پاکستان

صدرِ مملکت آصف علی زرداری کورونا میں مبتلا

ڈاکٹر کے مطابق انہیں فی الوقت آئیسولیشن میں رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے

Web Desk

صدرِ مملکت آصف علی زرداری کورونا میں مبتلا

ڈاکٹر کے مطابق انہیں فی الوقت آئیسولیشن میں رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے

(فائل فوٹو: سوشل میڈیا)
(فائل فوٹو: سوشل میڈیا)

صدرِ مملکت اور شریک چیئرمین پیپلزپارٹی (پی پی پی) آصف علی زرداری کورونا میں مبتلا ہوگئے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق صدر آصف علی زرداری کو گزشتہ روز طبیعت ناساز ہونے پر نوابشاہ سے کراچی کے نجی ہسپتال منتقل کیا گیا تھا۔

صدر مملکت انفیکشن اور بخار میں مبتلا ہونے کے باعث زرداری ہاؤس نوابشاہ میں پارٹی کارکنوں اور رہنماؤں عید بھی نہیں مل سکے تھے۔

آج ایوان صدر نے صدر مملکت کی صحت سے متعلق اُن کے ذاتی معالج ڈاکٹر عاصم حسین کا بیان جاری کردیا ہے۔

(اسکرین شاٹ: ایکس)
(اسکرین شاٹ: ایکس)

ڈاکٹر عاصم حسین کے مطابق مختلف ٹیسٹ کے بعد تصدیق ہوئی صدر مملکت کورونا میں مبتلا ہیں، انہیں اس وقت آئیسولیشن میں رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ماہرین کی ایک ٹیم ان کی دیکھ بھال کر رہی، صدر مملکت کی حالت بہترہے۔

یاد رہے کہ گذشتہ برس اکتوبر میں صدر مملکت آصف زرداری کو کلفٹن کے اسی نجی ہسپتال میں داخل کیا گیا تھا، جہاں ان کے ذاتی معالج نے ان کا علاج کیا تھا۔

اکتوبر 2024 کے آخری ہفتے میں ان کے دبئی ایئرپورٹ پر جہاز سے اترتے ہوئے پاؤں میں فریکچر ہو گیا تھا، جسکے سبب انہیں ہسپتال داخل ہونا پڑا تھا۔

دبئی منتقل کرنے کی خبروں کی تردید

دریں اثنا سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے صدر آصف علی زرداری کو دبئی منتقل کرنے کی خبریں درست نہیں، ان کی طبیعت میں بہتری آ رہی ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر جاری پیغام میں وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن نے صدر مملکت کو دبئی منتقل کرنے کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ ’صدر مملکت آصف علی زرداری کی طبیعت بہتر ہو رہی ہے، ان شااللہ'۔

وزیراعظم کی جانب سے صدرمملکت کی مزاج پرسی

وزیراعظم کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق وزیرِ اعظم شہباز شریف نے صدر مملکت آصف علی زرداری کی بیماری کے حوالے سے خبروں پر ان سے رابطہ کیا اور صدر مملکت کی مزاج پرسی کی۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے صدر مملکت آصف علی زرداری کی جلد صحت یابی کی دعا کی اور کہا کہ اللہ تعالی آپ کو جلد صحت کاملہ عطا فرمائے، پوری قوم کی دعائیں آپ کے ساتھ ہیں۔