انفوٹینمنٹ

یاسر حسین نے رجب اور ڈکی کی تعریفوں کے پُل باندھ دیے

عزت صرف اور صرف محنت اور اللہ کے کرم سے حاصل ہوتی ہے

Web Desk

یاسر حسین نے رجب اور ڈکی کی تعریفوں کے پُل باندھ دیے

عزت صرف اور صرف محنت اور اللہ کے کرم سے حاصل ہوتی ہے

اسکرین گریب
اسکرین گریب

اداکار یاسر حسین نے یوٹیوبرز کے حوالے سے جاری بحث پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے ایک متوازن اور حقیقت پسندانہ مؤقف پیش کیا۔ 

معروف اداکار، ہدایت کار اور میزبان یاسر حسین ان دنوں اپنے تھیٹر ڈرامے کی تشہیر میں مصروف ہیں اور اسی سلسلے میں مختلف میڈیا پلیٹ فارمز پر انٹرویوز دے رہے ہیں۔

مارننگ شو میں گفتگو کے دوران جب یوٹیوبرز اور شوبز انڈسٹری کے درمیان جاری اختلافات کا تذکرہ ہوا تو یاسر حسین نے کسی بھی منفی بیانیے کا حصہ بننے کے بجائے ایک مثبت رویہ اپنایا۔

 انہوں نے کا کہ،’میرا مؤقف بہت واضح ہے، عزت صرف اور صرف محنت اور اللہ کے کرم سے حاصل ہوتی ہے، اور میں ہر اُس شخص کی قدر کرتا ہوں جو اپنی فیلڈ میں لگن اور دیانتداری سے کامیاب ہوا ہو۔‘

انہوں نے خاص طور پر معروف یوٹیوبرز ڈکی بھائی (سعد الرحمٰن) اور رجب بٹ کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ یہ دونوں نوجوان آج جس مقام پر ہیں، وہ ان کی مسلسل محنت، خلوص اور تخلیقی صلاحیتوں کا نتیجہ ہے، نہ کہ کسی اقربا پروری یا شارٹ کٹ کا۔

یاسر حسین کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب شوبز انڈسٹری اور یوٹیوب کمیونٹی کے درمیان اختلافات کی شدت میں اضافہ ہو رہا ہے۔

 حالیہ دنوں اداکارہ بشریٰ انصاری کی جانب سے یوٹیوبرز پر تنقید اور فہد مصطفیٰ کے بعض تبصروں پر ڈکی بھائی اور رجب بٹ نے کھل کر اپنا مؤقف پیش کیا تھا، جس پر سوشل میڈیا پر شدید ردعمل بھی سامنے آیا۔

یاسر حسین کے متوازن اور مثبت بیان کو سوشل میڈیا صارفین نے خوب سراہا، اور کئی صارفین نے رائے دی کہ شوبز سے وابستہ دیگر فنکاروں کو بھی ایسی وسعتِ نظر اور احترام کا مظاہرہ کرنا چاہیے تاکہ مختلف فنکارانہ کمیونٹیز کے درمیان باہمی عزت اور ہم آہنگی کو فروغ دیا جا سکے۔

تازہ ترین