پی ایس ایل ترانہ تنازع، علی ترین کو ’مردوں کا ملالہ‘ کا خطاب مل گیا
علی ترین کو اعتراض مہنگا پڑ گیا۔

پاکستان سپر لیگ کے 10ویں ایڈیشن کا ترانہ پیش کرنے کیلئے ایک بار پھر معروف گلوکار علی ظفر کے انتخاب پر ملتان سلطانز کے مالک علی ترین کو اعتراض مہنگا پڑ گیا۔
معاملہ اس وقت شروع ہوا جب یہ خبریں سامنے آئیں کہ گلوکار علی ظفر نے پاکستان سُپر لیگ سیزن 10 کے آفیشل اینتھم کی دھن تیار کر لی ہے اور گانا جلد ہی ریلیز کیا جائے گا۔
پی ایس ایل کے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر پی ایس ایل 10 کے ترانے کا ایک پوسٹر جاری کیا گیا ہے جس میں علی ظفر کو نقاب میں دیکھا جا سکتا ہے لیکن جب یہ پوسٹر ملتان سلطانز کے مالک علی ترین کی نظر سے گزرا تو انہیں یہ پوسٹر اور ترانے کیلئے علی ظفر کا انتخاب ایک آنکھ نہ بھایا جس کا اظہار انہوں نے سوشل میڈیا پر کردیا، پھر کیا تھا علی ظفر کے مداح اور علی ترین کے والد جہانگیر ترین کے سیاسی مخالفین کے سپورٹرز بھی میدان میں آگئے اور علی ترین کو سوشل میڈیا پر آڑے ہاتھوں لے لیا۔
ملتان سلطانز کے مالک نے اپنی انسٹا اسٹوری میں مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے سوال کیا تھا کہ پی ایس ایل نئے ٹیلنٹ کو سامنے لانے کے بجائے ایک ہی فنکار پر انحصار کیوں کرتا ہے؟
انہوں نے مزید لکھا کہ 'پاکستان کے پاس بہت سارے حیرت انگیز فنکار ہیں، پھر بھی تقریباً آدھے سے زیادہ ترانے ایک ہی ادھیڑ عمر کے گلوکار کو دے دیے گئے، حالانکہ فرنچائزز کو بھی مذکورہ فنکار کے حوالے سے خدشات ہیں'۔
علی ترین نے لکھا کہ 'وہ اسے اب تک کا سب سے بڑا پی ایس ایل قرار دے رہے ہیں لیکن پھر بھی بار بار اُنہی ری سائیکل شدہ آوازوں کو موقع دے رہے ہیں'۔
یاد رہے کہ علی ظفر متعدد بار پی ایس ایل کا ترانہ گا چکے ہیں جسے شائقین کرکٹ کی جانب سے بےحد پسند بھی کیا گیا۔
علی ترین کو علی ظفر کے انتخاب پر اعتراض کرنے پر سوشل میڈیا پر تنقید کا نشانہ بنایا گیا، کسی نے کہا کہ لڑکا صدمے کا شکار ہے جیسا کہ پچھلے 3 سالوں سے وہ فائنل تک پہنچے لیکن کوئی جیتنے میں ناکام رہے۔

عبداللہ نامی ایک صارف نے تبصرہ کرتے ہوئے سوال اٹھایا کہ علی ظفر سے کوئی محبت نہیں لیکن کیا علی ترین کو ملک کے امیج کی فکر صرف اس وقت ہوتی ہے جب کرکٹ کا معاملہ ہو؟ انہیں اس وقت کوئی فکر نہیں ہوتی جب شہریوں کے بنیادی حقوق ان کے والد نے چھین لیے ہوں، جو کھلے عام سیاست دانوں کو خواتین حتیٰ کہ بچوں کے ذریعے بلیک میل کرنے والوں سے وابستہ ہیں۔
اس تنقید کے ساتھ اسی صارف نے اپنی ہی پوسٹ شیئر کرتے ہوئے ملتان سلطانز کے مالک علی ترین کو مردوں کا ملالہ قرار دے دیا۔ دوسری جانب اس تبصرے پر علی ترین کے ردعمل نے بھی سب کو ہنسنے پر مجبور کردیا۔
انہوں نے لکھا کہ یہ اب تک کے سب سے بہترین تعریفی الفاظ ہیں ہے جو میں نے اپنی زندگی میں کسی سے اپنے بارے میں سنے ہیں۔
-
انفوٹینمنٹ 5 منٹ پہلے
'عبیر گلال' کے میوزک لانچ ایونٹ میں فواد خان اور وانی کپور مرکزِ نگاہ
-
وائرل اسٹوریز 1 گھنٹے پہلے
کوہلی اور انوشکا کے دبئی میں رقص کی ویڈیو نے دھوم مچادی
-
انفوٹینمنٹ 1 گھنٹے پہلے
کومل میر نے وزن میں اضافے کی وجہ بتادی
-
انفوٹینمنٹ 2 گھنٹے پہلے
عمران خان کی 10 سال بعد فلمی میدان میں واپسی ہوگئی