امیشا پٹیل نے فواد خان کی بالی وڈ واپسی کی حمایت کر دی
فواد خان کو پسند کرتی ہوں، امیشا پٹیل

بالی وڈ اداکارہ امیشا پٹیل نے پاکستانی اداکار فواد خان کے بالی وڈ کمبیک اور فلم عبیر گلال کے حوالے سے ہونے والے تنازعہ پر اپنے ردعمل ظاہر کردیا۔
یاد رہے کہ حال ہی میں فواد خان اور وانی کپور کی فلم ‘عبیر گلال‘ کا ٹیزر میکرز کی جانب سے شیئر کیے جانے کے فوراً بعد راج ٹھاکرے کی قیادت والی بھارتی سیاسی جماعت مہاراشٹر نونرمان سینا (ایم این ایس) نے ہندوستان میں فلم کی ریلیز کی مخالفت کرتے ہوئے افراد کو بھی دھمکیاں دیں جو فواد خان کی حمایت کر رہے ہیں۔
تاہم اب اس معاملے پر بھارتی میڈیا کو دیے گئے اپنے تازہ ترین انٹرویو میں امیشا پٹیل نے پاکستانی اداکار فواد خان کی حمایت کردی۔
انٹرویو کے دوران غدر اداکارہ سے فواد خان کی بالی وڈ واپسی کے حوالے سے سوال کیا گیا جس کا جواب دیتے ہوئے امیشا کا کہنا تھا کہ ‘ہندوستان کا ثقافتی ورثہ قومیت کی بنیاد پر فن میں امتیاز نہیں برتتا‘۔
ان کا کہنا تھا کہ ‘میں فواد خان کو پسند کرتی ہوں اور بحیثیت ہندوستانی ہم ہر اداکار اور ہر موسیقار کا بھارت خیر مقدم کرتے ہیں کیونکہ یہی یہ بھارتی ثقافت ہے جو فن اور فنکار میں فرق نہیں کرتی‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ ‘پوری دنیا میں بین الاقوامی فنکاروں کا خیر مقدم کیا جاتا ہے چاہے وہمصور، موسیقار، اداکار، ہدایت کار یا کسی بھی شعبے سے ہوں اور ہندوستان میں بھی ایسا ہی ہونا چاہیے‘۔
معاملہ کیا ہے؟
فلم عبیر گلال کا ٹیزر جاری ہوتے ہی بھارتی سیاسی جماعت ایم این ایس کے ترجمان امیا کھوپکر نے فلم کی ریلیز کی تاریخ کے اعلان پر سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے خبردار کیا کہ پارٹی مہاراشٹر میں فلم کی نمائش کی اجازت نہیں دے گی۔
انہوں نے اپنی ایکس پوسٹ میں لکھا کہ ‘ہم نے کتنی ہی بار کہا ہے کہ پاکستانی فنکاروں کی فلموں کو ہندوستان میں ریلیز کرنے کی اجازت نہیں دی جائے مگر کچھ گلے سڑے سیب پھر بھی اُگ آتے ہیں ایسے معاملات میں انہیں کوڑے دان میں پھینکنا ایم این ایس کے سپاہیوں کا کام ہے اور ہم ایسا کریں گے اور کرتے رہیں گے‘۔
امیا نے مزید کہا کہ ‘فلم عبیر گلال کو ہندوستان میں ریلیز کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور جو لوگ پاکستانی فنکاروں کی حمایت کرنا چاہتے ہیں وہ کر سکتے ہیں لیکن یاد رہے آپ ہمارے خلاف کھڑے ہیں‘۔
عبیر گلال کے بارے میں
1 اپریل کو جاری ہونے والے عبیر گلال کے ٹیزر میں فواد اور وانی کے درمیان ایک رومانوی لمحہ دکھایا گیا ہے جہاں فواد بارش کی شام میں لندن کے ٹریفک میں پھنسی ہوئی کار کے اندر وانی کو گانا سنا رہے ہیں۔
آرتی ایس باگدی کی ہدایت کاری میں بننے والی یہ فلم دو افراد کے سفر کی کہانی بیان کرتی ہے جو غیر ارادی طور پر ایک دوسرے ٹھیک کرنے میں مدد کرتے ہیں اور محبت غیر متوقع نتیجے کے طور پر پروان چڑھتی ہے۔
برطانیہ میں شوٹ کی گئی یہ فلم 9 مئی 2025 کو ریلیز ہونے والی ہے۔
واضح رہے کہ پاکستانی اداکار فواد خان نے سونم کپور کے ساتھ 2014 میں فلم خوبصورت سے بالی وڈ میں قدم رکھا تھا اور پھر فواد کپور اینڈ سنز (2016) اور اے دل ہے مشکل (2016) جیسی فلموں میں نظر آئے۔
تاہم سال 2019 کے پلوامہ حملے کے بعد ہندوستان میں کام کرنے والے پاکستانی فنکاروں پر پابندی عائد کر دی گئی جوکہ 2023 میں ختم کر دی گئی تھی۔
-
انفوٹینمنٹ 7 گھنٹے پہلے
امن کے سفیر، عتیقہ اوڈھو کو رابعہ اور مشی خان کا کرارا جواب
-
انفوٹینمنٹ 8 گھنٹے پہلے
جنگوں سے ہمارا کوئی تعلق نہیں ہم محبت کے سفیر ہیں، عتیقہ اوڈھو
-
انفوٹینمنٹ 8 گھنٹے پہلے
ہما قریشی نے عمر رسیدہ کردار ادا کرنے کی وجہ بتا دی
-
اسکینڈلز 8 گھنٹے پہلے
جب حنا نے برکھا کو آئینہ دکھایا