دلچسپ و خاص

’فرسٹ ورلڈ ہوٹل‘ کی خاص بات کیا ہے؟

Web Desk

’فرسٹ ورلڈ ہوٹل‘ کی خاص بات کیا ہے؟

’فرسٹ ورلڈ ہوٹل‘ کی خاص بات کیا ہے؟

مسافروں اور سیاحوں کے آرام و مہمان نوازی کے لیے قیام گاہوں کے آثار انسانی تاریخ کی قدیم ترین تہذیبوں سے ملتے ہیں جنہیں ہوٹل کی ابتدائی اشکال کہا جاسکتا ہے۔

 اردو زبان میں ہوٹل مسافر خانے یا سرائے کو کہا جاتا ہے۔ لفظ ’’ہوٹل‘‘ فرانسیسی زبان کے لفظ ’’hôtel‘‘سے اخذ کیا گیا جو قدیم زمانے میں اسپتال یا ایسی جگہ کے لیے استعمال کیا جاتا تھا جہاں لوگ رہائش اختیار نہیں کرتے تھے بلکہ ان کی دیکھ بھال کی جاتی تھی۔

 اب فرانسیسی زبان میں بھی ہوٹل کا لفظ مسافر خانوں یا سرائے کے لیے ہی استعمال کیا جاتا ہے۔ تاہم فرانس کے بعض قدیم اسپتالوں کو آج بھی ’’ہوٹل‘‘ ہی کہا جاتا ہے۔

اگر دنیا کے بڑ ہوٹلز کی بات کی جائے تو ’فرسٹ ورلڈ ہوٹل اینڈ پلازا اس فہرست میں سرفہرست ہے۔

ملائیشیا کے سرسبزوشاداب ہل ریزورٹ جینٹنگ ہائی لینڈز میں قائم یہ تھری اسٹار ہوٹل کمروں کی تعداد کے اعتبار سے دنیا کا سب سے بڑا ہوٹل ہے۔ 2006ء میں اس ہوٹل کے کمروں کی تعداد 6ہزار 118تھی جس کی بنیاد پر ’’گینیز بک آف ورلڈ ریکارڈز‘‘ نے اسے دنیا کا سب سے بڑا ہوٹل قرار دیا تھا۔

 2008ء میں امریکی ہوٹل ’’دی وینیشن‘‘ کی توسیع کے بعد اسے دنیا کے سب سے بڑے ہوٹل ہونے کا اعزاز حاصل ہوگیا تھا۔ تاہم 2015ء میں ’’فرسٹ ورلڈ ہوٹل‘‘ کے نئے بلاک کی تعمیر مکمل ہوئی اور اس نے ایک مرتبہ پھر دنیا کے سب سے بڑے ہوٹل کے عالمی ریکارڈ کے ساتھ ’’گنیزبک‘‘ میں جگہ بنائی۔ 

’فرسٹ ورلڈ ہوٹل‘  اب تین ٹاورز پر مشتمل ہے۔ مجموعی طور پر 36منازل پر مشتمل اس ہوٹل کے 8 منازل پر پارکنگ کا انتظام ہے۔ ہوٹل کے کمروں کی مجموعی تعداد 7ہزار 351ہے جن میں 3ہزار 164 اسٹینڈرڈ رومز، 292ڈیلکس رومز، 649ڈیلکس ٹرپل رومز، 480سپیرئیر ڈیلکس رومز اور 136ورلڈ کلب رومز بھی شامل ہیں۔ 

2013ء میں ہوٹل کے تیسرے ٹاور ’’ٹاور2اے‘‘ کی توسیع کے بعد اس میں ’’XYZڈیلکس‘‘ اور ’’XYZٹرپل‘‘ کے نام سے 1ہزار 286کمروں کا اضافہ کیا گیا تھا۔ ہر کمرے کا اوسط سائز 170.70اسکوائر فٹ ہے۔ ہوٹل کی لابی کے ساتھ ہی 5لاکھ اسکوائر فٹ رقبے پر ’’فرسٹ ورلڈ پلازا‘‘ پھیلا ہوا ہے جس میں شاپنگ مالز، آرکیڈز، کیسینو، ریسٹورنٹس، سنی پلیکس، ویڈیو گیم پارک اور اِن ڈور تھیم پارکس موجود ہیں۔

 فرسٹ ورلڈ ہوٹل میں میاں بیوی اور ایک بچہ ایک رات کے لیے قیام کرنا چاہیں تو کم سے کم پاکستانی 50ہزار روپے کرائے پر یہ کمرا مل سکتا ہے۔