’سکندر‘ نام بالی وڈ فلموں کی کامیابی کی ضمانت؟
'مقدر کا سکندر' سے لیکر گزشتہ روز ریلیز ہونے والی فلم 'سکندر' اس کی عمدہ مثالیں ہیں
سکندر اعظم دنیا کی تاریخ کا وہ کردار ہے جسے دنیا کا سب سے پہلا فاتح مانا جاتا ہے، وہ یونان سے تعلق رکھتا تھا اور کہا جاتا ہے کہ اس نے پوری دنیا فتح کی تھی، موجود پاکستان اور بھارت بھی اس نے فتح کیے تھے شائد یہی وجہ ہے پوری دنیا سمیت پاکستان اور بھارت میں بھی سکندر کے نام کو بہادری کی علامت بتایا جاتا ہے۔
'سکندر' کے نام پر بالی وڈ پر بھی کئی فلمیں بنائی گئی ہیں، جن میں زیادہ تر ہٹ ثابت ہوئی ہیں، حال میں سلمان خان کی مووی ’سکندر‘ اس عید پر ریلیز ہوگئی ہے جس نے ایک بار پھر سکندر کی بہادری کو زندہ کردیا ہے۔
ذیل میں ہم ان کچھ کامیاب فلموں کا ذکر کریں گے جو سکندر کے نام پر بنائی گئیں
مقدر کا سکندر:
مقدر کا سکندر 1978 میں ریلیز ہونے والی ایک سپر ہٹ بالی وڈ فلم تھی، جسے پراکاش مہرا نے ڈائریکٹ کیا تھا۔ یہ فلم اپنی شاندار کہانی، بہترین اداکاری، اور زبردست موسیقی کی وجہ سے آج بھی یاد کی جاتی ہے۔
یہ فلم سکندر نامی یتیم لڑکے کی کہانی ہے، جس کی زندگی مشکلات اور درد سے بھری ہوتی ہے، مگر وہ اپنی محنت، عقل، اور قسمت کے بل بوتے پر کامیابی حاصل کرتا ہے۔
’مقدر کا سکندر‘ 1978 کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلم تھی اور امیتابھ بچن کے کریئر کی سب سے بڑی ہٹ فلموں میں سے ایک رہی۔
جو جیتا وہی سکندر:
’جو جیتا وہی سکندر‘ 1992 میں ریلیز ہونے والی ایک سپر ہٹ بالی وڈ فلم ہے، جو یوتھ، کھیل، محبت، اور عزم کی کہانی پر مبنی ہے۔
فلم کی کہانی ایک چھوٹے سے ہل اسٹیشن دیولالی میں قائم کینٹ ویلی اسکول اور ریولڈ اسکول کے طلبہ کے درمیان چلنے والی دشمنی کے گرد گھومتی ہے، عامر خان نے اس فلم میں مرکزی کردار ادا کیا ہے۔
فلم کا گانا ’پہلا نشہ‘ آج بھی بہت زیادہ مقبول ہے، فلم نے فلم فیئر ایوارڈز میں کئی نامزدگیاں حاصل کیں اور بہترین فلم کا فلم فیئر ایوارڈ جیتا۔
سکندر کا مقدر:
2024 کی یہ مووی "سکندر کا مقدر" کی کہانی ایک قیمتی ہیروں کی چوری کے گرد گھومتی ہے، ایک ہیروں کی نمائش کے دوران 50 سے 60 کروڑ روپے کے نایاب ہیرے غائب ہو جاتے ہیں۔
اس پیچیدہ کیس کی تفتیش تجربہ کار پولیس افسر ہرویندر سنگھ (جمی شیرگل) کو سونپی جاتی ہے، تفتیش کے دوران ہرویندر کو تین اہم مشتبہ افراد پر شک ہوتا ہے، منگیش دیسائی (راجیو مہتا)، کامنی سنگھ (تمنا بھاٹیہ)، اور سکندر شرما (اویناش تیواری)۔
فلم کی کہانی ان کرداروں کے درمیان تناؤ، رازوں اور انکشافات پر مبنی ہے، جو ناظرین کو آخر تک جڑے رکھتی ہے۔
سکندر (1941)
یہ فلم سہراب مودی کی ہدایت کاری میں بنی تھی اور اس میں پرتھوی راج کپور نے سکندر اعظم کا کردار ادا کیا تھا۔
فلم میں سکندر اور راجہ پورس کے درمیان ہونے والی جنگ کو دکھایا گیا ہے، جو ہندوستانی تاریخ کا ایک اہم واقعہ ہے۔
سکندر (2025):
یہ فلم رواں برس عید پر ریلیز ہونے والی سب سے موسٹ اوویٹڈ فلموں میں سے ایک ہے، اس میں سلمان خان اور رشمیکا مندانا نے مرکزی کردار ادا کیے ہیں۔
سکندر کی کہانی مرکزی کردار سکندر کی زندگی کے گرد گھومتی ہے، جو اپنی بیوی سائسری راجکوٹ کے ساتھ خوشگوار ازدواجی زندگی گزار رہا ہوتا ہے، تاہم اس کی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں اکثر اسے اپنی بیوی سے دور رکھتی ہیں، جس کی وجہ سے ان کے رشتے میں کشیدگی پیدا ہو جاتی ہے۔
کہانی میں اس وقت زبردست موڑ آتا ہے جب سکندر کی ایک پرواز کے دوران ایک منسٹر کے بیٹے ارجن کے ساتھ شدید جھڑپ ہو جاتی ہے۔ یہ واقعہ ایک ایسے تنازعے کو جنم دیتا ہے جو سکندر کو ایک طاقتور سیاستدان کے خلاف کھڑا کر دیتا ہے، اور اس کی ذاتی اور سماجی زندگی کو خطرے میں ڈال دیتا ہے۔
فلم میں ایکشن، ڈرامہ اور جذباتی گہرائی کی بھرپور جھلک موجود ہے، جو ناظرین کو شروع سے آخر تک جکڑے رکھتی ہے۔ اس کی تیز رفتاری اور سنسنی خیز کہانی یقینی بناتی ہے کہ شائقین بھرپور تفریح سے لطف اندوز ہوں۔




