’سکندر’ کی ناکامی، سلمان ’بجرنگی بھائی جان 2‘ کی جانب راغب؟
مداحوں نے ایک بار پھر امیدیں وابستہ کرلیں
بالی وڈ اداکار سلمان خان کی فلم ’سکندر’ کی ناکامی کے بعد ’بجرنگی بھائی جان’ کے سیکوئل کے خبریں زور پکڑنا شروع ہوگئیں۔
سلمان خان کی حالیہ ریلیز ’سکندر‘ باکس آفس پر کوئی خاص تاثر قائم نہ کر سکی اور فلم کی کارکردگی سے نہ صرف ناقدین بلکہ اداکار کے مداح بھی شدید مایوس دکھائی دیے۔
ابھی مایوسی کے بادل چھائے ہوئے ہی تھے کہ کچھ روز قبل خبریں سامنے آئیں کہ سلمان خان کی اگلی فلم ’گنگا رام‘ ہو سکتی ہے جس میں سنجے دت بھی مرکزی کردار میں ہوں گے۔ تاہم، مداحوں نے فلم کے عنوان پر شدید اعتراض کیا اور سوشل میڈیا پر مطالبہ کیا کہ اس فلم کو بند کر دینا چاہیے۔
لیکن اب ایک بار پھر امید کی کرن جاگی ہے۔پنک ولا کی رپورٹ کے مطابق، سلمان خان نے حال ہی میں ’بجرنگی بھائی جان‘ کے مصنف وی. وجییندر پرساد سے ملاقات کی ہے اور ’بجرنگی بھائی جان 2‘ کے ممکنہ اسکرپٹ پر گفتگو بھی ہوئی ہے۔
یہ خبر سامنے آتے ہی سلمان خان کے فینز میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔ ان کا ماننا ہے کہ بجرنگی بھائی جان 2 سلمان خان کا شاندار کم بیک ثابت ہو سکتی ہے۔
اطلاعات کے مطابق سلو بھائی اب ’بجرنگی بھائی جان 2’ کے لیے بات چیت کر رہے ہیں جو کہ 2015 میں ریلیز ہونے والی سپرہٹ فلم کا انتہائی منتظر سیکوئل ہے۔
بات کریں فلم کے پہلے حصے کی تو اس فلم نے نہ صرف زبردست کامیابی حاصل کی تھی بلکہ اسے نیشنل فلم ایوارڈ برائے ہول سم انٹرٹیمنٹ سے بھی نوازا گیا تھا ۔ فلم کی کہانی (سلمان خان) اور گونگی بچی منّی کے گرد گھومتی ہے، جو ناظرین کے دلوں کو چھو گئی تھی۔
اسی کامیابی کو دیکھتے ہوئے، مداح کافی عرصے سے سیکوئل کا انتظار کر رہے ہیں اور اب لگتا ہے وہ وقت قریب آ رہا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق یہ فلم اب فعال طور پر ڈیولپمنٹ کے مرحلے میں داخل ہو چکی ہے، اور قیاس آرائیاں جاری ہیں کہ شاید سلمان خان، ہدایتکار کبیر خان اور وی۔ وجییندر پرساد ایک بار پھر اکٹھے ہوں گے تاکہ مداحوں کے پسندیدہ کرداروں کو دوبارہ اسکرین پر لایا جا سکے۔
فلم ’سکندر‘ کی باکس آفس پرکارکردگی:
بات کریں فلم سکندر کی کارکردگی کی تو سلمان خان کی تازہ ترین ریلیز ’سکندر‘ عیدالفطر کے موقع پر ریلیز ہونے کے بعد معتدل کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہے۔
یہ فلم 30 مارچ کو سنیما گھروں میں ریلیز ہوئی، اور پہلے دن تقریباً 26 کروڑ روپے کا اچھا آغاز کیا، جیسا کہ بھارتی میڈیا نے رپورٹ کیا۔جبکہ دوسرے دن، یعنی عید کا پہلا دن ہونے کی وجہ سے، فلم کی کمائی میں اضافہ ہوا اور وہ 29 کروڑ روپے تک پہنچ گئی۔
تاہم، منگل کو فلم کی کمائی میں تقریباً 32 فیصد کمی آئی، اور فلم نے صرف 19.5 کروڑ روپے کمائے۔



