پاکستان

گلوکار سلمان احمد کیخلاف پیکا ایکٹ کے تحت مقدمہ

عمران خان نے 2022 میں انہیں ثقافتی امور کے حوالے سے اپنا فوکل پرسن مقرر کیا تھا

Web Desk

گلوکار سلمان احمد کیخلاف پیکا ایکٹ کے تحت مقدمہ

عمران خان نے 2022 میں انہیں ثقافتی امور کے حوالے سے اپنا فوکل پرسن مقرر کیا تھا

اسکرین گریب
اسکرین گریب

معروف گلوکار اور سابق پی ٹی آئی رہنما سلمان احمد کے خلاف سوشل میڈیا پر ریاستی اداروں اور قومی سلامتی کے خلاف مبینہ پروپیگنڈا کرنے کے الزام میں ‘پیکا ایکٹ‘ کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

یہ مقدمہ کراچی کے تھانہ ڈیفنس اے میں پولیس کی مدعیت میں درج کیا گیا، ایف آئی آر کے مطابق سلمان احمد کے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر 2 لاکھ 65 ہزار سے زائد فالوورز ہیں، اور انہوں نے اپنے پلیٹ فارم کا استعمال کرتے ہوئے قومی اداروں کے خلاف گمراہ کن اور نفرت انگیز مواد شائع کیا۔

ایف آئی آر میں مزید کہا گیا ہے کہ ایک پولیس افسر نے ڈیوٹی کے دوران خود سلمان احمد کی جانب سے کی گئی مذکورہ پوسٹ دیکھی، جو کہ ریاستی اداروں کے خلاف اشتعال انگیزی پر مبنی تھی۔

سلمان احمد اس وقت ملک سے باہر مقیم ہیں، تاہم پاکستان میں قیام کے دوران وہ پاکستان تحریک انصاف کے سرگرم کارکن کے طور پر جانے جاتے تھے۔ وہ متعدد جلسوں، احتجاجی مظاہروں اور پارٹی سرگرمیوں میں بھرپور شرکت کرتے رہے ہیں۔

یاد رہے کہ سلمان احمد پی ٹی آئی کے فعال حامی اور سابق رکن رہے ہیں۔ دسمبر 2023 میں پارٹی چیئرمین عمران خان کی اہلیہ، بشریٰ بی بی سے متعلق متنازع بیانات اور پوسٹس پر انہیں سخت تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ انہی بیانات کے بعد پارٹی نے ان کی بنیادی رکنیت ختم کرنے کا اعلان کیا۔

اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کے دوران چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے بھی سلمان احمد کی ان پوسٹس کو ‘احمقانہ‘ قرار دیا تھا۔

سلمان احمد کو ماضی میں عمران خان کی رہائش گاہ بنی گالہ کے باہر اسلام آباد پولیس کی جانب سے مختصر طور پر حراست میں بھی لیا جا چکا ہے، جب وہ عمران خان سے ملاقات کی غرض سے وہاں پہنچے تھے۔

یاد رہے کہ 2022 میں انہیں عمران خان نے ثقافتی امور کے حوالے سے اپنا فوکل پرسن مقرر کیا تھا، اور وہ مختلف مواقع پر پارٹی کے ثقافتی بیانیے کو اجاگر کرنے میں پیش پیش رہے ہیں۔

تازہ ترین