اسکینڈلز

سکندر کی ناکامی، ساجد ناڈیاڈوالا کی اہلیہ شائقین سے الجھ پڑیں

وردہ ناڈیاڈوالا پروڈیوسرز پر تنقید کرنے والے مداحوں پر برس پڑیں۔

Web Desk

سکندر کی ناکامی، ساجد ناڈیاڈوالا کی اہلیہ شائقین سے الجھ پڑیں

وردہ ناڈیاڈوالا پروڈیوسرز پر تنقید کرنے والے مداحوں پر برس پڑیں۔

وردہ سوشل میڈیا پر سکندر سے متعلق پوسٹس کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔
وردہ سوشل میڈیا پر سکندر سے متعلق پوسٹس کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔

عید الفطر کے موقع پر ریلیز ہونے والی فلم سکندر کی باکس آفس پر ناقص کارکردگی کے شور شرابے کے دوران فلم پروڈیوسر ساجد ناڈیاڈوالا کی اہلیہ وردہ خان سلمان خان کے مداحوں سے بری طرح الجھ پڑیں۔

فلم سے مایوس پرستاروں نے جب پروڈیوسرز پر اپنی برہمی کا اظہار کیا تو وردہ نے فلم کا دفاع کرنے کے لیے مائیکرو بلاگنگ پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹویٹر) کا رخ کیا لیکن صورتحال تیزی سے لفظی جھڑپ میں بدل گئی۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر وردہ اپنے شوہر کی بنائی فلم 'سکندر' کے بارے میں خاصے متحرک رہ کر مثبت جائزوں کا اشتراک کر رہی تھیں جب انہیں سلمان خان کے غضبناک پرستاروں کے ردعمل کا سامنا کرنا پڑا، جنہوں نے فلم کے پروڈیوسروں پر غلط طریقے سے کام کرنے کا الزام لگایا۔

ایک مداح نے غصے سے تبصرہ کیا کہ 'کچھ شرم کرو، یا جب تک تم سلمان خان کا کریئر تباہ نہیں کر دیتے تب تک نہیں رکو گے؟‘ ایک اور نے وردہ کو ٹیگ کیا اور سوال کیا کہ 'آپ اتنی بے شرم کیسے ہو سکتی ہو؟'

مداحوں کی اس تنقید کے خلاف جواب دیتے ہوئے وردہ نے ایک ایسے ٹرول پر طنز کیا جس نے انہیں 'جاہل عورت' کہا تھا، انہوں نے طنزیہ انداز میں جواب دیا کہ 'جلد ٹھیک ہو جاؤ'۔

اسکرین گریب/ایکس
اسکرین گریب/ایکس

اس کے علاوہ بھی انہوں نے نامناسب زبان میں کئی صارفین کے تبصروں کا جواب دیا۔

تبصروں کا یہ تبادلہ وائرل ہو گیا، جس کے اسکرین شاٹس ریڈ اٹ پر بڑے پیمانے پر گردش کر رہے ہیں، تاہم وردہ نے اس کے بعد سے اشتعال انگیز ردعمل پر مبنی اپنے زیادہ تر تبصروں کو حذف کر دیا ہے۔

دوسری جانب ریڈ اٹ پر صارفین کی رائے منقسم ہے، جب کہ کچھ مداحوں نے وردہ کو ان کے 'ناگوار' جوابات پر تنقید کا نشانہ بنایا، دیگر نے ان کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ سلمان خان اس اسکرپٹ اور ہدایت کار کے انتخاب کے ذمہ دار ہیں۔

ایک صارف نے لکھا کہ 'اس کا فلم سے کوئی لینا دینا نہیں تھا، یہ سلمان ہیں جنہوں نے اسکرپٹ اور ہدایت کار کا انتخاب کیا، یہ ان پر منحصر ہے لیکن یہ مداح انہیں نہیں کہہ سکتے۔'

اس بحث و تنازع کے باوجود وردہ کی جانب سے سکندر سے متعلق مثبت پوسٹس کا سلسلہ جاری و ساری ہےانہوں نے حال ہی میں ایک مداح کی پوسٹ کو دوبارہ شیئر کیا جس میں لکھا تھا کہ 'سکندر نے ہر مداح کے دل میں جگہ بنالی، یوہو۔۔سکندر کا فینز کے دلوں پر راج'۔

ایک اور پوسٹ میں انہوں نے فلم کی باکس آفس کمائی سے متعلق پیش گوئیوں کی حمایت کرتے ہوئے لکھا کہ 'جوان ناظرین کا کرارا جواب۔'

خیال رہے کہ عید پر ریلیز ہونے والی فلم سکندر نے 26 کروڑ روپے سے اپنی کمائی کا آغاز کیا لیکن منفی جائزوں کی وجہ سے اسے یہ رفتار برقرار رکھنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا

سلمان خان کی انتہائی انتظار کی جانے والی اس فلم نے چار دنوں میں ہندوستانی باکس آفس پر 84 کروڑ روپے کی کمائی کی ہے اور تین دنوں میں دنیا بھر میں 141.15 کروڑ روپے کمائے ہیں۔