کراچی کی PAF مسرور بیس پر حملے کی سازش ناکام
دہشتگردوں نے ائیربیس کے قریب رہائش اختیار کر رکھی تھی جنہیں گرفتار کرلیا گیا۔

پاکستان کی مرکزی انٹیلی جنس ایجنسی نے دہشت گردی کی ایک بڑی سازش کو ناکام بنا دیا ہے جس کا مقصد کراچی میں پاک فضائیہ کے زیر انتظام مسرور ائیر بیس پر خطرناک حملہ کرنا تھا۔
حکام کے مطابق اس منصوبے کا ماسٹر مائنڈ افغانستان میں مقیم دہشت گرد گروپ فتنہ الخوارج کا ایک کمانڈر ہے جو خطرناک خودکش بمباروں کی قیادت کرتا ہے۔
اس سازش میں 5 افغان شہریوں سمیت 9 انتہائی تربیت یافتہ دہشت گرد شامل تھے، جن کی قیادت فتنہ الخوارج کے ایک ہائی پروفائل کمانڈر کے پاس ہے جو پہلے ہی دہشت گردی کے کئی مقدمات میں مطلوب ہے۔
رپورٹ کے مطابق یہ دہشت گرد حال ہی میں دراندازی کرکے افغانستان سے پاکستان میں داخل ہوئے تھے۔
اطلاعات ہیں کہ یہ لوگ ایک طے شدہ مقام پر ائیربیس میں دراندازی کرکے داخل ہونے، اس پر قبضہ کرنے، طیاروں اور انفراسٹرکچر کو تباہ کرنے اور ائیربیس کو زیادہ سے زیادہ دیر تک اپنے قبضے میں رکھ کر لڑائی کا ارادہ رکھتے تھے۔
یہ آپریشن مبینہ طور پر افغانستان میں مقیم فتنہ الخوارج کی اعلیٰ قیادت کی براہ راست نگرانی میں کیا گیا تھا اور اس میں تقریباً 13 ماہ کی منصوبہ بندی شامل تھی۔
دہشتگردوں نے ائیربیس کے قریب رہائش اختیار کر رکھی تھی اور علاقے کی وسیع پیمانے پر جانچ پڑتال (ریکی) کی تھی، تاہم انٹیلی جنس ایجنسی ان کی نقل و حرکت پر کڑی نظر رکھے ہوئے تھی۔
جب حملہ آور اپنی سازش کا آخری مرحلہ شروع کرنے والے تھے، ایجنسی نے پاکستان بھر میں ایک تیز، خفیہ اور مربوط آپریشن شروع کرتے ہوئے مختلف مقامات سے مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا۔
موجودہ آپریشن میں پکڑے گئے اسی فتنہ الخوارج کمانڈر کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ وہ افغانستان فرار ہونے سے پہلے کراچی سائٹ میں ہونے والے حملے کا بھی ماسٹر مائنڈ تھا۔
حکام کی رائے ہے کہ یہ ماسٹر مائنڈ بارودی سرنگوں (آئی ای ڈیز) کا ماہر ہے جس نے افغانستان میں تربیت حاصل کی اور نیٹو اور اتحادی افواج کے ساتھ لڑائی کے دوران افغان طالبان کے ساتھ مل کر لڑتا تھا۔
ابتدائی تحقیقات میں اس واقعے میں دشمن انٹیلی جنس ایجنسیوں کے ملوث ہونے کا اشارہ ملتا ہے جو مبینہ طور پر پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی کوشش میں دہشت گرد عناصر کی مالی معاونت اور آلات فراہم کر رہی ہیں۔
-
وائرل اسٹوریز 29 منٹ پہلے
کوہلی اور انوشکا کے دبئی میں رقص کی ویڈیو نے دھوم مچادی
-
انفوٹینمنٹ 43 منٹ پہلے
کومل میر نے وزن میں اضافے کی وجہ بتادی
-
انفوٹینمنٹ 1 گھنٹے پہلے
عمران خان کی 10 سال بعد فلمی میدان میں واپسی ہوگئی
-
انفوٹینمنٹ 2 گھنٹے پہلے
خلیل الرحمٰن پاکستان سے مایوس، بھارت کیلئے کام کرنے کو تیار