امیتابھ بچن کی جیا بچن کو گود میں اٹھا کر گانا گانے کی ماضی کی ویڈیووائرل
بگ بی نےمشہور گانے’میرے انگنےمیں‘ گا نےکے دوران جیا بچن کو گود میں اٹھایا تھا
ہندوستانی سینما کے شہنشاہ، امیتابھ بچن اور ان کی شریک حیات، مشہور اداکارہ جیا بچن شادی کے 51 برس مکمل کر چکے ہیں۔
یہ جوڑی نہ صرف ذاتی زندگی میں مثالی رہی ہے بلکہ فلمی دنیا میں بھی کئی بار ایک ساتھ جلوہ گر ہو کر مداحوں کے دل جیت چکی ہے۔
’ سلسلہ‘، ’کبھی خوشی کبھی غم‘ جیسی فلموں میں دونوں کی کیمسٹری آج بھی ناظرین کے ذہنوں میں تازہ ہے۔
حال ہی میں، ان دونوں کا ایک پرانا ویڈیو کلپ دوبارہ منظر عام پر آیا ہے، جس نے انٹرنیٹ پر دھوم مچا دی ہے، مداح اس محبت بھرے لمحے کو دیکھ کر خوشی سے نہال ہیں اور سوشل میڈیا پر اپنے جذبات کا اظہار کر رہے ہیں۔
یہ ویڈیو 1983 کے ایک امریکی کنسرٹ کا ہے، ویڈیو میں امیتابھ بچن لاوارث فلم کے مشہور گانے ’میرے انگنے میں‘پر لائیو پرفارم کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔
سیاہ سوٹ میں ملبوس امیتابھ بچن اسٹیج پر موجود ہیں اور مداحوں کی بھرپور داد سمیٹ رہے ہیں مگر جو لمحہ واقعی سب کا دل جیت گیا وہ تھا جیا بچن کا اسٹیج پر آنا اور پھر امیتابھ بچن کا انہیں گود میں اٹھا لینا۔
جب امیتابھ گاتے ہیں ’جس کی بیوی چھوٹی، اُس کا بھی بڑا نام ہے،گود میں بٹھا لو، بچے کا کیا کام ہے‘تو وہ جیا کو اٹھا کر ناچنے لگتے ہیں۔
مداحوں کے تبصرے:
اس منظر نے دیکھنے والوں کو مسحور کر دیا اور ان کی بے ساختہ محبت کی جھلک نے ہر دل کو چھو لیا۔
مداحوں نے اس خوبصورت لمحے پر خوب تبصرے کیے۔ ایک صارف نے لکھا کہ کیا دور یہ !،دوسرے نے کہا کہ کتنا پیارا شوہر اور بیوی کا لمحہ ہے۔
ایک اور نے تبصرہ کیا کہ سچ کہوں تو یہ واقعی بہت خوبصورت تھا۔
کسی نے کہا یہ منظر تو دل خوش کر گیا،کسی اور نے مسکراتے ہوئے لکھاہا ہا، کتنا اچھا لگ رہا ہے یہ سین۔
ایسا محسوس ہوتا ہے کہ یہ ویڈیو لوگوں کے دن کو خوشگوار بنانے میں کامیاب رہا۔
امیتابھ اور جیا بچن کا رومانوی تعلق:
اگر ان کی محبت کی کہانی کی جڑوں میں جھانکیں، تو امیتابھ اور جیا کی پہلی ملاقات فلم ’گُڈی‘ کے سیٹ پر ہوئی تھی،پھر 3 جون 1973 کو دونوں نے سادگی سے شادی کی، جس میں صرف قریبی دوست اور عزیز و اقارب شریک ہوئے۔
1998 میں جیا بچن نے مشہور انٹرویو شو رینڈی وُز ود سِمی گریوال میں شرکت کی، جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا امیتابھ بچن رومانوی ہیں؟ تو جیا نے ہنستے ہوئے کہا کہ میرے ساتھ تو نہیں، وہ بہت شرمیلے ہیں۔ مجھے نہیں لگتا کہ شاید اگر ان کی کوئی گرل فرینڈ ہوتی، تو وہ رومانوی ہو جاتے،اس پر امیتابھ بچن نے مسکراتے ہوئے اتفاق کیا اور کہا کہ ہاں، یہ سب وقت کا ضیاع ہے۔
امیتابھ بچن کے حالیہ پروجیکٹس:
آج بھی امیتابھ بچن فلمی دنیا میں سرگرم ہیں،وہ حال ہی میں اپنی پہلی تامل فلم ’ویٹائیان‘ میں نظر آئے، جس میں رجنی کانت، فہد فاضل، رانا دگوبتی، منجو واریئر اور دیگر نمایاں فنکار شامل تھے۔
مستقبل میں، وہ نگریشون کی فلم ’کالکی 2898 اے ڈی ‘کے سیکوئل میں بھی جلوہ گر ہوں گے، جس میں پرابھاس، دپیکا پڈوکون اور کمل ہاسن ان کے ساتھ ہوں گے۔
اس کے علاوہ، امیتابھ فلم ’سیکشن 84‘ میں بھی دکھائی دیں گے، جس کی ہدایتکاری رِبھو داس گپتا کر رہے ہیں اور اس میں ڈیانا پینٹی اور نمرتا کور بھی اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔




