پاکستان کے 5 امیر ترین اداکار اور اداکارائیں کون؟
پاکستانی اداکاروں کی مالی کامیابی: 5 امیر ترین اداکار
پاکستانی ٹیلی ویژن اور فلم کے اداکاروں نے حالیہ برسوں میں قابل ذکر ترقی کی ہے،انہوں نے نہ صرف بین الاقوامی شہرت حاصل کی ہے بلکہ مالی کامیابی پر بھی بھرپور توجہ دی ہے۔
آج کل کے پاکستانی اداکار اپنے سینئر اداکاروں کے مقابلے میں مالی طور پر زیادہ مستحکم ہیں اور اس کی بڑی وجہ یہ ہے کہ انہوں نے ہمیشہ اپنے معاوضے پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا اور اپنی دولت کو سمجھداری سے کاروبار میں لگایا ہے۔
دیگر ممالک کی شوبز انڈسٹری میں ڈراما آرٹسٹ اور فلم اداکاروں کی فہرست الگ ہوتی ہے لیکن پاکستان میں جو اسٹار ڈراما انڈسٹری پر راج کرتے ہیں وہی چہرے فلم انڈسٹری کی رونق بھی بنے ہوئے ہیں۔
پاکستانی انٹرٹینمنٹ انڈسٹری میں تقریباً تمام موجودہ اداکاروں کی مجموعی دولت ملینز میں ہے، لیکن چند ایسے ہیں جن کی دولت بے مثال ہے۔
ان میں سے اکثر کاروباری شخصیات یا پروڈکشن ہاؤسز کے مالک ہیں یا دیگر کاروبار میں متحرک ہیں۔
یہاں پاکستان کے 5 امیر ترین اداکاروں کی فہرست اور ان کی مجموعی دولت کی تفصیلات ہیں جو انکے متعدد فینز سے چھپی ہوئی ہے۔
1۔ ہمایوں سعید:
ڈراما 'مہندی' ، 'میرے پاس تم ہو' ، 'دل لگی' ، 'دوراہا' اور 'بن روئے' جیسے ڈراموں میں اپنی بہترین اداکاری کے جوہر دکھانے والے ہمایوں سعید بلا شبہ پاکستانی فلم اور ٹیلی ویژن انڈسٹری کے سپر اسٹار ہیں۔
ڈراموں کے علاوہ انہوں نے فلم انڈسٹری کو کامیاب فلموں سے بھی مالا مال کیا جن میں 'جوانی پھر نہیں آنی' ، پنجاب نہیں جاؤنگی' ، 'لندن نہیں جاؤنگا' و دیگر شامل ہیں۔
انہوں نے اب تک سب سے زیادہ کامیاب پراجیکٹس دیے ہیں۔ اداکار نے اپنے کریئر کا آغاز پروڈیوسر کے طور پر کیا اور آج وہ ایک بڑے پروڈکشن ہاؤس کے مالک ہیں۔
وہ 'سکس سگما پلس' پروڈکشنز کے سی ای او ہیں جو کامیاب ٹی وی ڈراموں اور فلموں کی پروڈکشن کر رہا ہے۔
ہمایوں سعید کی مجموعی دولت تقریباً 50 ملین ڈالرز یعنی تقریباً 1ہزار 380 کروڑ پاکستانی روپے ہے۔
وہ اس وقت پاکستان کے میگا بجٹ ڈرامہ سیریل اور فلم پروڈیوس کر رہے ہیں جو عید الاضحی پر ریلیز ہونے والی ہیں۔
2۔ شان شاہد:
شان شاہد کو پاکستانی فلم انڈسٹری کا 'بادشاہ' سمجھا جاتا ہے کیونکہ انہوں نے ایک طویل عرصہ پاکستانی فلم انڈسٹری پر تنِ تنہا راج کیا لیکن پھر انڈسٹری کا زوال ان کو بھی لے ڈوبا۔
شان فلم پروڈیوسر اور ڈائریکٹر ریاض شاہد کے بیٹے ہیں۔ اداکار نے آج تک اپنے معاوضے پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا اور یہی وجہ ہے کہ وہ پاکستان کے امیر ترین اداکاروں کی فہرست میں دوسرے نمبر پر موجود ہیں۔
وہ 'بلندی'، 'نکاح'، 'سنگم'، 'خدا کے لیے' ، 'مجنوں'، 'ضلے شاہ'، 'گھر کب آؤگے' جیسی کامیاب فلموں میں اداکاری کر چکے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق شان شاہد ایک پراجیکٹ کے لیے ایک سو کروڑ روپے اور اس سے زیادہ معاوضے لیتے ہیں۔ ان کی مجموعی دولت تقریباً 20 ملین ڈالرز ہے۔
3۔ مایا علی:
پاکستانی فلم 'طیفا ان ٹربل' میں اپنی بہترین اداکاری کے جوہر دکھانے والی اداکارہ مایا علی کا شمارفنِ اداکاری اور دلکشی دونوں سے مالا مال اداکاراؤں کی فہرست میں ہوتا ہے۔
مایا علی نے شوبز کی دنیا میں قدم بطور اداکارہ نہیں بلکہ وی جے رکھا جس کے بعد وہ ماڈلنگ کرتی بھی دکھیں لیکن پھر 2012 میں ڈراما ’ایک نئی سنڈریلا‘ سے اداکاری شروع کی اور آہستہ آہستہ ترقی کی منازل طے کرتی چلی گئیں۔
مایا علی پاکستانی ٹیلی ویژن اور فلم کی سب سے اثر انداز اور امیر ترین شخصیات میں سے ایک ہیں اور وہ برانڈ اینڈورسیمنٹ کے لیے سب سے زیادہ مانگ والی ماڈلز میں شمار کی جاتی ہیں۔
جہاں وہ دیگر برانڈز کیلئے ماڈنلگ کرتی نظر آتی ہیں وہیں وہ 'مایا پریٹ' کے نام سے ایک لباس کے برانڈ کی مالکن بھی ہیں ۔
وہ منتخب ڈراموں میں کام کرتی ہیں اور اپنے کام کے لیے معقول معاوضہ وصول کرتی ہیں۔ رپورٹ کے مطابق ان کی مجموعی دولت 15 ملین ڈالرز ہے۔
4۔ ماہرہ خان:
پاکستان اور بھارت میں یکساں مقبولیت کی حامل اداکارہ ماہرہ خان اپنی اداکاری، حسن اور فیشن سینس کے علاوہ اپنی دلچسپ باتوں اور اپنے لب و لہجے کے سبب بھی مداحوں کے دلوں پر راج کرتی ہیں۔
ماہرہ خان کی اداکاری کا آغاز 2006 میں ہوا، مگر ان کے حصے میں بڑی کامیابی ڈرامہ سیریل 'ہمسفر' میں خرد کا کردار ادا کرنے کی صورت میں آئی۔
ماہرہ نے اپنی فلمی کیریئر کا آغاز شعیب منصور کی فلم 'بول' سے کیا جس نے ایک بار پھر ان کی شہرت کو چار چاند لگا دیے۔ اس کے بعد وہ مختلف فلموں میں نظر آئیں، جیسے ’ورنہ‘ اور ’ہو من جہاں‘ جن میں ان کی پرفارمنس نے پاکستانی سینما میں ایک نئی روح پھونکی۔
ماہرہ خان نے بالی وڈ میں بھی اپنے فن کا مظاہرہ کیا اور فلم 'رئیس' میں شاہ رخ خان کے ساتھ کام کیا۔ اس فلم نے بین الاقوامی سطح پر ان کے فینز کی تعداد میں اضافہ کیا۔
اگرچہ ماہرہ خان اب ڈراموں سے زیادہ فلموں میں نظر آتی ہیں لیکن انکی پہچان ہمیشہ انکے ڈرامے رہیں گے جن میں انکے کردار نام کے ساتھ مداحوں کو یاد ہیں۔
ماہرہ خان پاکستان کی سپر اسٹار ہیں اور آج کل وہ تمام ٹیلی ویژن اور فلم اداکاروں میں سب سے زیادہ معاوضہ وصول کرتی ہیں۔
وہ 'ایم بائی ماہرہ' کے نام سے ایک برانڈ کی مالکن بھی ہیں، جو ان کی آمدنی میں اضافے کا سبب بنا ہے۔
اس کے علاوہ وہ ایک پروڈکشن ہاؤس اور سوشل میڈیا پورٹل ’میشن’ کی بھی مالکن ہیں۔
حالیہ برسوں میں ماہرہ خان نے پاکستان کے کئی میگا بجٹ پراجیکٹس میں کام کیا ہے۔ وہ کئی بین الاقوامی برانڈز کی اینڈورسر بھی ہیں۔
ان کی مجموعی دولت 5 ملین ڈالرز سے 8 ملین ڈالرز کے درمیان ہے جو انہیں پاکستان کی سب سے زیادہ تنخواہ لینے والی اداکارہ بناتا ہے۔
5۔ فواد خان:
پاکستانی سپر اسٹارز کی فہرست میں سب سے نمایاں مقام رکھنے والے فواد خان کی بہترین اداکاری اور خوبصورتی کا پاکستان میں ہر کوئی گرویدہ ہے۔
'ہمسفر' ، 'داستان' ، 'کچھ پیار کا پاگل پن بھی تھا' ، 'زندگی گلزار ہے' اور 'لمحہ' جیسے سپرہٹ ڈراموں سے پاکستانی ڈراما انڈسٹری کو مالا مال کرنے والے فواد خان کی بھارت میں بھی شاندار فین فالوئنگ ہے اور یہی وجہ ہے کہ سال 2014 میں فواد خان کو بالی وڈ فلم میں اپنی پُرکشش شخصیت سے سب کا دل جیتنے کا موقع ملا جس میں ان کے ساتھ سونم کپور کو کاسٹ کیا گیا تھا۔
انہوں نے 'خوبصورت' کے علاوہ میگا کاسٹ فلم 'اے دل ہے مشکل' میں بھی کام کیا جس میں انکا اپیئرنس سب کے دلوں میں خاص جگہ بنا گئی۔
فواد خان زیادہ معاوضے والے پراجیکٹس میں بھی کام کر چکے ہیں جن میں سے ایک 'برزخ' اور 'دا لیجنڈز اف مولا جٹ' شامل ہیں۔
وہ اب ایک عرصے بعد نئی بالی وڈ فلم میں نظر آنے والے ہیں جس کی ریلیز فی الحال تنازع کا شکار ہے۔
فواد خان کی اہلیہ بھی ایک لباس کا برانڈ چلاتی ہیں۔ ان کی دولت کا بیشتر حصہ بالی وڈ یا دیگر بین الاقوامی پراجیکٹس سے آتا ہے۔ فواد خان کی دولت 5 ملین ڈالرز ہے۔








