چیٹ جی پی ٹی پر اپنی باربی ڈول بنانے کا طریقہ جان لیں
اے آئی باربی باکس چیلنج آج کل سوشل میڈیا پر مقبول ترین ٹرینڈ بنتا جارہا ہے
آج کل مقبول ترین سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹک ٹاک اور انسٹاگرام پر ایک نیا دلچسپ چیلنج دھوم مچا رہا ہے، جسے "اے آئی باربی باکس چیلنج" کے نام سے جانا جا رہا ہے۔ اس منفرد ٹرینڈ میں سوشل میڈیا صارفین خود کو ایک ایکشن فگر کی شکل میں ڈھال رہے ہیں۔
یہ چیلنج اس وقت سامنے آیا ہے جب اس سے پہلے "جیبلی اسٹائل" اے آئی آرٹ کا جنون سوشل میڈیا پر چھایا ہوا تھا، اب، اے آئی ماڈل نے ایک قدم آگے بڑھاتے ہوئے صارفین کی تصاویر کو ان کی ہدایات کے مطابق خوبصورت گڑیا میں بدلنے کا دلچسپ تصور متعارف کرایا ہے۔
یہ ماڈل مصنوعی ذہانت کے چیٹ بوٹ چیٹ جی پی ٹی کا استعمال کرتے ہوئے صارفین کی تصویر کو ایک باربی ڈول میں تبدیل کرتا ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ اس کے باکس پر صارف کا نام بھی لکھا ہوتا ہے اور گڑیا کے ساتھ ایسے لوازمات شامل کیے جاتے ہیں جو صارف کی شخصیت کی عکاسی کرتے ہوں۔
یوں محسوس ہوتا ہے جیسے آپ کی اپنی گڑیا کسی کھلونوں کی دکان سے خریدی گئی ہو اور وہ بھی ایک خوبصورت پلاسٹک کے باکس میں، بالکل اصلی ایکشن فگر کی طرح۔
کیا آپ بھی اپنی اے آئی باربی ڈول بنانا چاہتے ہیں؟
اگر ہاں، تو یہ آسان مراحل ہیں جن کی مدد سے آپ اپنا ذاتی ایکشن فگر تیار کر سکتے ہیں۔
سب سے پہلے چیٹ جی پی ٹی پر جائیں اور لاگ ان کریں یا نیا اکاؤنٹ بنائیں، آپ یہ کام موبائل ایپ یا ویب سائٹ دونوں پر کر سکتے ہیں۔
پھر "ایڈ" بٹن پر کلک کریں اور اپنی وہ تصویر اپلوڈ کریں جسے آپ ایکشن فگر میں بدلنا چاہتے ہیں، کوشش کریں کہ تصویر صاف ہو اور مکمل قد میں ہو تاکہ آپ کا پورا لباس نمایاں ہو۔
تصویر کے نیچے درج ذیل پرامپٹ کاپی پیسٹ کریں اور خالی جگہوں کو مکمل کریں۔
’اس تصویر میں موجود شخص کا ایک حقیقت پسندانہ ایکشن فگر (باربی ڈول) تیار کریں، باکس کے اوپر کھلونے کا نام لکھا ہو۔ یہاں اپنا نام درج کریں۔ کھلونے کے ساتھ شامل لوازمات یہ ہوں (اپنی پسند کے آئٹمز درج کریں)۔
پھر یہ پیغام ارسال کریں، چیٹ جی پی ٹی آپ کی تصویر کو باربی ڈول میں ڈھال دے گا، تھوڑا صبر رکھیں، کیوں کہ اس عمل میں کچھ وقت لگ سکتا ہے۔
اگر نتیجہ آپ کی توقع کے مطابق نہ ہو، تو مزید ہدایات فراہم کرتے رہیں، چیٹ جی پی ٹی آپ کی ڈول کو آپ کے مطابق ڈھالتا رہے گا۔
ایکشن فگرز کی مقبولیت
یاد رہے کہ ایکشن فگرز محض کھلونے ہی نہیں، بلکہ فلم اسٹوڈیوز خصوصاً مارول اور ڈی سی کے لیے ایک مؤثر مارکیٹنگ ٹول بھی بن چکے ہیں۔
یہ مجسمے، جو آپ کے پسندیدہ کرداروں یا سپر ہیروز کی چھوٹی لیکن دلکش نمائندگی کرتے ہیں، شائقین کے درمیان سب سے زیادہ مقبول کلکٹیبلز میں شامل ہیں۔



