سلمان خان مسلسل ہٹ فلمیں دینے والی رشمیکا کو بھی ساتھ لے ڈوبے
'سکندر' سے قبل رشمیکا مندانا کی فلموں کی 'ہٹ اسٹریک' برقرار تھی
سینما اسکرین پر دو سال کے وقفے کے بعد بالی وڈ کے سلطان سلمان خان کی نئی فلم 'سکندر' 30 مارچ کو عید کے موقع پر سینما گھروں میں ریلیز ہوئی، جس میں انکے ساتھ اداکارہ رشمیکا مندانا نے ہیروئن کا کردار ادا کیا۔
اے آر مروگاداس کی ہدایت کاری میں بننے والی اِس فلم سے بہت زیادہ توقعات وابستہ کی جارہی تھیں، تاہم اِس بار سلمان خان کے نام کا جادو نہ چل سکا اور ریلیز کے بعد 'سکندر' فلم باکس آفس پر بری طرح پٹتی نظر آرہی ہے۔
اس صوتحال کا سب سے بڑا نقصان رشمیکا مندانا نے بھی اٹھایا ہے، 'سکندر' سے قبل رشمیکا مندانا کی فلموں کی 'ہٹ اسٹریک' برقرار تھی، ان کی پچھلی کئی فلمیں مسلسل بلاک بسٹر ثابت ہورہی تھیں، تاہم سلمان خان کے ساتھ انکی پہلی فلم 'سکندر' شائقین کا متاثر کرنے میں بری طرح ناکام رہی اور شدید منفی تبصروں کا نہ تھمنے والا سلسلہ شروع ہوچکا ہے۔
رشمیکا کی 'ہٹ اسٹریک'
'سکندر' سے قبل رشمیکا مندانا نے وکی کوشل کے ساتھ 'چھاوا' میں کام کیا تھا، اس پیریڈ ڈرامہ فلم میں انہوں نے چھاوا (وکی کوشل) کی اہلیہ مہارانی یسو بائی کا کردار ادا کیا تھا، یہ فلم سُپر ہٹ ثابت ہوئی جو 584 کروڑ بھارتی روپے کما کر سب سے زیادہ بزنس کرنے والی بالی ووڈ فلموں میں سے ایک بن گئی۔
'چھاوا' سے محض کچھ عرصے قبل رشمیکا نے سُپر ہٹ فرنچائز 'پشپا' کی دوسری فلم 'پشپا 2' میں کام کیا تھا، دسمبر 2024 میں ریلیز ہونے والی یہ اللو ارجن اسٹارر فلم 'پشپا 2' اب تک کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی بھارتی فلم بن چکی ہے جس نے ایک ارب 234 کروڑ بھارتی روپے کا بزنس کیا۔
اس سے قبل رشمیکا، رنبیر کپور کے ساتھ مقبول ترین فلم 'اینیمل' میں نظر آئی تھیں، دسمبر 2023 میں ریلیز ہونے والی اِس فلم نے 553 کروڑ کمائے۔
لہٰذا یہ کہنا غلط نہ ہوگا کہ بیک ٹو بیک ہٹ فلموں کے بعد 'سکندر' رشمیکا مندانا کے کریئر پر ایک دھبہ بن کر سامنے آئی ہے۔
عید کے موقع پر ریلیز ہونے والی فلم 'سکندر' بڑی اسکرین پر فلمی شائقین کو متاثر کرنے میں بری طرح ناکام رہی ہے۔
فلم کو سست رفتار کہانی، غیرمتاثر کُن اداکاری، غیر معیاری VFX، ناقص ڈبنگ اور عجیب و غریب پلاٹ کیوجہ سے شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے، برے ریویوز کیوجہ سے فلم 'سکندر' اپنی کہانی کی طرح باکس آفس پر بھی سست رفتار سے آگے بڑھ رہی ہے۔
200 کروڑ کے بجٹ سے بننے والی فلم 'سکندر' نے بھارت میں اوپننگ ڈے پر 26 کروڑ روپے کے ساتھ مایوس کُن آغاز کیا اور دوسرے دن بھی محض 29 کروڑ روپے کما سکی۔
عید کے تہوار کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ اعداوشمار بڑی حد تک غیر متاثر کن ہیں، اس خبر کے شائع ہونے تک یہ فلم مزید 10.42کروڑ کما چکی تھی۔
لہٰذا دیکھا جائے تو 'سکندر' اب تک کُل 65 کروڑ روپے کا بزنس ہی کرسکی ہے اور سلمان خان کی اوپپنگ ڈے پر سب سے زیادہ بزنس کرنے والی ٹاپ 5 فلموں کی فہرست میں جگہ بنانے میں واضح طور پر ناکام رہی۔



