’جاٹ’ کے پریمیئر میں دھرمندر کا ڈھول کی تھاپ پر رقص
انہوں نے ثابت کر دیا کہ عمر صرف ایک ہندسہ ہے۔
بالی وڈ فلم انڈسٹری کے لیجنڈ اداکار دھرمیندر نے اپنے بیٹے سنی دیول کی آنےوالی فلم ’جاٹ’ کے پریمیئر میں ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑا ڈال کر سب کے دل جیت لیے۔
9 اپریل کو ممبئی میں سنی دیول کی فلم ’جاٹ’ کی اسکریننگ کے موقع پر لیجنڈ اداکار دھرمیندر نے شرکت کی حالانکہ انکا حال ہی میں آنکھ کی سرجری بھی ہوئی تھی لیکن اسکے باوجود انکے حوصلہ بلند تھے۔
اسی لیے زائدالعمر ہونے کے باوجود ایک والد کی حیثیت سے بیٹے کی خوشی میں شامل ہوتے ہوئے دھرمندر نے نہ صرف ریڈ کارپٹ پر شرکت کی بلکہ ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑا ڈال کر محفل لوٹ لی اور ثابت کر دیا کہ عمر صرف ایک ہندسہ ہے۔
انسٹاگرام پر شیئر کردہ ویڈیو میں دھرمندر کو پرنٹڈ سیاہ شرٹ اور ڈریس پینٹ پہنے دیکھا گیا ساتھ ہی سر پر کیپ لگائے لیجنڈ اداکار نے اچانک ڈھول کی آواز پر رقص کرنا شروع کر دیا۔
کیونکہ جیسے ہی ڈھول بجنے لگا اور کیمرے چمکنے لگے، دھرمیندر خود کو روک نہ سکے اور خوشی خوشی رقص میں شامل ہو گئے۔ ان کی مسکراہٹ اور خوشگوار انداز نے ماحول کو مزید خوبصورت بنا دیا، جس کے بعد وہاں موجود فوٹوگرافرز نے ان کے لیے تالیاں بجائیں اور خوشی کا اظہار کیا۔
دھرمیندر کے اس اچانک ڈانس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو چکی ہے اور مداحوں سے بے پناہ محبت حاصل کر رہی ہے۔
فلم ’جاٹ’ کے بارے میں:
سنی دیول جلد اپنی نئی فلم ‘جاٹ’ میں نظر آئیں گے۔ اس فلم کی پروڈکشن حیدرآباد کی مشہور کمپنی میتھری مووی میکرز نے کی ہے، جو اللو ارجن کی سپرہٹ فرنچائز پشپا کے لیے جانی جاتی ہے۔ فلم ’جاٹ’ کو گوپی چند مالینی نے ڈائریکٹ کیا ہے جو آج بروز 10 اپریل کو ریلیز کی جائے گی۔
فلم سازوں کے مطابق جاٹ ایک ہائی اوکٹین ڈرامہ ہے جس میں دھواں دھار ایکشن مناظر شامل ہیں۔ یہ فلم ہندی، تمل اور تیلگو زبانوں میں ریلیز ہوگی۔ فلم کی کاسٹ میں رندیپ ہودا، ونیٹ کمار سنگھ، سائیامی خیر اور ریجینا کاسندرا بھی شامل ہیں۔
دھرمیندر کی آنکھ کا آپریشن:
یاد رہے کہ اسی مہینے کے آغاز میں لیجنڈ اداکار دھرمیندر نے آنکھ کے موتیے (Cataract) کا آپریشن کروایا۔ یکم اپریل کو ان کی کچھ ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں جن میں وہ آنکھ پر پٹی باندھے نظر آئے۔
ویڈیو میں وہ کہتے سنے گئے تھے کہ،’ابھی بھی بہت دم ہے، بہت جان رکھتا ہوں میری آنکھ میں گرافٹ ہوا ہے۔ تو آتا ہوں، ہاں؟’
ویڈیو کے منظر عام پر آنے کے بعد ایک قریبی ذرائع نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ دھرمیندر کی حال ہی میں آنکھوں کی سرجری ہوئی ہے۔
ذرائع کے مطابق وہ 89 سال کے ہیں، تو عمر کے ساتھ ایسی چیزیں ہونا فطری ہے۔ جب وہ آج باہر نکلے تو اتفاقاً پاپرازی موجود تھے، اور انہوں نے ان سے بات بھی کی۔’
ورک فرنٹ کی بات کریں تو دھرمیندر کو آخری بار 2024 کی فلم ’تیری باتوں میں ایسا الجھا جیا’ میں شاہد کپور اور کریتی سینن کے ساتھ دیکھا گیا تھا۔ اب وہ جلد شری رام راگھون کی ہدایتکاری میں بننے والی فلم ’اکیس’ میں نظر آئیں گے۔



