اسکینڈلز

فواد خان کی فلم 'عبیر گلال' ریلیز سے قبل تنازع کا شکار

بھارتی شدت پسند جماعتوں مخالفت پر اتر آئیں

Web Desk

فواد خان کی فلم 'عبیر گلال' ریلیز سے قبل تنازع کا شکار

بھارتی شدت پسند جماعتوں مخالفت پر اتر آئیں

عبیر گلال ریلیز سے قبل تنازع کا شکار
'عبیر گلال' ریلیز سے قبل تنازع کا شکار

پاکستانی سپر اسٹار فواد خان کی بالی وڈ فلم 'عبیر گلال' ٹیزر ریلیز ہونے کے ساتھ ہی تنازع کا شکار ہوگئی۔

سپر اسٹارز کی فہرست میں سب سے نمایاں مقام رکھنے والے فواد خان کی بہترین اداکاری اور خوبصورتی کا پاکستان میں ہر کوئی گرویدہ ہے۔

'ہمسفر' ، 'داستان' ، 'کچھ پیار کا پاگل پن بھی تھا' ، 'زندگی گلزار ہے' اور 'لمحہ' جیسے سپرہٹ ڈراموں سے پاکستانی ڈراما انڈسٹری کو مالا مال کرنے والے فواد خان کی بھارت میں بھی شاندار فین فالوئنگ ہے اور یہی وجہ ہے کہ سال 2014 میں فواد خان کو بالی وڈ فلم میں اپنی پُرکشش شخصیت سے سب کا دل جیتنے کا موقع ملا جس میں ان کے ساتھ سونم کپور کو کاسٹ کیا گیا تھا۔

اس فلم میں فواد کی اداکاری اور خوبرو شخصیت کو اس قدر پسند کیا گیا تھا کہ لوگوں نے انہیں جلد اگلی فلم میں کام کرتے دیکھنے کی فرمائش کی تھی جس کے بعد فواد خان فلم ’کپور اینڈ سنز‘ اور ’اے دل ہے مشکل‘ میں بھی جلوہ گر ہوئے تھے۔

لیکن پھر پاکستان اور بھارت کے درمیان بڑھتی کشیدگی کے سبب لگنے والی پابندی کے پیشِ نظر فواد خان سمیت دیگر پاکستانی فنکار سال 2016 کے بعد سے بالی وڈ میں کام نہیں کرسکے تاہم یہ پابندی واپس لی جاچکی ہے۔

پابندی کے دور میں بھارتی فینز کو فواد خان کی خوب یاد ستائی اور اسی سبب پابندی ہٹتے ہی انہیں بھارت سے متعدد فلمیں آفر ہوئیں جن میں سے ایک اب ریلیز کے قریب بھی پہنچ چکی ہے پر ریلیز ہوپائیگی کہ نہیں یہ کوئی نہیں جانتا۔

یکم اپریل کو یوٹیوب پر ایک ٹیزر ریلیز کیا گیا جس میں فواد خان اور وانی کپور ایک کار میں ایک دوسرے کو خوابیدہ نظروں سے دیکھتے ہوئے نظر آئے جو ان دونوں کی جلد ریلیز ہونے والی فلم 'عبیر گلال' ہے اور یہی وہ فلم ہے جو بالی وڈ میں فواد خان کا ریٹرن ٹکٹ ہے۔

ٹیزر میں فواد خان بالی وڈ گیت 'کچھ نہ کہو' گاتے نظر آئے جبکہ انکو گاتا دیکھ کر وانی کپور کسی دوسری دنیا میں کھوتی دکھیں۔

یہ ٹیزر وانی کپور اور فواد خان نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر بھی شیئر کیا اور ساتھ کیپشن لکھا کہ 'اور انتظار ختم ہو، محبت کو عبیر گلال کے ساتھ بڑے پردے پر واپس لایا جائے گا'۔

ساتھ ہی فلم کی ریلیز ڈیٹ کا اعلان بھی کیا اور لکھا کہ 'فلم رواں سال 9 مئی کو سینما گھروں کی زینت بنے گی'۔

جہاں سوشل میڈیا پر یہ ٹیزر خوب وائرل ہوتا نظر آیا وہیں ٹیزر ریلیز کے چند گھٹوں بعد ہی فلم ایک تنازع کا شکار ہوگئی۔

راج ٹھاکرے کی مہاراشٹر نونرمان سینا (ایم این ایس) نے فلم کی مہاراشٹر میں ریلیز کے خلاف سخت اعتراضات اٹھائے ہیں۔ 

اسی اثناء میں پروڈیوسر اور انڈین فلم اینڈ ٹیلی ویژن ڈائریکٹرز ایسوسی ایشن کے صدر اشوک پنڈت بھی اس فلم کی ریلیز کے حق میں نہیں ہیں۔

ایم این ایس کے ترجمان آمیا کھوپکر نے کہا کہ 'انہیں فلم کی ریلیز کے بارے میں اس کے اعلان کے بعد ہی معلوم ہوا۔ 

انہوں نے مزید کہا کہ 'ہم کسی بھی صورت میں ایسی فلموں کو ریاست میں ریلیز ہونے کی اجازت نہیں دیں گے، ہم اس فلم کے بارے میں مزید معلومات حاصل کر رہے ہیں اور جلد ہی ایک مکمل بیان جاری کریں گے۔'

ایم این ایس کے علاوہ بھارتی شدت پسند جماعت شِو سینا کے رہنما سنجے نروپم نے بھی اس معاملے پر اپنی رائے دی اور کہا کہ بھارت میں پاکستان کے خلاف شدید نفرت پائی جاتی ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق انہوں نے کہا کہ 'بھارتی ناظرین عموماً پاکستانی فلموں کو دیکھنا پسند نہیں کرتے اور اگر کچھ لوگ تجسس کی وجہ سے دیکھتے ہیں، تب بھی وہ پورے ملک میں کامیاب نہیں ہوتیں۔'

انہوں نے یہ بھی کہا کہ 'پاکستانی فنکاروں کو اپنے ملک کی فلم انڈسٹری پر توجہ مرکوز کرنی چاہئے اور بھارت میں کام کے مواقع تلاش کرنے سے گریز کرنا چاہیے۔ انہوں نے حکومت سے درخواست کی کہ وہ فیصلہ کرے کہ پاکستانی فلموں کو بھارت میں ریلیز کیا جائے یا نہیں اور پاکستانی فنکاروں کو یہاں کام کرنے کی اجازت ہونی چاہیے یا نہیں۔'

لندن میں شوٹ ہونے والی اس فلم کی ہدایتکاری کے فرائض آرتی بگدی نے نبھائے جس کی کہانی کے حوالے سے انہوں نے انکشاف کیا کہ فلم میں دو لوگ انجانے میں ایک دوسرے کے زخم پر مرہم رکھنے کا کام کریں گے اور یہی انکے درمیان محبت ہوجانے کی وجہ بنے گا۔

فلم کی ریلیز 9 مئی 2025 کو طے شدہ ہے جو اب بھارت میں جماعتوں کی جانب سے کھڑے ہونے والے تنازعات کے سبب ناممکن سی لگ رہی ہے۔