی ہیں۔

 وہ تو بھارتی انتہا پسندوں نے بھارت میں پاکستانی فنکاروں کے کام کرنے پر پابندی لگا رکھی ہے ورنہ ہانیہ یقینی طور پر اب تک درجنوں بولی وڈ فلموں میں بھی سائن ہوچکی ہوتیں۔ 

خبر یہ ہے کہ نیٹ فلکس کی سیریز ’جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو‘ جسے پاکستان میں تیار کیا جارہا ہے، اس میں بھی ہانیہ عامر مرکزی کردار ادا کرتی دکھائی دیں گی۔

ہانیہ عامر کو پاکستان کی سب سے زیادہ مقبول اور سب سے زیادہ معاوضہ لینے والی اداکاراؤں میں شمار کیا جاتا ہے۔ وہ کئی ملکی اور بین الاقوامی برانڈز کی برانڈ ایمبیسڈر ہیں جبکہ 2022 ء میں وہ پاکستان سپر لیگ میں پشاور زلمی کی برانڈ ایمبیسڈر بھی بنیں۔

2024 ء میں انہیں برطانوی میگزین ’ایسٹرن آئی‘ کی ٹاپ50 ایشین اسٹارز میں 9ویں نمبر پررکھا گیا۔ ہانیہ عامر نے اپنی کم عمری میں ہی کامیابی کی وہ منزلیں طے کرلی ہیں جو بہت سے اداکار برسوں میں بھی نہیں کرپاتے۔

 وہ اپنی بے ساختہ اداکاری، دلکش مسکراہٹ اور منفرد شخصیت کی بدولت نہ صرف پاکستان بلکہ عالمی سطح پر بھی اپنی شناخت بنا رہی ہیں۔

ہانیہ کی دلکش تصاویر یہاں دیکھیں:

اسکرین گریب
اسکرین گریب
اسکرین گریب
اسکرین گریب


اسکرین گریب
اسکرین گریب
اسکرین گریب
اسکرین گریب


تازہ ترین