کرینہ کپور نے اپنے ہی شوہر کو ’جرم’ میں قصور وار ٹھہرادیا
ایک ایسا جرم جسکا علم خود اداکار کو بھی نہیں
بالی وڈ اداکارہ کرینہ کپور نے ایک ایسے جرم میں اپنے ہی شوہر سیف علی خان کو قصوروار قرار دے دیا جسکا علم خود انہیں بھی نہیں۔
حال ہی میں اداکارہ نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر اپنے آنے والے پروجیکٹ سے متعلق دلچسپ تصاویر شیئر کی ہیں جن میں وہ پولیس کے روپ میں نظر آ رہی ہیں اور اپنے ہی شوہر کو گرفتار کرنے کا اعلان کررہی ہیں۔
مذکورہ پوسٹ کی پہلی تصویر میں کرینہ کپور پولیس وردی میں ملبوس صوفے پر بیٹھی اپنے گلاسسز پکڑے پوز دے دہی ہیں، جبکہ دوسری اور تیسری تصویر میں سیف علی خان سفید کرتا اور ڈینم جینز میں ملبوس گھڑ سواری کرتے نظر آرہے ہیں۔
پوسٹ کے کیپشن میں کرینہ کپور نے اپنے شوہر کی فوری گرفتاری کا اعلان کرتے ہوئے مزاحیہ انداز میں لکھا کہ،‘انہوں نے اپنے شوہر سیف علی خان کو اُن کی خوبصورتی کے جرم میں گرفتار کر لیا ہے!’۔
انہوں نے اپنی نئی فلم کے کردار کی جھلک دیتے ہوئے لکھا کہ،’آج میں نے ایک پولیس آفیسر کا کردار نبھایا اور اپنے شوہر کو ان کی خوبصورتی کے جرم میں قصوروار ٹھہرایا۔ ایک ہی دن، مختلف سیٹس، مختلف شہر جیسا کہ آپ دیکھ سکتے ہیں، ہم دونوں بہت محنت کر رہے ہیں’۔
یاد رہے، کرینہ کپور خان حال ہی میں دو سپرہٹ فلموں ’کریو’ اور ’سنگھم اگین’ میں جلوہ گر ہو چکی ہیں۔ ایک میں وہ ائیر ہوسٹس کے کردار میں نظر آئیں جبکہ روہت شیٹی کی ایکشن فلم میں وہ اونی کامت سنگھم کے کردار میں نظر آئیں۔
ایسا لگتا ہے کہ کرینہ اب اپنی اگلی فلم پر کام شروع کر چکی ہیں، جس میں وہ ایک خاتون پولیس آفیسر کا کردار ادا کر رہی ہیں۔ انہوں نے شوٹنگ کے دوران کی کچھ دلکش تصاویر شیئر کیں، جن میں وہ وردی میں نہایت باوقار اور خوبصورت نظر آ رہی ہیں۔
تصاویر دیکھنے کے بعد مداح بھی ان کی حسِ مزاح اور اسٹائل کے دیوانے ہو گئے۔ کرینہ کی پوسٹ کو دیکھ کر اندازہ ہوتا ہے کہ ان کی آنے والی فلم نہ صرف ایکشن سے بھرپور ہوگی بلکہ اس میں ہلکا پھلکا مزاح بھی شامل ہوگا۔
علاوہ ازیں ورک فرنٹ کی بات کریں تو پِنک ولا کی ایک خصوصی رپورٹ کے مطابق، اداکارہ کرینہ کپور سندیپ ریڈی وانگا کی تیسری ہندی فلم ’اسپِرٹ (Spirit)‘ کا حصہ بننے جارہی ہیں۔ جسے ساؤتھ کے سُپر اسٹار پربھاس لیڈ کریں گے۔
جبکہ کرینہ کپور اور سیف علی خان کے علاوہ مرنال ٹھاکربھی اس ایکشن سے بھرپور فلم میں اہم کرداروں کے لیے زیرِ غور ہیں۔فلمی حلقوں میں اس پروجیکٹ کو لے کر خاصا جوش پایا جا رہا ہے، اور مداح کرینہ و سیف کو ایک ساتھ ایک بڑے ایکشن پروجیکٹ میں دیکھنے کے لیے پُر جوش ہیں۔
زرائع کے مطابق یہ فلم بھارتی سنیما کی سب سے بڑی اور پرجوش فلموں میں سے ایک ہے، اور فلم ساز پوری کوشش کر رہے ہیں کہ دنیا بھر کے باصلاحیت ترین اداکاروں کو اس پروجیکٹ کا حصہ بنایا جائے۔
یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ یہ پہلا موقع ہوگا کہ حقیقی زندگی کے جوڑے کرینہ کپور اور سیف علی خان ایک ساتھ فیچر فلم میں منفی کردار ادا کریں گے۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ،’فلم میں سیف اور کرینہ کے کردار پربھاس کے ساتھ ایکشن سینز میں بھی شامل ہوں گے۔ ان تینوں کے بیچ بڑے پیمانے پر ایکشن کی جھلک دیکھنے کو ملے گی۔
فی الحال، فلم میں شامل اداکاروں کے معاوضے اور دیگر معاملات پر بات چیت جاری ہے، اور رسمی کاغذی کارروائی ابھی مکمل نہیں ہوئی۔
کرینہ کپور خان کے بارے میں:
بالی وڈ سے سب سے قدیم فلمی گھرانے میں آنکھ کھولنے والی کرینہ نے فلم ریفیوجی سے اپنے کریئر کا آغاز کیا لیکن کرن جوہر کے بلاک بسٹر ڈرامہ 'کبھی خوشی کبھی غم' میں اپنے کردار 'پو' کی ایسی چھاپ چھوڑی جسے آج بھی یاد کیا جاتا ہے۔
جہاں اداکارہ نے ہلکے پھلکے کرداروں میں رنگ بھرے وہیں 'چنبیلی'، 'قربان'، 'تلاش'، 'لال سنگھ چڈھا'، 'اڑتا پنجاب' اور 'ہیروئن' جیسی فلموں میں سنجیدہ اداکاری کر کے بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔
ازدواجی زندگی کی بات کریں تو کرینہ کپور خان نے اکتوبر 2012 میں سیف علی خان کے ساتھ شادی کی تھی اور اس جوڑے کے ہاں پہلے بیٹے تیمور کی پیدائش 2016 میں ہوئی۔بعدازاں انہوں نے 2021 میں اپنے دوسرے بیٹے جہانگیر عرف جے علی خان کو خوش آمدید کہا۔



