’سکندر’ نے 100 کروڑ کا ہندسہ عبور کر لیا
فلم کا بجٹ تقریباً 200 کروڑ روپے ہے
سلمان خان کی فلم سکندر نے باکس آفس پر آٹھویں دن 100 کروڑ روپے کا سنگ میل عبور کر لیا۔
بالی ووڈ کے دبنگ خان، سلمان خان کی نئی ایکشن تھرلر فلم سکندر نے ریلیز کے صرف آٹھویں دن باکس آفس پر 100 کروڑ روپے سے زائد کا کاروبار کرکے شاندار کامیابی حاصل کی ہے۔
فلم نے 6 اپریل کو تقریباً 4.5 کروڑ روپے کا بزنس کیا اور اب تک کی مجموعی کمائی 102.25 کروڑ روپے تک پہنچ چکی ہے۔ سکندر 30 مارچ 2025 کو ریلیز کی گئی تھی، اور اس کے بعد سے ہی سنیما گھروں میں سلمان خان کے مداحوں کی بڑی تعداد دیکھنے کو ملی ہے۔
فلم کا بجٹ تقریباً 200 کروڑ روپے ہے اور یہ تیزی سے اپنی لاگت نکالنے کی جانب بڑھ رہی ہے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر سلمان خان کے دبنگ ڈائیلاگ، شاندار انٹری سینز اور ایکشن مناظر کو بھرپور سراہا گیا ہے، اور مداحوں نے اسے ایک پیسہ وصول بلاک بسٹر قرار دیا ہے۔
فلم سکندر میں پہلی بار سلمان خان کے ساتھ اداکارہ رشمیکا منڈانا نے مرکزی کردار ادا کیا ہے۔
سکندر کا دیگر فلموں سے مقابلہ
کسی بھی فلم کا لٹمس ٹیسٹ یہ ہوتا ہے کہ اس نے دیگر فلموں کے مقابلے میں کیا کارکردگی دکھائی، ایک ہفتے (7دن) کے بعد سکندر نے دنیا بھر میں 187 کروڑ روپے کمائے ہیں جبکہ اسی دورانیے میں وکی کوشل کی چھاوا نے 307 کروڑ کی کمائی کی تھی۔۔
اسی طرح گزشتہ سال کی سب سے بڑی بالی وڈ ہٹ 'استری2'- نے 7 دنوں میں دنیا بھر میں 388 کروڑ کما کر اور بھی بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔
تاہم رنبیر کپور کی اینیمل نے ان تمام فلموں کو ایک ہفتے میں 563 کروڑ کی کمائی کے ساتھ پیچھے چھوڑ دیا لیکن یہ شاہ رخ خان ہیں، جو یہاں پر راج کرتے ہیں، 'پٹھان' اور 'جوان' دونوں نے باکس آفس پر اپنے پہلے ہفتے میں 600 کروڑ روپے سے زیادہ کی کمائی کی جو واضح طور پر سکندر کی پہنچ سے بہت دور ہے۔
سکندر ہٹ یا فلاپ؟
باکس آفس ذرائع نے یہ کہتے ہوئے سکندر کی قسمت کا خلاصہ کیا کہ 'ان دنوں کسی بھی سپر اسٹار کی فلم فلاپ نہیں ہوتی، وہ معاوضے نہیں لیتے اور سیٹیلائٹ اور ڈسٹری بیوشن رائٹس پر انحصار کرتے ہیں۔ اس سے بجٹ کم ہوتا ہے اور فلمیں لاگتیں وصول کرنے کے قابل ہوتی ہیں، اگر نہیں، تو پھر ڈیجیٹل رائٹس اس بات کو یقینی بناتے ہیں کہ فلم منافع بخش ہے'۔
ان کا کہنا تھا کہ 'سکندر نے بھی ایسا ہی کیا ہے، ڈسٹری بیوٹرز بھی متاثر نہیں ہوتے، اس لیے یہ سلسلہ جلد ہی ٹوٹ بھی جائے گا، لیکن اس بات کو یقینی بنانے کے لیے بہت زیادہ لاگت میں کٹوتی کی گئی ہے، یہ سلمان خان کے لیے اب بھی مایوس کن واپسی ہے'۔
تمام بڑے فلموں کی طرح سکندر کا بزنس بھی اب ختم ہو رہا ہے، اب یہ باکس آفس پر کم ہو کر سنگل فگر کی کمائی پر آ گئی ہے، جو اب ہفتے کے دنوں میں صرف 8 سے 9 فیصد شائقین دیکھ رہے ہیں لیکن مضبوط مقابلے کی عدم موجودگی میں یہ تھیٹرز میں اب بھی نمائش کنندگان کی پہلی پسند ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جہاں سلمان خان تنقید کا مقابلہ کر رہے ہیں، یہ ان کا اسٹارڈم ہے جو فلم کو آگے بڑھا رہا ہے، فلم سے جڑے دیگر نام آسانی سے پیچھے ہٹ گئے ہیں کیونکہ فلم اچھی نہیں چل رہی لیکن سلمان کا اسٹارڈم سکندر کو کس حد تک چلا سکتا ہے یہ دیکھنا باقی ہے۔




